تربت: جشنِ بہاران کیچ فیسٹیول 2026 کے تحت گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول چاہسر میں جاری بوائز سائیڈ کھیلوں کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ، امجد شہزاد تھے، جنہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ اس موقع پر اسپورٹس آفیسر غفار یوسف، حبیب دشتی، اے ڈی ای او تربت ممتاز لال، ڈاکٹر اصغر علی، ماسٹر محمد اقبال سمیت محکمہ تعلیم کے افسران اور اسکول اسٹاف بھی موجود تھے۔
فٹبال کے فائنل میں ہائی اسکول کوشقلات اور ہائی اسکول ابسر کی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، جس میں کوشقلات نے پنالٹی ککس پر کامیابی حاصل کی۔
100 میٹر دوڑ میں ہائی اسکول ابسر نے پہلی، چاہسر نے دوسری جبکہ جوسک نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
میوزیکل چیئر مقابلے میں چاہسر نے پہلی، کوشقلات نے دوسری جبکہ OPF نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ رسی کود (روپ اسکیپنگ) کے مقابلے میں بھی چاہسر پہلے، OPF دوسرے اور کوشقلات تیسرے نمبر پر رہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ای او کیچ امجد شہزاد نے کہا کہ جشنِ بہاران کیچ فیسٹیول ایک اہم اور تاریخی اقدام ہے، جس کے ذریعے طلبہ کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی جسمانی صحت پر بھی خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیسٹیول میں اسکولوں کو شامل کرکے ڈپٹی کمشنر کیچ، یاسر اقبال دشتی نے طلبہ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور سامنے لانے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔
اختتام پر ڈی ای او کیچ، ہیڈماسٹر عبدالواحد اور دیگر مہمانوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، جبکہ شرکاء نے فیسٹیول کے انعقاد کو سراہا۔