کراچی: سندھ بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے اوقاتِ کار میں اہم تبدیلی کر دی گئی ہے، جس کے تحت یکم اگست سے اسکول ہفتے میں 6 روز کھولنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
صوبائی محکمۂ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب پیر سے ہفتہ تک باقاعدہ کلاسز منعقد ہوں گی، جبکہ تمام سرکاری و نجی اسکول اس فیصلے پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔
محکمۂ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ یکم اگست سے صوبے بھر کے تعلیمی ادارے نئے شیڈول کے مطابق کھل جائیں گے، جس کا مقصد تعلیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال 31 مارچ کو وزیرِ تعلیم سندھ سردار شاہ نے اسکولوں میں ہفتے میں دو دن کی تعطیل کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت ہفتہ اور اتوار چھٹی کے دن مقرر کیے گئے تھے۔ تاہم اب اس پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے ہفتے کے روز بھی کلاسز بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق اس اقدام سے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ بعض حلقوں کی جانب سے اس فیصلے پر مختلف آراء بھی سامنے آ رہی ہیں۔