جمعرات:05 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن چانسلر آؤشوٹس کے سابقہ نازی اذیتی کیمپ کا دورہ کریں گی[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل جمعہ چھ دسمبر کو آؤشوٹس کے سابقہ نازی اذیتی کیمپ جائیں گی۔ میرکل گزشتہ چودہ برسوں سے جرمنی کی وفاقی چانسلر ہیں لیکن وہ پہلی بار آؤشوِٹس کے سابقہ نازی اذیتی کیمپ کا دورہ کر رہی ہیں۔ یہ کیمپ نازی جرمن دور کی ایک ایسی خوفناک قتل گاہ تھا، جہاں 1945ء تک 1.5 ملین انسانوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس دورے کے دوران میرکل اس فاؤنڈیشن کے لیے 60 ملین یورو کی مالی امداد کا اعلان بھی کریں گی۔

[pullquote]فرانس بھر میں ہڑتال، زندگی مفلوج[/pullquote]

آج فرانس بھر میں ٹرانسپورٹ ورکرز، اساتذہ اور دیگر ملازمت پیشہ افراد ہڑتال کر رہے ہیں۔ اس ہڑتال کے باعث فرانس میں قریب 90 فیصد تیز رفتار ٹرینیں معطل کر دی گئی ہیں جبکہ پیرس میٹرو کا زیادہ تر حصہ بند رہے گا۔ سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ اسکول بھی بند رہیں گے۔ ایئر فرانس کی 30 فیصد ملکی اور 15 فیصد بین الاقوامی پروازیں بھی اس ہڑتال سے متاثر ہوئی ہیں۔ یہ ملک گیر ہڑتال صدر ایمانویل ماکروں کی جانب سے پینشن اصلاحات کے خلاف کی جا رہی ہے۔

[pullquote]ٹرمپ کا مواخذہ جائز ہے، ماہرین کی رائے[/pullquote]

یوکرائن سے متعلق معاملے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر لگے الزامات اس قدر سنجیدہ ہیں کہ ان کے خلاف مواخذے کی تحریک قانونی طور پر جائز ہے۔ یہ بات تین قانونی ماہرین نے امریکی کانگریس کی جوڈیشری کمیٹی کو بتائی۔ اس کمیٹی کی پہلی سماعت کے موقع پر چار میں سے تین آئینی ماہرین کا مؤقف تھا کہ ٹرمپ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔ تاہم صدر ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کی طرف سے مدعو کیے گئے قانونی ماہر کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے مواخذے کی کوئی ٹھوس وجہ موجود نہیں۔

[pullquote]بھارت کو موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کا سامنا[/pullquote]

ماحولیاتی تبدیلی پر کام کرنے والے تھنک ٹینک ’جرمن واچ‘ کی طرف سے جاری ہونے والے ’گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس ‘2020 میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلوں سے جن ممالک کو سب سے زیادہ خطرات در پیش ہیں اس میں عالمی سطح پر بھارت اب پانچویں مقام پر پہنچ گيا ہے۔ اس سے قبل بھارت پندرہویں نمبر پر تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2018ء میں شدید بارشوں کے سبب بھارت میں ہونے والے زبردست جانی و مالی نقصان اور تباہی کے تجزیوں سے یہ نتائج اخذ کیے گئے ہیں۔ ’جرمن واچ‘ کے جاری کردہ تازہ انڈیکس میں دنیا کے 181 ممالک میں معاشی نقصان، جی ڈی پی میں گراوٹ اور انسانی اموات کے تفصیلی ڈیٹا کی بنیاد پر یہ جائزے پیش کیے ہیں۔

[pullquote]جرمنی ميں تعليم بالغاں کا معيار دنيا ميں سب سے بلند[/pullquote]

تعليم و ثقافت سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے يونيسکو کے مطابق جرمنی ميں فراہم کی جانے والی تعليم بالغاں کا معيار دنيا ميں سب سے اعلیٰ ہے۔ تعليم و ثقافت سے متعلق اقوام متحدہ کے ذيلی ادارے کے مطابق اس يورپی ملک ميں تعليم بالغاں کا نہ صرف معيار بلکہ اس کی مد ميں خرچ کی جانے والی رقوم بھی قابل ذکر ہيں۔ تعليم کے لیے مختص بجٹ کا چار فيصد تعليم بالغاں پر خرچ کيا جاتا ہے۔ یونیسکو نے اپنی رپورٹ ميں تاہم خبردار کيا ہے کہ عمر رسيدہ افراد، مہاجرين اور پناہ گزينوں کو تعليم بالغاں کے سلسلے ميں سب سے زيادہ رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

[pullquote]تارکین وطن کو لانے والی کشتی ڈوبنے سے کم از کم 57 افراد ہلاک[/pullquote]

بحر اوقیانوس میں موریطانیہ کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوبنے کے سبب کم از کم 57 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ مہاجرت کی بین الاقوامی تنظیم IOM نے یہ بات بدھ کے روز بتائی۔ آئی او ایم کے مطابق اس کشتی پر سوار دیگر 83 افراد تیر کر ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ اس کشتی پر خواتین اور بچوں سمیت 150 افراد سوار تھے۔ یہ کشتی 27 نومبر کو گیمبیا سے روانہ ہوئی تھی اور موریطانیہ کے ساحل تک پہنچنے سے قبل ہی اس کا ایندھن ختم ہو گیا تھا۔ افریقہ سے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کی کشتی کے ساتھ پیش آنے والا یہ حادثہ رواں برس کے بدترین حادثات میں سے ایک ہے۔

[pullquote]پرل ہاربر میں فائرنگ کا واقعہ، دو ہلاک[/pullquote]

امریکی ایئرفورس اور نیوی کے مشترکہ فوجی اڈے پرل ہاربر میں فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والا امریکی بحریہ کی جوہری آبدوز یو ایس ایس کولمبیا کا ایک سیلر تھا۔ یہ شخص بھی اپنی ہی گولی لگنے کے سبب مارا گیا۔ امریکی نیوی اور بیس کے سکیورٹی حکام نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پرل ہاربر ہونولولو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ہی واقع ہے۔

[pullquote]سوڈان میں بھارتی مزدوروں کی ہلاکت پر مودی کا اظہار افسوس[/pullquote]

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں واقع ایک سیرامک فیکٹر ی میں ہوئے دھماکے میں 18 بھارتی مزدوروں کی ہلاکت پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے ایک ٹویٹ میں متاثرین کو تمام ممکنہ امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ منگل کو ہوئے اس دھماکے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 130سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعے میں اس فیکٹری میں کام کرنے والے تقریباً پچاس بھارتی مزدوروں میں سے اٹھارہ ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوئے۔خرطوم میں بھارتی سفارت خانے نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔

[pullquote]خلیل زاد مذاکرات کی بحالی کے لیے کابل پہنچ گئے[/pullquote]

افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد گزشتہ شام کابل پہنچے ہیں۔ کابل اور واشنگٹن حکام کے مطابق وہ افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کریں گے تاکہ وہاں جنگ بندی اور ایک امن معاہدے کے لیے مذاکرات کی بحالی کی راہ ہموار ہو سکے۔ امریکی دفتر خارجہ کے مطابق خلیل زاد کابل سے قطر کے دارالحکومت دوحا جائیں گے جہاں ان کی طالبان کے نمائندوں سے ملاقات ہو گی۔ بیان کے مطابق فریقین تشدد میں کمی لانے کے معاملے پر بات چیت کریں گے۔

[pullquote]فلپائن: سمندری طوفان ’کاموری‘ کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی[/pullquote]

کاموری نامی سمندری طوفان کے سبب فلپائن میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی ہے۔ ان ہلاکتوں کی تصدیق فلپائنی حکام کی جانب سے آج جمعرات کو کی گئی ہے۔ یہ طوفان منگل کے روز فلپائن کے مشرقی ساحل سے ٹکرایا تھا۔ اسی سبب منیلا کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کو بھی 12 گھنٹوں تک بند کر دیا گیا تھا۔ فلپائن کے قدرتی آفات سے نمٹنے والے محکمے کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پیر کے روز ساحلی علاقے سے ہزارہا لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے