فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ڈیجیٹل نظام میں شامل نہ ہونے والوں پر بھاری جرمانے تجویز کر دیے۔
ایف بی آر سے کاروبار کا ڈیجیٹل انٹیگریشن نہ کرنے پر 10 لاکھ روپے تک جرمانہ تجویز کیا گیا ہے۔
فنانس بل کے مطابق مقررہ مدت میں انٹیگریشن نہ کرنے والے کاروبار سیل کیے جا سکیں گے، مسلسل خلاف ورزی پر 50 لاکھ روپے تک دوسرا جرمانہ عائد کرنے کی تجویز ہے۔
جعلی اور فرضی ٹیکس انوائسز کے خلاف سخت کارروائیوں کی تجویز بھی شامل ہے، جعلی انوائس جاری کرنے والوں پر انوائس کی مکمل مالیت کے برابر جرمانہ تجویز کیا گیا ہے۔
جعلی انوائس جاری کرنے والوں کی عوامی فہرست جاری کرنے کی تجویز ہے، فرضی انوائسز کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ٹیکس کریڈٹ خودکار طور پر منسوخ ہوگا، جعلی انوائسز کے خلاف خودکار کارروائی کا نظام متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ان پٹ ٹیکس اور آؤٹ پٹ ٹیکس میں فرق ثابت ہونے پر 20 فیصد جرمانہ تجویز کیا گیا ہے، غلط ان پٹ ٹیکس کریڈٹ پر سرچارج کے ساتھ اضافی جرمانہ بھی عائد ہوگا، جعلی انوائس جاری کرنے والے سپلائرز کے خریدار بھی کارروائی کی زد میں آئیں گے، 60 دن میں ٹیکس کریڈٹ واپس نہ کرنے پر 20 فیصد اضافی جرمانہ عائد ہوگا۔