نوازشریف بولے:”محرمانہ کو مجرمانہ بنا دیں”

اسلام آباد کے موسم میں خنکی بڑھتی جا رہی ہے مگر سیاسی موسم بدستور گرم ہے، ضمنی انتخابات کے بعد میاں نواز شریف کی احتساب عدالت میں پہلی پیشی تھی ، سماعت کا وقت ساڑھے نو بجے تھا ، میاں نواز شریف نو بج کر بیس منٹ پر کمرہ عدالت میں آئے.

ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد میاں نواز شریف کے چہرے پر مسکراہٹ کے ساتھ ساتھ خوشی بھی تھی ، جیسے ہی کمرہ عدالت میں آئے سینیٹر سعدیہ عباسی سے ملے اور انھوں نے انھیں انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ، میاں نواز شریف نے انہیں کہا اللہ کا شکر ہے کہ اس نے سرخرو کیا ، شاہد خاقان کا لاہورسے جیتنا آپ کی کامیابی ہے

کمرہ عدالت میں موجود لیگی راہنما انہیں مبارک باد دے رہے تھے ، میاں نواز شریف ہر ایک کو سجدہ شکر ادا کرنے کی تلقین کر رہے تھے ، کمرہ عدالت میں میڈیا کے نمائندوں میں میرے علاوہ ڈان اور سماء نیوز کے رپورٹرز بھی موجود تھے ، میں نے ان سے ضمنی انتخابات کے حوالے سے پوچھا تو کہنے لگے کہ سماعت کے بعد بات کروں گا

میاں نواز شریف کے بائیں طرف عرفان صدیقی اور دائیں طرف طارق فاطمی براجمان تھے ،سینیٹر چوہدری تنویر کو مبارک باد دی اور کہا کہ ہم نے یہ سیٹ جیتی ہوئی ہے. آپ نے ان تھک محنت کی، عرفان صدیقی سے طویل مشاورت کی ساتھ ساتھ طارق فاطمی کو بھی شریک گفتگو کرتے رہے ، دوران سماعت میاں نواز شریف ڈان اخبار کا مطالعہ کرتے رہے اور سیل فون کا بھی استعمال کرتے رہے.

ساڑھے گیارہ بجے سماعت میں وقفہ ہوا اور میاں نواز شریف کو جانے کی اجازت دے دی گئی تو میں نے کہا سر حسب وعدہ گفتگو کریں گے ، انھوں نے کہا جی بالکل کیوں نہیں ، ان کے وکیل بیرسٹر ظفراللہ نے اپنی تصنیف "حرف محرمانہ” دکھائی اور کہا کہ اس کی تقریب رونمائی آپ نے کرنی ہے ، میاں نواز شریف نے کہا محرمانہ کے نیچے ایک نقطہ دے دیں، ٹائٹل اچھا بن جائے گا اس پر محفل کشت زعفران بن گئی.

کمرہ عدالت کے اندر انھوں نے کہا کہ میڈیا کے نمائندوں سے کچھ گفتگو کر لوں، پاس کھڑے عرفان صدیقی نے کہا کہ باہر چل کر کیمروں کے سامنے گفتگو کریں، انھوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے جس طرح ہم پر بھروسہ کیا، ان کا شکر گزار ہوں ، دنیا جانتی ہے کہ ن لیگ کی لیڈرشپ مقدمات بھگت رہی ہے ، اس کے باوجود عوام کا ہم پر اعتماد کرنا نیک شگون ہے

ہمارے دور حکومت میں مہنگائی نہیں تھی ، ڈالر کا ریٹ ایک سو روپے رہا ، پچاس دنوں میں موجودہ حکومت نے ڈالر کو کہاں سے کہاں تک پہنچا دیا ، مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ، غریب کا جینا دوبھر ہو گیا.ہم نے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی بھی نشستیں حاصل کی جو ہماری مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں.

کمرہ عدالت میں میاں نواز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں انجینئر اقبال طفرجھگڑا، سردار ممتاز خان، سینٹر چوہدری تنویر، سیلم ضیاءاللہ، سئنیٹر نذہت صادق، ایم این اے طاہرہ اورنگزیب، میاں گل عمر فاروق، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، عقیل انجم، طارق فاطمی، زہرہ ودود فاطمی اور دیگر تھے.

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے