بھارتی ریاست اتر کھنڈ میں لینڈ سلائیڈنگ سے 80 دیہات کا رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتراکھنڈ کے ضلع رودر پریاگ میں گزشتہ روز شدید بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پرلینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ لینڈسلائیڈنگ سے بھاری نقصان ہوا ہے، رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جس کے نتیجے میں 80 دیہات کا رابطہ منقطع ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ رابطہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ شہری بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔
اس کے علاوہ ضلع رودر پریاگ میں مسلسل بارش کے باعث الکنندا اور منداکنی دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، جس کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور دریا کے کناروں پر آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید براں محکمہ موسمیات کی جانب سے بھارت کی بیشتر ریاستوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔