اللہ کے بابرکت نام سے شروع کرتا ہوں، جو ناقابلِ یقین ہستیوں کا پیدا کرنے والا ہے۔ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اور اُن کی آل پر کروڑوں درود و سلام۔
میں صبح سے حیران ہوں کہ اللہ نے کچھ اشخاص کو کتنی عظمت دی ہے، کتنا رتبہ دیا ہے اور کتنی اہمیت دی ہے۔ سوچ ناپ نہیں سکتی، الفاظ اظہار نہیں کر سکتے۔ اِنہی اشخاص میں سب سے بہترین، سب سے خوبصورت، سب سے زیادہ بااخلاق، باکردار اور بارتبہ شخصیت کی مالک جنابِ سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا ہیں۔
یہ صرف میری عقیدت نہیں کہہ رہی۔ اُمّ المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: ”میں نے وقار، انداز اور سیرت میں، اُٹھنے اور بیٹھنے میں، فاطمہ سے بڑھ کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مشابہ کسی کو نہیں دیکھا۔ جب وہ آپ کے پاس آتیں تو آپ اُن کے لیے کھڑے ہو جاتے، اُنہیں بوسہ دیتے اور اپنی جگہ پر بٹھاتے اور جب آپ اُن کے ہاں تشریف لے جاتے تو وہ اپنی جگہ سے اُٹھ کھڑی ہوتیں، آپ کو بوسہ دیتیں اور اپنی جگہ پر بٹھاتیں“ (جامع ترمذی: 3872)۔ سوچیے، دو جہانوں کے سردار جس بیٹی کے لیے خود اُٹھ کھڑے ہوتے ہوں، اُس کے رتبے کو کون ناپ سکتا ہے!
اندازہ لگائیے اِس بات کا۔ جو نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پورے عالمین کے لیے رحمت بن کر بھیجے گئے ہیں، «وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِلْعَالَمِينَ» (الانبیاء: 107)، اُن کے لیے رحمت کا رتبہ اللہ نے کس کو بنایا ہے؟ فاطمہ سلام اللہ علیہا کو۔
سیرت نگاروں نے لکھا ہے کہ اُن کی کنیت ہی ”اُمِّ ابیہا“ تھی، یعنی اپنے بابا کی ماں (طبرانی، المعجم الکبیر 22/397؛ ابن حجر، الاصابہ)۔ اور یہ کنیت بے سبب نہیں تھی۔ مکہ میں ایک دن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کعبہ کے پاس سجدے میں تھے کہ قریش کے ایک بدبخت نے اونٹ کی اوجھڑی لا کر آپ کے کندھوں کے درمیان رکھ دی، اور سب ہنستے ہنستے ایک دوسرے پر گرنے لگے۔ کسی نے جا کر فاطمہ سلام اللہ علیہا کو خبر دی، جو اُس وقت چھوٹی سی بچی تھیں۔ وہ دوڑتی ہوئی آئیں، وہ گندگی بابا کی پشت سے اُتار پھینکی اور پلٹ کر اُن ظالموں کو کھری کھری سنائیں (صحیح بخاری: 520)۔ پھر اُحد کے دن، جب چہرۂ مبارک زخمی ہوا، تو یہی بیٹی زخم دھو رہی تھی اور علیؑ ڈھال میں پانی لا لا کر ڈال رہے تھے۔ جب خون نہ رُکا تو فاطمہ سلام اللہ علیہا نے چٹائی کا ایک ٹکڑا جلا کر زخم پر رکھ دیا، تب خون تھما (صحیح بخاری: 4075)۔ جو سارے جہانوں کے لیے رحمت تھے، اُن کے زخموں پر مرہم رکھنے والی یہ بیٹی تھی۔
اچھا، مشہور ہے کہ ماں کے قدموں تلے جنت ہے۔ صحیح روایت میں بھی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک صحابی سے اُن کی والدہ کے بارے میں فرمایا: «فَالْزَمْهَا، فَإِنَّ الْجَنَّةَ تَحْتَ رِجْلَيْهَا»، یعنی ”اُسی کی خدمت میں لگے رہو، کیونکہ جنت اُس کے قدموں تلے ہے“ (سنن نسائی: 3104)۔ اب ذرا سوچیے: جنت کے سرداروں کی جو والدہ ہوں گی، اُن کی کیا حیثیت ہو گی!
حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک رات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
إِنَّ هَذَا مَلَكٌ لَمْ يَنْزِلِ الْأَرْضَ قَطُّ قَبْلَ هَذِهِ اللَّيْلَةِ، اسْتَأْذَنَ رَبَّهُ أَنْ يُسَلِّمَ عَلَيَّ وَيُبَشِّرَنِي بِأَنَّ فَاطِمَةَ سَيِّدَةُ نِسَاءِ أَهْلِ الْجَنَّةِ، وَأَنَّ الْحَسَنَ وَالْحُسَيْنَ سَيِّدَا شَبَابِ أَهْلِ الْجَنَّةِ
(جامع ترمذی: 3781)
”یہ ایک فرشتہ ہے جو آج کی رات سے پہلے کبھی زمین پر نہیں اُترا تھا۔ اِس نے اپنے رب سے اجازت مانگی کہ مجھے سلام کرے اور یہ خوشخبری دے کہ فاطمہ جنت کی عورتوں کی سردار ہے، اور حسن و حسین جنت کے جوانوں کے سردار ہیں۔“
یعنی بیٹے جنت کے جوانوں کے سردار، اور ماں خود جنت کی عورتوں کی سردار۔ ایک اور حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سارے جہانوں کی عورتوں میں سے چار نام لیے: مریم بنتِ عمران، خدیجہ بنتِ خویلد، فاطمہ بنتِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرعون کی اہلیہ آسیہ (جامع ترمذی: 3878)۔ اِن چار میں ماں بھی ہے اور بیٹی بھی: خدیجہ اور فاطمہ، سلام اللہ علیہما۔
کبھی کبھی سوچتا ہوں، اللہ اِن اہلِ بیت کی قدر سکھائے ورنہ اگر اِنہوں نے کسی کے جنت جانے پر انگلی کھڑی کر دی تو اللہ کے حضور اُس کا جنت جانا ناممکن ہوگا، کیونکہ اللہ کی عطا سے مالکانِ جنت ہیں یہ ہستیاں۔ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خُم کے مقام پر خطبہ دیتے ہوئے ایک ہی جملہ تین بار دہرایا تھا: «أُذَكِّرُكُمُ اللَّهَ فِي أَهْلِ بَيْتِي»، یعنی ”میں تمہیں اپنے اہلِ بیت کے بارے میں اللہ کی یاد دلاتا ہوں“ (صحیح مسلم: 2408)۔
فاطمہ سلام اللہ علیہا کس کی زوجہ؟ جنابِ شیرِ خدا علی علیہ السلام کی۔ میرا دل اکثر ذکرِ علی و فاطمہ و حسن و حسین سے جیسے باغ باغ ہو جاتا ہے۔ مگر جب اِن کی زندگیوں پر لکھنے اور سمجھنے کی باری آتی ہے تو دل شدتِ غم سے پھٹ پڑتا ہے۔ اور پھر جب اِن کی آزمائشوں کے بعد اِن کے کیے گئے صبر پر نظر پڑتی ہے تو دل عش عش کر اُٹھتا ہے۔
اور آزمائش کیسی تھی؟ جس باپ کے قدموں میں زمانہ جھکا ہوا تھا، اُس کی بیٹی خود چکی پیستی تھی۔ ایک بار چکی سے ہاتھوں پر جو گزرتی تھی، اُس کی شکایت اور ایک خادم کی درخواست لے کر بابا کے گھر گئیں۔ آپ گھر پر نہ ملے تو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے کہہ آئیں۔ رات کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود اُن کے ہاں تشریف لائے، علیؑ اور فاطمہ سلام اللہ علیہا کے درمیان بیٹھے اور فرمایا: ”کیا میں تمہیں اُس سے بہتر چیز نہ بتاؤں جو تم نے مانگی ہے؟ جب بستر پر جاؤ تو 33 بار سبحان اللہ، 33 بار الحمدللہ اور 34 بار اللہ اکبر کہہ لیا کرو؛ یہ تمہارے لیے خادم سے بہتر ہے“ (صحیح بخاری: 5361)۔ خادم نہ ملا، مگر صبر کا صلہ یہ ملا کہ دنیا آج تک اِسے ”تسبیحِ فاطمہ“ کے نام سے پڑھتی ہے۔
میں ایک سنی خاندان میں پیدا ہوا ہوں۔ میں سچ کہتا ہوں کہ مجھے اپنے شیعانِ علی و فاطمہ و حسن و حسین پر رشک آتا ہے، جب میں اِن کو دیکھتا ہوں کہ کتنی عقیدت سے یہ لوگ اُن شب و روز کا احاطہ کیے ہوئے ہیں جو تاریخ میں اہلِ بیت علیہم السلام اجمعین سے منسلک ہیں۔ مجھے اللہ سے یقین ہے کہ اللہ اِن مومنین کے ساتھ، اہلِ بیت علیہم السلام اجمعین کی محبت کی وجہ سے، خصوصی رحم و کرم کا سلسلہ فرمائے گا کیونکہ بذاتِ خود اللہ پاک اِس خاندان اور اِن اہلِ بیت سے محبت کرتا ہے، اور کوئی اِن کے برابر نہیں ہے۔
یہ یقین بے بنیاد نہیں۔ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک رات میں کسی کام سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہاں گیا تو آپ چادر میں کچھ لپیٹے ہوئے باہر تشریف لائے۔ میں نے پوچھا تو آپ نے چادر ہٹائی: حسن و حسین علیہما السلام آپ سے لپٹے ہوئے تھے۔ فرمایا: «هَذَانِ ابْنَايَ وَابْنَا ابْنَتِي، اللَّهُمَّ إِنِّي أُحِبُّهُمَا فَأَحِبَّهُمَا وَأَحِبَّ مَنْ يُحِبُّهُمَا»، یعنی ”یہ دونوں میرے بیٹے ہیں اور میری بیٹی کے بیٹے۔ اے اللہ! میں اِن سے محبت کرتا ہوں، تُو بھی اِن سے محبت فرما، اور اُس سے بھی محبت فرما جو اِن سے محبت کرے“ (جامع ترمذی: 3769)۔ جس دعا میں محبت کرنے والوں کا حصہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے رکھ دیا ہو، اُس کے بعد رشک کیسے نہ آئے!
کسی کا جو بھی عقیدہ ہے، سوچ ہے، مسلک ہے یہ بات صاف ہے، واضح ہے، روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ فاطمہ، حسن و حسین اور علی کو خدائے بزرگ و برتر نے وہ حیثیت دی جو جنابِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اُمتِ کریمہ میں کسی کو نہیں دی۔
اِس کی گواہی قرآن دیتا ہے۔ اُمّ المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ ایک صبح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سیاہ بالوں کی بُنی ہوئی منقش چادر اوڑھے باہر تشریف لائے۔ حسنؑ آئے تو اُنہیں چادر میں لے لیا، پھر حسینؑ آئے تو اُنہیں بھی، پھر فاطمہ سلام اللہ علیہا آئیں تو اُنہیں بھی، پھر علیؑ آئے تو اُنہیں بھی اور پھر یہ آیت پڑھی:
إِنَّمَا يُرِيدُ اللَّهُ لِيُذْهِبَ عَنْكُمُ الرِّجْسَ أَهْلَ الْبَيْتِ وَيُطَهِّرَكُمْ تَطْهِيرًا
(سورۃ الاحزاب: 33؛ صحیح مسلم: 2424)
”اے اہلِ بیت! اللہ تو بس یہی چاہتا ہے کہ تم سے ہر طرح کی ناپاکی دور رکھے اور تمہیں خوب پاک صاف کر دے۔“
اور جب مباہلے کی آیت اُتری، «نَدْعُ أَبْنَاءَنَا وَأَبْنَاءَكُمْ وَنِسَاءَنَا وَنِسَاءَكُمْ وَأَنْفُسَنَا وَأَنْفُسَكُمْ» (آل عمران: 61)، تو ”اپنی عورتوں“ کی جگہ پوری اُمت میں سے صرف ایک خاتون کو بلایا گیا: فاطمہ سلام اللہ علیہا کو۔ حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے علی، فاطمہ، حسن اور حسین کو بلایا اور فرمایا: «اللَّهُمَّ هَؤُلَاءِ أَهْلِي»، یعنی ”اے اللہ! یہی میرے اہل ہیں“ (صحیح مسلم: 2404)۔
اب واپس آتے ہیں جنابِ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی جانب۔ جب میری والدہ صاحبہ فوت ہوئیں تو میں اُن کے لیے دعا کرتا تھا کہ اللہ! جنت میں اُن کے لیے جنابِ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کے پاس جگہ دینا۔ ویسے ہی، بے اختیار، دل سے یہ دعا نکلتی تھی۔ مگر جب آہستہ آہستہ ہوش سنبھالا اور جنابِ فاطمہ سلام اللہ علیہا کی حیثیت کا اندازہ ہونے لگا تو اب سوچتا ہوں کہ اللہ! میں نے تو اپنی والدہ کے لیے بہت بڑے مقام کی دعا کی ہے ضرور قبول کرنا۔ بی بی فاطمہ کی ہمسائیگی اگر جنت میں نصیب ہوئی تو میری بی بی، میری ماں، تو جنت کے مالکوں کے ساتھ ہوں گی۔ یہ سوچ کر دل خوش ہو جاتا ہے۔
اور اِس اُمید کی بنیاد خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے۔ ایک شخص نے پوچھا: یا رسول اللہ! اُس آدمی کے بارے میں کیا فرماتے ہیں جو کچھ لوگوں سے محبت کرتا ہے مگر اُن تک پہنچ نہیں سکا؟ فرمایا: «الْمَرْءُ مَعَ مَنْ أَحَبَّ»، یعنی ”آدمی اُسی کے ساتھ ہو گا جس سے وہ محبت کرتا ہے“ (صحیح بخاری: 6169)۔
یہ دنیا عارضی ہے۔ اِس میں محبت کے حقداروں سے محبت کرنا عینِ عبادت ہے، رضائے الٰہی ہے، کامیابی ہے۔
آج 3 جمادی الثانی ہے۔ شیعانِ علی و فاطمہ و حسن و حسین علیہم السلام کے ہاں بہت درد کا دن ہے۔ اہلِ سنت والجماعت کے مطابق فاطمہ سلام اللہ علیہا کا وصال 3 رمضان کو، جنابِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قریباً چھ مہینے بعد ہوا، اور چھ ماہ کا ذکر خود صحیح بخاری (4240) میں ہے۔ مگر اہلِ بیت کے چاہنے والوں کے ہاں 95 دن کا ذکر ملتا ہے، جس کے حساب سے یہ دن 3 جمادی الثانی بنتا ہے۔ اور تاریخ کے اوراق نہ ہی کھولے جائیں تو بہتر رہے گا۔
بس دونوں تاریخوں کا مقصد سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت کو یاد کرنا اور اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ آپ آج 3 جمادی الثانی کو بھی اُن کے نام پر فاتحہ، درود و سلام اور ایصالِ ثواب کر سکتے ہیں، اور پھر 3 رمضان کو بھی اُن کی یاد میں محفل یا دعا کا اہتمام کر سکتے ہیں۔ اسلامی نقطۂ نظر سے کسی بھی دن اُنہیں یاد کرنا اور اُن کے لیے دعا یا صدقہ کرنا باعثِ برکت ہے۔
اِس جدائی کی خبر بابا خود دے گئے تھے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ مرضِ وفات میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فاطمہ سلام اللہ علیہا کے کان میں کچھ فرمایا تو وہ رو پڑیں؛ پھر کچھ فرمایا تو مسکرا دیں۔ بعد میں بتایا: ”پہلے یہ بتایا کہ اِسی بیماری میں آپ کا وصال ہو جائے گا، تو میں رو پڑی؛ پھر یہ بتایا کہ آپ کے گھر والوں میں سب سے پہلے میں آپ سے جا ملوں گی، تو میں مسکرا دی“ (صحیح بخاری: 3626)۔ بابا سے ملنے کی خبر تھی؛ وہ اپنی ہی رخصتی کی خبر پر مسکرا دیں۔
ہاں، ایک بات ضروری ہے: آلِ محمد کے ساتھ کی گئی ناانصافیوں کا عذاب اللہ کے ہاں مقرر ہے۔ اور جس نے اِن سے بغض کیا، وہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بغض کر گیا جس نے فاطمہ سلام اللہ علیہا کو ناراض کیا، اُس نے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ناراض کیا چاہے وہ کوئی بھی ہو، کوئی بھی ہو، کوئی بھی ہو۔
یہ بات میں اپنی طرف سے نہیں کہہ رہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے:
فَاطِمَةُ بَضْعَةٌ مِنِّي، فَمَنْ أَغْضَبَهَا أَغْضَبَنِي
(صحیح بخاری: 3714)
”فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے جس نے اُسے ناراض کیا، اُس نے مجھے ناراض کیا۔“
صحیح مسلم میں ہے: «يُؤْذِينِي مَا آذَاهَا»، یعنی ”جو چیز اُسے تکلیف دیتی ہے، وہ مجھے تکلیف دیتی ہے“ (2449)۔ حسن و حسین علیہما السلام کے بارے میں فرمایا: ”جس نے اِن دونوں سے محبت کی اُس نے مجھ سے محبت کی، اور جس نے اِن سے بغض رکھا اُس نے مجھ سے بغض رکھا“ (سنن ابن ماجہ: 143)۔ اور قسم کھا کر فرمایا: ”اُس ذات کی قسم جس کے قبضے میں میری جان ہے! ہم اہلِ بیت سے جو شخص بھی بغض رکھے گا، اللہ اُسے آگ میں داخل کرے گا“ (صحیح ابن حبان: 6978)۔
اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ
ایک روایت کا مفہوم یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”مجھ پر ادھورا (دُم کٹا) درود مت بھیجو۔“ روایت کے عربی الفاظ ہیں: «لَا تُصَلُّوا عَلَيَّ الصَّلَاةَ الْبَتْرَاءَ»۔ صحابۂ کرام نے عرض کیا: یا رسول اللہ! یہ ادھورا درود، ”الصلاۃ البتراء“، کیا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”یہ کہ تم ’اللّٰہم صلِّ علیٰ محمد‘ کہو اور رُک جاؤ (یعنی میری آل کو چھوڑ دو)؛ بلکہ یوں کہو: اللّٰہم صلِّ علیٰ محمد وعلیٰ آلِ محمد۔“
دیانت کا تقاضا ہے کہ یہ بھی لکھ دوں: ”ادھورے درود“ کے یہ خاص الفاظ ابن حجر ہیتمیؒ کی ”الصواعق المحرقہ“ اور بعض دوسری شیعہ سنی کتابوں میں آتے ہیں، مگر سند کے بغیر۔ ہیتمیؒ نے اِنہیں ”یُروى“ (یعنی روایت کیا جاتا ہے) کہہ کر نقل کیا ہے، اور سخاویؒ نے ”القول البدیع“ میں صاف لکھا ہے کہ مجھے اِس کی سند نہیں ملی۔ لیکن اِس کا اصل حکم صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں بالکل واضح اور مستند ہے۔
حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ جب سورۂ احزاب کی آیت «إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ» (56) نازل ہوئی تو ہم نے عرض کیا: یا رسول اللہ! آپ پر سلام بھیجنا تو ہم جان چکے، درود کیسے بھیجیں؟ صحیح بخاری کی ایک روایت (3370) میں تو سوال کے الفاظ ہی یہ ہیں: «كَيْفَ الصَّلَاةُ عَلَيْكُمْ أَهْلَ الْبَيْتِ»، یعنی ”آپ اہلِ بیت پر درود کیسے بھیجا جائے؟“ اِس پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے درودِ ابراہیمی سکھایا، جس میں اپنے نام کے ساتھ ”وعلیٰ آلِ محمد“ شامل کرنے کا حکم دیا:
اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ، كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ، إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ
(صحیح بخاری: 3370، 6357؛ صحیح مسلم: 406)
”اے اللہ! محمد پر اور آلِ محمد پر رحمت نازل فرما، جس طرح تُو نے ابراہیم پر اور آلِ ابراہیم پر رحمت نازل فرمائی۔ بے شک تُو تعریف کے لائق اور بزرگی والا ہے۔“
اِسی وجہ سے تمام مسلمانوں کا اِس بات پر اتفاق ہے کہ مکمل اور افضل درود وہی ہے جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ اُن کی آل، یعنی اہلِ بیت، کا ذکر بھی شامل ہو۔ ہر مسلک کا مسلمان اپنی ہر نماز کے تشہد میں محمد و آلِ محمد پر درود بھیجتا ہے۔
اور ذرا لفظ پر غور کیجیے۔ ”بتراء“ اُسی ”ابتر“ کی مؤنث ہے: دُم کٹا، جس کا سلسلہ آگے نہ چلے۔ مکہ کے ایک دشمن نے جب بیٹوں کی وفات پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ”ابتر“ کا طعنہ دیا تو قرآن نے جواب دیا:
إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ (١) فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَانْحَرْ (٢) إِنَّ شَانِئَكَ هُوَ الْأَبْتَرُ (٣)
(سورۃ الکوثر)
”بے شک ہم نے آپ کو کوثر عطا کی۔ پس اپنے رب کے لیے نماز پڑھیے اور قربانی کیجیے۔ بے شک آپ کا دشمن ہی جڑ کٹا ہے۔“
”کوثر“ کے مفسرین نے کئی معنی لکھے ہیں۔ امام فخر الدین رازیؒ نے اُن میں ایک یہ بھی نقل کیا ہے کہ اِس سے مراد آپ کی اولاد ہے، اور وہیں یہ جملہ ہے: ”دیکھو، اہلِ بیت میں سے کتنے قتل کیے گئے، پھر بھی دنیا اُن سے بھری ہوئی ہے“ (تفسیرِ کبیر، سورۃ الکوثر)۔ اور یہ نسل چلی کس سے؟ ایک بیٹی سے: فاطمہ سلام اللہ علیہا سے۔
جس نبی کو اللہ نے ابتر نہیں رہنے دیا، اُس پر درود بھی ابتر نہ بھیجیے: اللّٰہم صلِّ علیٰ محمد وعلیٰ آلِ محمد۔