چین میں اب ہر سال شدید بارشوں اور سیلاب کے باوجود بازاروں میں سبزیوں اور بنیادی غذائی اشیا کی فراہمی جاری رہتی ہے اور قیمتیں بھی نسبتاً مستحکم رہتی ہیں ۔ اتنی آبادی کے لیے ہنگامی حالات میں خوراک کیسے دستیاب رہتی ہے؟ اس کا جواب کئی دہائیوں کی منصوبہ بندی، جدید زراعت، ترسیلی نظام اور مقامی حکومتوں کی ذمہ داری میں ہے۔ چین کا "سبزیوں کی ٹوکری ” منصوبہ اس حکمت عملی کا حصہ ہے، جس نے ملک کی کھانے کی میز کو قلت سے تنوع اور خوشحالی تک پہنچایا۔
آج چین کے بازاروں میں مختلف علاقوں کی سبزیاں، پھل، گوشت، دودھ اور سمندری غذائیں دستیاب ہیں، لیکن چند دہائیاں پہلے صورت حال مختلف تھی۔ خاندانوں کو اناج، سبزیوں اور گوشت کی خریداری کے لیے راشن ٹوکن درکار ہوتے تھے۔ پیسے ہونے کے باوجود ٹوکن کے بغیر بعض اشیا نہیں ملتیں۔ عام خوراک مکئی، شکر قندی اور دوسرے موٹے اناج پر مشتمل تھی۔ مکئی کے بن، جنہیں چینی زبان میں وو تھو کہا جاتا ہے، روزمرہ غذا تھے، جبکہ چاول اور سفید آٹا عموماً تہواروں پر میسر آتے تھے۔
ان مسائل سے نمٹنے کے لیے چین نے اصلاحات اور کھلے پن کے دوران 1988 میں قومی سطح پر "سبزیوں کی ٹوکری ” منصوبہ شروع کیا۔ مقصد تازہ سبزیوں اور دیگر غذائی اشیا کی مسلسل فراہمی اور قیمتوں کا استحکام تھا۔ اس کے تحت "میئر ذمہ داری نظام ” متعارف ہوا، جس کے مطابق ہر شہر میں سبزیوں کی دستیابی اور قیمتوں کی ذمہ داری مقامی حکومت اور میئر پر عائد کی گئی۔ قلت یا غیر معمولی مہنگائی پر حکام سے جواب طلب کیا جا سکتا تھا۔ یوں خوراک کی فراہمی مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری بن گئی۔
اس حکمت عملی کا پہلا ستون جدید زرعی پیداوار ہے۔ چین نے تحقیق اور ٹیکنالوجی سے موسم اور جغرافیے کی رکاوٹیں کم کیں۔ گرین ہاؤسز میں درجہ حرارت اور نمی قابو میں رکھ کر سال بھر سبزیاں اگائی جاتی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گرین ہاؤسز کا رقبہ تقریباً 2.67 ملین ہیکٹر ہے، جو دنیا کے مجموعی رقبے کا 80 فیصد سے زیادہ بتایا جاتا ہے۔ صوبہ شانڈونگ کا شہر شوگوانگ جدید کاشت کے لیے نمایاں ہے۔
جدید کاشت کاری زرخیز علاقوں تک محدود نہیں۔ مغربی چین کے خشک علاقوں میں پانی کی بچت اور ڈرِپ ایریگیشن سے ٹماٹر اور شملہ مرچ اگائی جا رہی ہے۔ جنوبی علاقوں میں پانی کی سطح پر سبزیاں اگانے کے ساتھ نیچے مچھلیاں پالنے کے طریقے بھی رائج ہیں۔ چین دنیا کی تقریباً نو فیصد قابلِ کاشت زمین سے دنیا کی لگ بھگ نصف سبزیاں پیدا کرتا ہے اور سالانہ پیداوار تقریباً 860 ملین ٹن تک پہنچ چکی ہے۔
دوسرا ستون ملک گیر نقل و حمل اور تقسیم کا نظام ہے کیوں کہ زیادہ خوراک پیدا کرنا کافی نہیں، اسے ضرورت والے علاقوں تک پہنچانا بھی ضروری ہے۔ جنوب سے شمال سبزیوں اور مغرب سے مشرق زرعی مصنوعات کی ترسیل کے لیے راستے قائم کیے گئے۔ کولڈ چین لاجسٹکس، یعنی درجہ حرارت قابو میں رکھنے والے گوداموں اور گاڑیوں کے ذریعے سبزیاں، پھل اور گوشت طویل فاصلے تک محفوظ حالت میں پہنچائے جاتے ہیں۔ اس طرح مقامی پیداوار قومی منڈی سے جڑ گئی ہے اور دور دراز علاقوں کی مصنوعات بڑے شہروں تک پہنچتی ہیں۔
تیسرا ستون سپلائی، نگرانی اور قیمتوں کے استحکام کا نظام ہے۔ زرعی مراکز، ہول سیل مارکیٹ اور کمیونٹی ریٹیل مراکز کے درمیان رابطہ اور نگرانی قائم کی گئی ہے۔ حکومت سبسڈی، کسانوں سے براہِ راست خریداری اور سپلائی کے مراحل کی نگرانی کرتی ہے۔ تہواروں میں طلب بڑھنے، موسم سے فصل متاثر ہونے یا ترسیل رکنے پر متبادل ذرائع سے فراہمی برقرار رکھی جاتی ہے۔ ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت اور ناجائز مہنگائی کی روک تھام بھی اس حکمت عملی کا حصہ ہے۔
ان اقدامات سے چینی عوام کے کھانے پینے کے انداز میں تبدیلی آئی۔ پہلی تبدیلی قلت سے وافر دستیابی کی طرف سفر ہے اور دوسری تبدیلی غذائی تنوع ہے۔ شمالی اور جنوبی چین کے درمیان بہتر ترسیل اور درآمد نے انتخاب وسیع کیا ہے۔ تیسری تبدیلی صحت بخش خوراک کی طرف بڑھتی توجہ ہے۔ صارفین اب مقدار کے ساتھ غذائیت، صفائی اور معیار کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔
غذائی تحفظ آسان نہیں۔ موسمیاتی تبدیلی، سیلاب، خشک سالی، زمین اور پانی پر دباؤ اور عالمی منڈیوں کے اتار چڑھاؤ نئے چیلنج ہیں۔ پیداوار بڑھانے کے ساتھ وسائل کا محتاط استعمال، کسانوں کی آمدنی، خوراک کا معیار اور ہنگامی حالات میں متبادل ترسیل بھی ضروری ہیں۔ غذائی تحفظ کے لیے پیداوار سے صارف کی میز تک پورے نظام کو مربوط بنانا پڑتا ہے۔
چند دہائیاں پہلے جہاں خاندان راشن ٹوکن سے بنیادی خوراک حاصل کرتے تھے، وہاں آج وسیع غذائی انتخاب اور جدید ترسیلی سہولتیں زندگی کا حصہ ہیں۔ یہ صرف مقدار میں اضافے کی کہانی نہیں بلکہ زرعی ترقی، بنیادی ڈھانچے، انتظامی ذمہ داری اور عوامی ضروریات کو ترجیح دینے کی سماجی و معاشی تبدیلی ہے۔ چین کا "سبزیوں کی ٹوکری ” منصوبہ ظاہر کرتا ہے کہ خوراک کی مسلسل فراہمی کو پالیسی کا اہم ہدف بنانے سے عام شہریوں کی زندگی بدل سکتی ہے۔