بدھ:04 دسمبر2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نیٹو کے ساتھ اسلحے کی دوڑ میں شریک نہیں ہوں گے، روس[/pullquote]

روس نے کہا ہے کہ وہ مغربی دفاعی اتحاد کے ساتھ اسلحے کی دوڑ میں شریک نہیں ہو گا، بھلے نیٹو اپنے فوجی اخراجات میں اضافہ بھی کرے۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیشکوف کے مطابق تاہم نیٹو کی طرف سے فوجی اخراجات میں اضافہ ماسکو حکومت کے خدشات میں اضافے کا سبب بنے گا۔ یہ بات ایک ایسے موقع پر کہی گئی ہے جب لندن میں نیٹو اتحاد کے سربراہان کی ملاقات جاری ہے۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اشٹولٹن برگ کہہ چکے ہیں کہ یورپی اتحادی اور کینیڈا 2016ء کے بعد سے اب تک اپنے دفاعی اخراجات میں 130 بلین ڈالرز کا اضافہ کر چکے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں نئی کاروں کی فروخت میں کمی[/pullquote]

جرمنی میں نئی کاروں کی فروخت میں آئندہ برس 6.2 فیصد کی کمی متوقع ہے، تاہم الیکٹرک کاروں کی فروخت میں تیزی سے اضافہ ہو گا۔ یہ بات جرمن آٹو امپورٹرز ایسوسی ایشن VDIK کی جانب سے بتائی گئی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق سال 2020ء کے دوران الیکٹرک کاروں کی فروخت میں 60 فیصد تک اضافہ متوقع ہے اور ایک لاکھ ساٹھ ہزار نئی الیکٹرک کاریں فروخت ہوں گی۔ رواں برس تاہم کاروں کی فروخت میں چار فیصد کا اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر 3.57 ملین کاریں فروخت ہوئیں۔

[pullquote]بھارت کے سابق وزیر خزانہ چدمبرم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم[/pullquote]

بھارت کی سپریم کورٹ نے ملک کے سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ اپوزیشن کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیئر سیاستدان چدمبرم پر الزام تھا کہ وہ رشوت خوری اور اپنے بیٹے کی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے مرتکب ہوئے تھے۔ ان کے وکیل کے مطابق سپریم کورٹ نے انہیں دو لاکھ روپے بھارتی روپوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ بھارت کے سنٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن کے مطابق چدمبرم نے ایک غیر ملکی کمپنی سے تین ارب روپے کی رشوت لی تھی۔

[pullquote]امریکا اگر پابندیاں اٹھالے تو بات چیت ہو سکتی ہے، روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اگر امریکا ایران کے خلاف ’غیر قانونی‘ پابندیاں ختم کر دے تو ایران جوہری معاملے پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ روحانی کے مطابق یہ مذاکرات پانچ جمع ایک کے سربراہان کی سطح تک بھی ہو سکتے ہیں۔ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان اور جرمنی کے ساتھ ہی 2015ء میں ایران کا جوہری معاہدہ طے پایا تھا۔ ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے براہ راست خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی وجہ اسرائیل کو قرار دیا۔

[pullquote]ایغوروں کے معاملے پر امریکی ایوان نمائندگان میں چین کے خلاف قرارداد منظور[/pullquote]

امریکی ایوان نمائندگان نے چین میں ایغور مسلم اقلیت پر جبر کے خلاف ایک قرارداد منظور کر لی ہے۔ اکثریتی رائے سے منظور کیے جانے والے اس مسودے میں بیجنگ حکومت کے خلاف سخت اقدامات کرنے کی بات کی گئی ہے۔ ساتھ ہی چینی حکومت کے ان اہم نمائندوں پر سخت پابندیاں لگانے کا کہا گیا ہے، جنہیں اس مسلم اقلیت کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ بیجنگ حکومت نے اس قراردار کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے چین کے داخلی معاملات میں دخل اندازی قرار دیا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں جاپانی این جی او کی گاڑی پر حملہ، چھ افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں ایک جاپانی این جی او کی گاڑی پر حملے کے نتیجے میں چھ افراد مارے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق جلال آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے اس گاڑی کو نشانہ بنایا۔ مرنے والوں میں پیس جاپان میڈیکل سروسز کے افغانستان میں سربراہ ڈاکٹر ٹیٹسو ناکامُورا بھی شامل ہیں۔ ننگر ہار کی صوبائی کونسل کے ایک رُکن سہراب قادری کے مطابق حملہ آور موقع واردات سے فرار ہو گئے اور ابھی تک کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

[pullquote]لندن میں نیٹو کا سربراہی اجلاس[/pullquote]

نیٹو کے سربراہی اجلاس کے آغاز پر اس اتحاد کے بعض اہم ترین ارکان کے باہمی اختلافات سامنے آئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کے بارے میں فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں کے الفاظ کو ’انتہائی تضحیک آمیز‘ قرار دیا۔ ماکروں نے اس دفاعی اتحاد کو ’دماغی طور پر مردہ‘ قرار دیا تھا۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے دھمکی دی ہے کہ اگر اس اتحاد نے کرد ملیشیا وائی پی جی کو دہشت گرد تنظیم قرار نہ دیا تو وہ اس اتحاد کے فیصلوں کو روک دیں گے۔ تاہم جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اختلافات مذاکرات میں طے کر لیے جائیں گے۔

[pullquote]ملیریا کے خلاف جنگ میں معمولی کامیابی[/pullquote]

متعدی بیماری ملیریا کے خلاف لڑائی میں ابھی تک خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ یہ بات ترقیاتی امور کے جرمن وزیر گیرڈ میولر نے ورلڈ ملیریا رپورٹ کے اجراء کے موقع پر کی۔ جنیوا میں جاری کی جانے والی اس رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال دو سو ملین سے زائد افراد اس بیماری کا شکار ہوتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے زیادہ تر کیسز براعظم افریقہ میں ریکارڈ کیے۔ سال 2017ء کے دوران ملیریا کے سبب چار لاکھ پینتیس ہزار افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ سال 2018ء کے دوران یہ تعداد چار لاکھ آٹھ ہزار تھی۔

[pullquote]آسٹریلیا میں آتشزدگی، سڈنی پر دھوئیں کے بادل[/pullquote]

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ کی وجہ سے سڈنی شہر دھوئیں کے بادلوں میں ڈوب گیا۔ نیو ساؤتھ ویلز کے محکمہ صحت نے ان حالات میں ايک مرتبہ پھر مضر صحت دھوئیں میں سانس سے خبردار کیا ہے۔مقامی افراد نے سماجی ویب سائٹ کے ذریعے راکھ سے آلودہ بارش کی اطلاعات دی ہیں۔ کچھ افراد نے اپنے گھروں میں راکھ کی بو کے پھیلنے کا بتایا ہے۔ آسٹریلیا میں گزشتہ کئی ہفتوں سے ملک کے مشرقی ساحلی علاقے کے مختلف جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے۔ سڈنی سے اسی کلومیٹر شمال میں واقعے Dharug نامی نیشنل پارک میں آتشزدگی اب بھی قابو سے باہر ہے۔

[pullquote]بھارتی سرحدی گارڈ کی اپنے ہی ساتھیوں پر فائرنگ، پانچ اہلکار ہلاک[/pullquote]

بھارت کی سرحدی پولیس کے ایک اہلکار نے اپنے ہی ساتھیوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پانچ افراد مارے گئے۔ بعد ازاں اس اہلکار نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔ انڈو تبتن باڈر پولیس (IPBP) کی طرف جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ واقعہ بائیں بازو کی شدت پسندی سے متاثرہ علاقے چھتیس گڑھ میں پیش آیا۔ بیان کے مطابق کانسٹیبل مسعود الرحمان کی طرف سے کی گئی اس فائرنگ سے کئی دیگر اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ بھارتی فوج میں بھی 2016ء سے اب تک خودکشی اور اپنے ہی ساتھیوں پر فائرنگ کے 300 سے زائد واقعات پیش آ چکے ہوں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے