ٹریفک پولیس کی نئی وردی کی رونمائی، کیچ پولیس کی عوام دوست اصلاحات کا ایک اور اہم قدم

تربت۔ کیچ پولیس کی ٹریفک پولیس کی نئی اور موسمی حالات سے ہم آہنگ وردی کی رونمائی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ایس ایس پی کیچ کیپٹن (ر) زوہیب محسن نے کی، جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں آل مکران تاجر اتحاد کے صدر اسحاق روشن دشتی، انجمن تاجران کیچ کے جنرل سیکرٹری حاجی کریم بخش، چیئرمین غلام اعظم دشتی، نائب صدر جمال مری، عثمان اسلام، کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمجید دشتی ایڈووکیٹ، سماعیل الٰہی ایڈووکیٹ، شاکر ایڈووکیٹ، تربت پریس کلب کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی، ڈی ایس پی سٹی محسن بلوچ، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر خالد دشتی، ڈی ایس پی بلیدہ/ہوشاپ طلال گچکی، پولیس افسران، ٹریفک پولیس کے اہلکاروں سمیت غازی اہلکار شوکت (ریٹائرڈ) اور کوسٹل ہائی وے پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکار محمد حنیف بھی موجود تھے۔

ایس ایس پی کیچ کیپٹن (ر) زوہیب محسن نے اپنے خطاب میں پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے غازی ٹریفک اہلکار شوکت (ریٹائرڈ) اور محمد حنیف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تربت بلوچستان کے گرم ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں شدید گرمی میں ٹریفک اہلکاروں کو فرائض کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ اسی لیے ان کی کوشش تھی کہ موسم کے مطابق آرام دہ اور موزوں وردی متعارف کرائی جائے تاکہ اہلکار بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح پولیس اہلکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ پولیس کو موٹر سائیکلوں کی فراہمی، گاڑیوں سے متعلق مسائل کے حل، پولیس کی استعدادِ کار میں اضافے اور نئے پولیس اسٹیشنوں کے قیام جیسے اقدامات اسی وژن کا حصہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وردی کی تبدیلی میں ڈی ایس پی لال جان بلوچ کا کردار قابلِ ستائش رہا ہے۔

ایس ایس پی نے مزید کہا کہ ضلع کیچ میں پولیس کی بہتری کے لیے جو اہداف مقرر کیے گئے تھے، ان میں سے تقریباً 95 فیصد پر عملدرآمد کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم ہر معاشرے میں ہوتے ہیں، تاہم کیچ میں جرائم کی شرح کو کافی حد تک قابو میں لایا گیا ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں۔

انجمن تاجران کیچ کے جنرل سیکرٹری حاجی کریم بخش نے کہا کہ ٹریفک پولیس کو نئی وردی میں دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربت پولیس عوام دوست اور تاجر دوست فورس ہے اور ایس ایس پی زوہیب محسن امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مخلصانہ کاوشیں کررہے ہیں نئے پولیس اسٹیشنوں کے قیام کا وعدہ بھی عملی جامہ پہنایا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انجمن تاجران ٹریفک پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

تربت پریس کلب کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی نے کہا کہ وردی کسی بھی فورس کی شناخت ہوتی ہے اور ایس ایس پی کیچ نے ٹریفک پولیس کو ایک نئی شناخت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے، جبکہ ٹریفک پولیس محدود نفری کے باوجود شدید گرمی اور سخت موسمی حالات میں گھنٹوں سڑکوں پر کھڑے ہو کر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمجید دشتی ایڈووکیٹ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کیچ پولیس عوام دوست ادارہ ہے، جس نے تفتیش کے جدید طریقہ کار اپنائے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو اندرون اور بیرون ملک جدید تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو۔
تقریب سے ٹریفک انچارج سب انسپکٹر عبدالرزاق نے بھی خطاب کیا اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے اہداف پر روشنی ڈالی۔

تقریب کا آغاز بادل بلوچ کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ٹرینی ڈی ایس پی دانش بلوچ نے انجام دیے۔ تقریب کے اختتام پر ٹریفک پولیس کی نئی وردی کو عوامی اور شرکاء کی جانب سے خوب سراہا گیا اور اسے اہلکاروں کی سہولت اور بہتر کارکردگی کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے