مدرسے کا نہیں یونیورسٹی کا کلاشنکوف کلچر!

یہ انتہائی افسوس ناک امر ہے کہ جب بھی کہیں کوئی لڑائی ہو، کسی یونیورسٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آئے یا طلبہ کے درمیان تصادم ہو تو ہمارے بعض احباب اسے مدارس کے ساتھ جوڑنا لازمی سمجھتے ہیں۔ گویا کسی تعلیمی ادارے میں بدامنی کا واقعہ پیش آئے تو اس کا تعلق مدارس سے جوڑ کر ہی انہیں ذہنی سکون ملتا ہے۔

یہ 2009ء کی بات ہے۔ محترمہ شیریں رحمان صاحبہ وفاقی وزیر اطلاعات تھیں۔ وفاقی اردو یونیورسٹی، عبدالحق کیمپس کراچی کے آڈیٹوریم ہال میں ایک سیمینار منعقد ہوا تھا، جس میں وہ بطور مہمان خصوصی شریک تھیں۔ شعبۂ ماس کمیونیکیشن کے زیر اہتمام منعقدہ اس سیمینار میں ہم بھی بطور طالب علم موجود تھے۔

ابھی پروگرام جاری تھا کہ اچانک دو طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم ہوگیا اور شدید فائرنگ شروع ہوگئی۔ صورت حال اس قدر خوف ناک تھی کہ محترمہ شیریں رحمان صاحبہ بھی تھر تھر کانپ رہی تھیں۔

میں کھڑا ہوا اور محترمہ سے سوال کیا

"میڈم! میں اس یونیورسٹی کے شعبہ صحافت کا طالب علم ہونے کے ساتھ جامعہ فاروقیہ کا طالب علم بھی ہوں۔ گزشتہ سات سال سے وہاں زیر تعلیم ہوں۔ جامعہ فاروقیہ میں اس صورتِ حال کا شائبہ تک نہیں۔ وہاں بھی پورے ملک سے تقریباً تین ہزار طلبہ رہائشی ہیں، مگر فائرنگ تو کجا، ان کے درمیان لڑائی جھگڑے تک کا تصور نہیں۔ اساتذہ اور جامعہ کو نقصان پہنچانے کا تو کوئی خواب میں بھی نہیں سوچ سکتا۔ کیا ہماری یونیورسٹیوں میں بھی مدارس جیسا پُرامن ماحول ڈیولپ نہیں کیا جاسکتا؟”

محترمہ وزیر صاحبہ نے خود کو سنبھالتے ہوئے جواب دینے کی کوشش کی، مگر سچی بات یہ ہے کہ اس سوال کا کوئی تسلی بخش جواب نہ بن سکا۔

یہ واقعہ آج بھی میرے ذہن میں تازہ ہے۔ اس لیے جب آج قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں کھیل کے دوران طلبہ کے درمیان تصادم ہوا، اور کلاشن کوف اور پسٹل چلنے لگے ہمارے بعض احباب نے اسے مدارس کے ساتھ جوڑنا شروع کیا تو مجھے وہی 2009ء کا واقعہ یاد آگیا۔

بھائی لوگو! خدارا، معلومات درست رکھیے۔ مدارس کو ہر واقعے میں گھسیٹنا کون سا انصاف ہے؟ مدارس میں ایسا کچھ نہیں ہوتا۔ وہاں سکون ہی سکون ہے۔ قراقرم یونیورسٹی سے محض پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر جامعہ نصرۃ الاسلام موجود ہے، جہاں تقریباً دو ہزار طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ سال بھر وہاں طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد رہائش پذیر رہتی ہے۔ آج تک وہاں کسی بڑی لڑائی تو کجا، کسی چھوٹے موٹے تصادم کی خبر بھی سننے کو نہیں ملی۔

بات بڑی سادہ سی ہے۔ مدارس پر تنقید ضرور کیجیے، ان کے نصاب، طریقۂ تدریس اور اصلاح طلب امور پر کھل کر گفتگو کیجیے، مگر خدارا! تنقید حقائق کی بنیاد پر ہونی چاہیے، محض تعصب، سنی سنائی باتوں اور مفروضوں کی بنیاد پر نہیں۔

یہ بھی تو تعلیمی ادارے ہیں۔ ہزاروں نہیں، لاکھوں طلبہ کو تعلیم دے رہے ہیں۔ ان اداروں کا ایک بڑا حصہ ریاستی بجٹ سے ایک روپیہ لیے بغیر چل رہا ہے۔ ان کے اساتذہ، منتظمین اور معاونین محدود وسائل میں ایک بڑے تعلیمی و تربیتی نظام کو سنبھالے ہوئے ہیں۔ اس سب کے باوجود آپ نے ان اداروں کو دہشت گردی، اسلحے اور کلاشنکوف کلچر کے ساتھ جوڑنے کی ٹھان رکھی ہے۔

گزشتہ چھبیس برس سے مدارس سے وابستہ ہوں۔ ان کے اندر تعلیم حاصل کی ہے، ان کے ماحول میں وقت گزارا ہے اور ان کے نظام کو قریب سے دیکھا ہے اور تدریس کی ہے۔

واللہ! یہ کلاشنکوف کلچر تو میں نے وہاں دیکھا تک نہیں۔ وہاں امن ہی امن ہے، سکون ہی سکون ہے، احترام ہی احترام ہے، تعلیم ہی تعلیم ہے اور تربیت ہی تربیت ہے۔

یارو!

اختلاف کیجیے، اصلاح کیجیے، سوال اٹھائیے، مگر کسی ادارے کی شناخت کو چند مفروضوں اور بے بنیاد الزامات کی نذر مت کیجیے۔ انصاف کا تقاضا یہی ہے کہ ہر ادارے کو اس کے اپنے کردار، ماحول اور کارکردگی کی بنیاد پر پرکھا جائے۔

یونیورسٹی میں فائرنگ ہو تو یونیورسٹی کے نظام اور ماحول پر بات ہونی چاہیے، مدرسے میں کوئی خرابی ہو تو مدرسے کا احتساب ہونا چاہیے۔ ایک جگہ کی خرابی کا ملبہ دوسری جگہ ڈالنا نہ علمی دیانت ہے، نہ صحافتی ذمہ داری اور نہ ہی انصاف!

مدارس کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے سے پہلے کبھی ان کے اندر جھانک کر بھی دیکھیے۔ وہاں آپ کو کلاشنکوف سے زیادہ کتابیں، اسلحے سے زیادہ اسباق، نفرت سے زیادہ احترام اور شور شرابے سے زیادہ درس و تدریس کی آوازیں سنائی دیں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے