لبنانی وزیراعظم کی لبنان اور اس کے عوام پر حملوں کے فوری خاتمے کیلئے پاکستان سے تعاون کی درخواست

لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے لبنان اور اس کے عوام پر حملوں کو فوری ختم کرنے کیلئے پاکستان سے تعاون کی درخواست کی ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور لبنان کے وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کےخلاف اسرائیل کی جاری جارحیت کی شدید مذمت کی اور لبنان میں ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہے اور اسی جذبے کے تحت ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق لبنانی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کی امن کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور لبنان اور اس کے عوام پرحملوں کو فوری ختم کرنے کے لیے پاکستان سے تعاون طلب کیا، دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

لبنانی وزیر اعظم کی پاکستان سے ایران جنگ بندی میں لبنان کی شمولیت کی تصدیق کرنے کی درخواست

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق لبنانی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نواف سلام نے ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس بات کی تصدیق کی جائے کہ جنگ بندی میں لبنان بھی شامل ہے تاکہ گزشتہ روز کے اسرائیلی حملے جیسے مزید حملوں کو روکا جاسکے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز اسرائیلی حملوں میں لبنان میں 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

امریکا اور اسرائیل کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں لبنان شامل نہیں ہے جبکہ اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔

دوسری جانب ایران کے اسپیکر پارلیمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ ایران لبنان کو جنگ بندی کا لازمی حصہ سمجھتا ہے۔

دنیااسرائیلی وزیراعظم نے کابینہ کو لبنان کیساتھ براہ راست مذاکرات کی ہدایت کر دی

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنی کابینہ کو لبنان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی ہدایت کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کو لبنان کے ساتھ امن مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔

نیتن یاہو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لبنان کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ براہِ راست مذاکرات شروع کرنے کی بار بار درخواستوں کے پیشِ نظر میں نے کل کابینہ کو ہدایت دی کہ لبنان کے ساتھ جلد از جلد براہِ راست مذاکرات شروع کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مذاکرات حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیل اور لبنان کے درمیان پُرامن تعلقات کے قیام پر مرکوز ہوں گے۔

واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی کے باوجود سفارتی رابطوں کی کوششیں تیز ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے