امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2026ء کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد اپنے پہلے خطاب میں انتخابی نتائج پر بات کرنے کے بجائے وائٹ ہاؤس میں زیرِ تعمیر شاندار بال روم کی تفصیلات بیان کرنے پر زیادہ توجہ دی۔
وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی کامیابی کے اگلے روز ڈونلڈ ٹرمپ صحافیوں کو وائٹ ہاؤس کے بال روم کی عمارت کے آخری اسٹیل بیم کی تنصیب کی تقریب میں لے گئے۔
اس موقع پر انہوں نے 41 منٹ سے زائد وقت تک بال روم کے منصوبے، اس کے تعمیراتی ڈیزائن اور دیگر تزئین و آرائش کے منصوبوں پر گفتگو کی۔
امریکی صدر نے بال روم کے ڈیزائن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں خوبصورت چونے کے پتھر کے ستون نصب کیے جائیں گے، عمارت کی تزئین و آرائش میں اطالوی سنگِ مرمر بھی استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے بال روم کے نیچے 5 منزلہ زیرِ زمین بنکر کا ذکر کرتے ہوئے اسے واشنگٹن کا محفوظ ترین مقام قرار دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق فوج نے اس حساس اور نازک مقام پر زیرِ زمین تعمیر کے حوالے سے کئی تقاضے پیش کیے تھے، جنہیں ان کی ٹیم نے پورا کیا۔
انہوں نے وائٹ ہاؤس کے لان میں نئے ہیلی پیڈ اور واشنگٹن میں دیگر تعمیراتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا، جن میں گالف کورس کی تزئین و آرائش بھی شامل ہے۔
امریکی صدر نے تعمیراتی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے اور بجٹ کے اندر مکمل ہو رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے ایک معجزہ قرار دیا اور اس کا کریڈٹ کارکنوں کو دیا۔