ہفتہ:07 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فائرنگ کرنے والا تربیتی فوجی سعودی عوام کا نمائندہ نہیں ہے، شاہ سلمان[/pullquote]

سعوی عرب کے شاہ سلمان نے امریکی فوجی مرکز میں ہونے والی فائرنگ کے تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ شاہ سلمان کے مطابق اس سفاکانہ فعل میں ملوث شخص کسی بھی صورت سعودی عوام کی نمائندگی کے قابل نہیں۔ امریکا میں زیر تربیت سعودی فوج کے ایک سیکنڈ لیفٹیننٹ محمد شمرانی نے جمعہ کے روز فائرنگ کر کے تین افراد کو ہلاک جبکہ آٹھ دیگر کو زخمی کر دیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق سعودی شاہ سلمان نے انہیں فون کر کے پنساکولا میں مارے جانے والے جنگجوؤں کے خاندانوں اور دوستوں کے لیے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور تعزیت کی۔

[pullquote]طالبان کے ساتھ امریکا نے دوبارہ مذاکرات شروع کر دیے[/pullquote]

امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے دوحہ میں طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔ رواں برس ستمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکراتی سلسلہ روک دیے جانے کے بعد فریقین میں یہ پہلی ملاقات ہے۔ اس نئے مذاکراتی سلسلے میں امریکا نے طالبان کے پرتشدد کارروائیوں میں کمی لانے کے وعدے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جنگ بندی پر بھی غور کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ امریکی ایلچی طالبان اور کابل حکومت کے درمیان براہ راست مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔

[pullquote]عراق: مظاہرین پر کیے گئے حملوں میں 25 ہلاک اور سو سے زائد زخمی[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد میں حکومت مخالف مظاہرین پر جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب مسلح افراد کی فائرنگ اور حملوں میں کم از کم پچیس افراد ہلاک اور ایک سو تیس سے زائد زخمی ہوئے۔ ہلاک شدگان میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ یہ حملے بغداد میں مظاہرین کے مرکزی مقام تحریر اسکوائر میں ہوئے۔ ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے عراق کی سب سے اہم مذہبی شخصیت آیت اللہ سیستانی نے اراکین پارلیمان کو ہدایت کی ہے کہ وہ بغیر کسی بیرونی دباؤ کے فوری طور پر ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب کریں۔ دوسری جانب ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ ایک اعلیٰ ایرانی کمانڈر نے نئی عراقی حکومت کی تشکیل کے تناظر میں رواں ہفتے کے دوران عراق کا دورہ کیا ہے۔

[pullquote]یورپ اور افریقہ میں اتحاد ضروری ہے، صدر یورپی کمیشن[/pullquote]

یورپی کمیشن کی نئی صدر اُروزولا فان ڈیئر لائن نے کہا ہے کہ افریقی اور یورپی براعظموں کے درمیان اتحاد بہت ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات افریقی یونین کے ادیس ابابا میں واقع صدر دفتر کے دورے پر کہی۔ اس دورے کے دوران فان ڈیئر لائن نے مزید کہا کہ تبدیل ہوتے عالمی منظر میں اتحاد ہی دونوں براعظموں کو توانا کر نے میں مدد گار ثابت ہو گا۔ یورپی کمیشن کی صدر نے واضح کیا کہ وہ افریقہ میں پائے جانے والے رجحانات اور ترقیاتی امور کے بارے میں آگہی کے لیے ادیس آبابا پہنچی ہیں۔

[pullquote]بھارت: گینگ ریپ سے متاثرہ ایک اور خاتون ہلاک[/pullquote]

بھارتی ریاست اترپردیش میں اجتماعی جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی ایک خاتون جلائے جانے کے بعد گزشتہ شب انتقال کر گئیں۔ اس تئیس سالہ خاتون کو گزشتہ برس اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ وہ جمعرات کو اپنے کیس کی پیروی کے لیے عدالت جا رہی تھیں جب ملزمان نے ان پر حملہ کیا اور تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔ اس حملے میں خاتون نوے فیصد تک جل گئی تھیں۔ انہیں نئی دہلی کے صفدر جنگ ہسپتال کے خصوصی برن سینٹر پہنچایا گیا تھا لیکن جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب وہ دم توڑ گئیں۔

[pullquote]جرمنی: سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی کانفرنس کا دوسرا دن[/pullquote]

جرمنی کی سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی کانفرنس کا آج دوسرا دن ہے۔ کانفرنس کے شرکاء آج ہونے والے ایک اہم سیشن میں پارٹی کے چیف ایگزیکٹیو کا انتخاب کریں گے۔ تین روزہ پارٹی کنونشن جرمن دارالحکومت برلن میں جاری ہے۔ اس پارٹی کے ممبران نے گزشتہ ہفتے کے دوران نوربرٹ والٹر بوریانس اور خاتون رہنما ساسکیا ایسکین کو قیادت کے لیے منتخب کیا ہے۔ کنونشن میں پارٹی ممبران کی جانب سے نئی قیادت پر مکمل اعتماد کے ساتھ ساتھ اس کی حمایت بھی کی گئی ہے۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کو اس وقت غیرمقبولیت کا سامنا ہے۔ نئی قیادت کے انتخاب کے بعد جرمنی میں انگیلا میرکل کی مخلوط حکومت کو مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

[pullquote]روسی اور امریکی وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات اگلے ہفتے ہو گی[/pullquote]

روس کے وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف اپنے امریکی دورے کے دوران منگل کو اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو کے ساتھ ایک میٹنگ میں شریک ہوں گے۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پومپیو پہلی مرتبہ اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ اس میٹنگ میں دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ روس یوکرائن رابطے، شامی داخلی صورت حال اور آرمز کنٹرول کے معاملات کو زیر بحث لایا جائے گا۔ اس دورے کے دوران روسی وزیر خارجہ کی دیگر مصروفیات کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئی ہیں۔

[pullquote]بُوگین وٍل میں آزادی ریفرنڈم کی ووٹنگ مکمل ہو گئی[/pullquote]

بحرالکاہل کے کئی جزائر پر مشتمل علاقے بُوگین ول میں دو ہفتوں پر پھیلے ہوئے آزادی ریفرنڈم کی ووٹنگ آج ہفتہ کو مکمل ہو گئی ہے۔ اس ووٹنگ میں آسٹریلیا اور جزائر سولومن میں رہنے والے بوگین ول کے شہریوں نے شرکت کی۔ اس ریفرنڈم کے نتائج رواں مہینے کے وسط میں عام کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق ووٹوں کا تناسب غیرمعمولی طور پر انتہائی زیادہ رہا ہے۔ ریفرنڈم میں آزادی کے حق میں زیادہ ووٹ پڑنے کی صورت میں بُوگین وِل دنیا میں ایک نئی ریاست کے طور پر ابھرے گا۔ یہ سابق جرمن نوآبادی اس وقت ریاست پاپوا نیوگنی کا حصہ ہے۔

[pullquote]سعودی عرب کے ساتھ اختلافات میں کمی ہوئی ہے، قطری وزیر خارجہ[/pullquote]

خلیجی ریاست قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے سعودی عرب کے دورے کے بعد کہا ہے کہ قطر اور سعودی عرب کے درمیان پائے جانے والے اختلافات میں کمی ہوئی ہے۔ الثانی نے الجزیرہ ٹیلی وژن کو بتایا کہ دونوں ممالک اب مکمل تعطل کی فضا سے باہر آ گئے ہیں اور انہوں نے واضح کیا کہ بحیرہ روم ڈائیلاگ فورم کے اجلاس میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔ سعودی بادشاہ نے قطری امیر کو منگل کو ریاض میں ہونے والی علاقائی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔

[pullquote]امریکی فوجی مرکز میں سعودی فوجی کی فائرنگ، تین ہلاک[/pullquote]

امریکا کے ایک فوجی مرکز پر فائرنگ کرنے والے سعودی فوجی نے آن لائن اپنے ایک بیان میں امریکا کو برائی کا منبع قرار دیا۔ یہ سعودی تربیتی فوجی امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پینساکولا میں واقع نیول ایئر اسٹیشن پر عسکری تربیت حاصل کر رہا تھا۔ سعودی شہری نے جمعہ چھ دسمبر کو اپنی کلاس میں فائرنگ کر کے تین دوسرے تربیتی فوجیوں کو ہلاک کرنے کے علاوہ دیگر آٹھ کو زخمی بھی کیا۔ سعودی تربیتی فوجی پولیس کی جوابی کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا۔ سائٹ انٹیلیجنس گروپ نے عسکری تربیت حاصل کرنے والے سعودی فوجی کا نام محمد شمرانی بتایا ہے۔ پینساکولا کے نیول ایئر اسٹیشن کے کمانڈنگ افیسر ٹموتھی کنسالا نے بتایا کہ سعودی شہری ہوابازی کی تربیت حاصل کر رہا تھا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق چھ سعودی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں تین وہ بھی ہیں جو اس سارے واقعے کی فلم بندی کر رہے تھے۔ امریکی حکام نے اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا سے مذاکرات ضروری ہیں، جنوبی کوریائی اور امریکی صدور میں اتفاق[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب مون جے اِن کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکراتی عمل کو جاری رکھنا ضروری ہے۔ اس بات چیت میں دونوں لیڈروں نے جزیرہ نما کوریا کی مجموعی صورت حال کو انتہائی سنگین بھی قرار دیا۔ یہ گفتگو ایسے وقت میں ہوئی جب ایک روز قبل شمالی کوریائی وزیر خارجہ چو سون ہوئی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر تنقید کی تھی، جس میں انہوں نے اس کمیونسٹ ملک کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کا امکان ظاہر کیا تھا۔ اسی بیان میں ٹرمپ نے شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن کو ایک مرتبہ پھر ’راکٹ مین‘ قرار دیا تھا۔

[pullquote]آسٹریلوی شہر سڈنی کے قریب جنگلاتی آگ شدید ہو گئی[/pullquote]

آسٹریلوی حکام نے سڈنی شہر کے قریب لگی جنگلاتی آگ کو انتہائی شدید اور سنگین قرار دے دیا ہے۔ اس وسیع آگ سے اٹھنے والے دھوئیں نے سارے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ اس باعث شہر میں سانس کی بیماریاں پھیلنے کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا۔ شہری انتظامیہ نے آؤٹ ڈور کھیلوں کی تمام سرگرمیوں کو منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اس انتہائی وسیع علاقے پر پھیلی ہوئی جنگلاتی جھاڑیوں کی آگ کو بجھانے پر ہزاروں فائر فائٹرز مصروف ہیں۔ سڈنی کے شمال میں سوا آٹھ لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر آگ لگی ہوئی ہے۔ حکام بارش کی دعائیں مانگ رہے ہیں کیونکہ اتنے وسیع علاقے پر پھیلی آگ کو بجھانے کے لیے کئی ہفتے درکار ہیں۔

[pullquote]90 سے زائد مشتبہ افراد جرمنی سے ملک بدر[/pullquote]

2016ء میں برلن کی کرسمس مارکیٹ پر ہونے والے ٹرک حملے کے بعد سے جرمنی 90 ایسے افراد کو ملک بدر کر چکا ہے جن پر دہشت گردانہ حملہ کرنے کی صلاحیت یا ایسا کرنے کی خواہش موجود ہونے کا شبہ تھا۔ حکام کی طرف سے یہ معلومات سیاسی جماعت ایف ڈی پی کی طرف سے ایک پارلیمانی انکوائری کے جواب میں فراہم کی گئیں۔ جن افراد کو ملک بدر کیا گیا ان میں سے 40 فیصد کا تعلق شام سے جبکہ دیگر عراقی، ترک اور روسی شہری تھے۔ اس طرح کے افراد کی شناخت عام طور پر جرمنی کے انٹیلیجنس حکام کی جانب سے کی جاتی ہے جن پر ممکنہ دہشت گردی کا شبہ ہو یا وہ عوامی سلامتی کے لیے خطرے کا سبب بن سکتے ہوں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے