پاکستانی صحافیوں کے لیے اے آئی اور جرنلزم اسکالرشپ پروگرام کا اعلان

واشنگٹن (شازیہ نیئر) مسلمز آف امریکہ کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے تعاون سے پاکستانی صحافیوں کے لیے جامع اے آئی اور جرنلزم اسکالرشپ پروگرام اسپانسر کرے گی۔

واشنگٹن میں پاکستانی امریکی صحافی تنظیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ساجد تارڑ نے بتایا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں ایک ہفتے کی ورکشاپ منعقد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پروگرام کا مقصد پاکستانی میڈیا پروفیشنلز کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا اور پاکستان و امریکا کے صحافتی حلقوں کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینا ہے۔

ڈاکٹر ساجد تارڑ نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ڈیجیٹل دور میں صحافت صرف خبریں رپورٹ کرنے تک محدود نہیں رہی، بلکہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے ڈیٹا کے تجزیے، حقائق کی تصدیق اور عالمی سطح پر مسابقت بھی جدید صحافت کا اہم حصہ بن چکی ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے اپنے مشاہدات بھی بیان کیے اور عالمی رہنماؤں کی شرکت، فلسطینی نمائندگی اور وزیراعظم پاکستان کے خطاب پر گفتگو کی۔ انہوں نے پاکستانی امریکی کمیونٹی پر زور دیا کہ بیرون ملک پاکستان سے متعلق قومی معاملات پر متحد آواز سامنے آنی چاہیے اور جماعتی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر پاکستان کا مؤقف پیش کیا جانا چاہیے۔

اس موقع پر PFUJ کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ عالمی میڈیا میں مصنوعی ذہانت کے باعث تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے پیش نظر پاکستانی صحافیوں کو جدید تقاضوں کے لیے تیار کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے جدید صحافت کے لیے ایک مستقل اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پلیٹ فارم قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جہاں صحافیوں کو جدید تربیت، آن لائن تعلیم اور پیشہ ورانہ سرٹیفکیشن کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی اداروں کے ساتھ مسلسل تعاون کے ذریعے پاکستانی صحافیوں کو عالمی میڈیا کے نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکتا ہے۔

افضل بٹ نے اقوام متحدہ میں پاکستانی صحافیوں کے لیے بہتر سہولیات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ روزمرہ سرگرمیوں کا واضح ایجنڈا، منظم بریفنگز اور پاکستان کے سفارتی مؤقف سے متعلق تازہ معلومات صحافیوں کو بروقت فراہم کی جائیں تاکہ عالمی فورم سے پاکستان کی مؤثر کوریج ممکن ہوسکے۔

تقریب کے اختتام پر ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان سے آنے والے صحافیوں کو پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔

تقریب میں پاکستان سے آئے ہوئے صحافیوں متین حیدر نیئر علی، ذوالقرنین حیدر، شاکر عباسی سمیت دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے