تربت ہائیکورٹ بینچ 8 ماہ سے غیر فعال، وکلا کا بائیکاٹ

تربت . بلوچستان کے عدالتی ڈھانچے کو عملاً غیر فعال بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، قلات، مستونگ اور آواران سمیت مختلف علاقوں میں عدالتی نظام متاثر ہے، وکلا رہنماؤں کا تربت پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب

تربت ہائی کورٹ سرکٹ بینچ آٹھ ماہ سے غیر فعال، وکلا کا تربت پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران بلوچستان بھر میں عدالتی بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان

بلوچستان بھر کی وکلا تنظیموں نے عدالتی نظام کی مبینہ غیر فعالیت، آئین و قانون کی بالادستی سے متعلق خدشات، ماورائے آئین و قانون اقدامات، قتل و غارتگری اور چوری و ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف غیر معینہ مدت تک عدالتی بائیکاٹ اور دیگر پرامن احتجاجی اقدامات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے بلوچستان بار کونسل، مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، کیچ بار ایسوسی ایشن، گوادر بار، پنجگور بار اور دیگر وکلا تنظیموں کے نمائندوں نے تربت پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کی جس سے بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین جاڈین دشتی ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔

اس موقع پر کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ رستم جان گچکی، مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سعید فیض ایڈووکیٹ، کیچ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر مجید شاہ ایڈووکیٹ، مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر محراب خان گچکی ایڈووکیٹ، سینئر وکیل مہر اللہ گچکی ایڈووکیٹ، عابد عمر ایڈووکیٹ، شکیل زامرانی ایڈووکیٹ اور عبدالمجید دشتی ایڈووکیٹ، ینگ لائرز ایسوسی ایشن کے فنانس سیکرٹری فدا احمد دشتی ایڈووکیٹ، کریم شمبے ایڈووکیٹ سمیت وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاڈین دشتی ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے ہائی کورٹ کے تربت ریگولر بینچ کو عملاً غیر فعال کردیا گیا ہے اور ان کے بقول اس عرصے کے دوران تربت بینچ میں ایک بھی مقدمہ درج نہیں ہوا حالانکہ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی عمارت موجود ہے۔ انہوں نے اسے مکران اور بلوچستان کے عدالتی نظام کو کمزور کرنے کی کوشش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ قلات، مستونگ اور آواران سمیت بلوچستان کے مختلف بلوچ اور پشتون علاقوں میں عدالتی امور مقامی سطح پر چلانے کے بجائے کوئٹہ اور دیگر شہروں سے چلائے جارہے ہیں جس سے عوام کو انصاف کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔ ان کے مطابق یہ طرزِ عمل آئین اور قانونی تقاضوں کے منافی ہے۔

وکلا رہنماؤں نے بلوچستان میں ماورائے آئین و قانون قتل، بدامنی، چوری اور ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بالخصوص مکران اور عمومی طور پر بلوچستان میں شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور سول انتظامیہ مؤثر کردار ادا کرنے سے قاصر ہے اور اہم فیصلے ایک ہی مرکز سے کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی وکلا تنظیمیں ان حالات کے خلاف آئینی اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور اور پرامن جدوجہد جاری رکھیں گی۔ وکلا نمائندوں کے مطابق وہ اس سے قبل بھی ان مسائل پر احتجاج ریکارڈ کراچکے ہیں، تاہم مطالبات پر پیش رفت نہ ہونے کے باعث عدالتی بائیکاٹ اور دیگر پرامن احتجاجی اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس میں وکلا تنظیموں نے مطالبہ کیا کہ تربت ہائی کورٹ بینچ کو فوری طور پر فعال بنایا جائے، بلوچستان بھر میں عدالتی ڈھانچے کو مؤثر انداز میں بحال کیا جائے اور آئین و قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل طاقت کے بجائے آئین، قانون اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے ذریعے تلاش کیا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے