لاہور: باغبان پورہ میں چھت گرنے کا واقعہ، اسکول انتظامیہ کے 5 افراد زیر حراست
لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں چھت گرنے کے واقعے کے بعد اسکول انتظامیہ کے 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسکول غیر قانونی طور پر کام کر رہا تھا جو رجسٹرڈ بھی نہیں تھا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 4 مزدوروں کو سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر مکان کے ساتھ واقع اسکول میں لگے سمر کیمپ میں بچے بھی موجود تھے۔ زیر تعمیر مکان کی دیوار گرنے کے بعد مکان کی چھت بھی گر گئی۔
اسکول کی عمارت کو ایکسٹینشین دینے کیلئے ساتھ والی عمارت پر تعمیرات جاری تھیں۔ تعمیراتی کام کے دوران پہلی منزل گرگئی۔
اسکول میں بچوں کا سمر کیمپ بھی غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا تھا۔ ریسکیو نے آپریشن مکمل کر کے سائٹ کو کلیئر قراردے دیا۔ اسکول میں سمر کیمپ کے تمام بچے محفوظ رہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا باغبانپورہ میں چھت گرنے کے واقعے کا نوٹس
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے باغبانپورہ میں چھت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں بچے کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
مریم نواز نے کمشنر لاہور، ڈی جی ریسکیو سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی، 10 سے زائد بچوں کو ملبے سے بحفاظت ریسکیو کرنے پر ریسکیو 1122کو شاباش دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے زخمی بچوں اور دیگر کو بہترین اور فوری طبی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا، غفلت یا غیر معیاری تعمیرات کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ گنجان آباد علاقوں میں قائم ایسے تمام اسکولوں کی عمارات کا فوری سیفٹی آڈٹ کیا جائے گا، ریسکیو آپریشن میں ایک سیکنڈ کی بھی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔