[pullquote]کویت اور سعودی عرب دوبارہ مشترکہ طور پر تیل پیدا کریں گے[/pullquote]
خلیجی ممالک کویت اور سعودی عرب ایک ڈیل کے تحت مشترکہ طور پر تیل کی تلاش کے سلسلے کو دوبارہ شروع کریں گے۔ کویتی نیوز ایجنسی نے اس معاہدے کی کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ تیل کی تلاش کا یہ کام دونوں ملکوں کی سرحد پر واقع دو آئل فیلڈز پر شروع کیا جائے گا۔ یہ دونوں آئل فیلڈز خافجی اور وافرا کے مقام پر ہیں اور یہاں پر پروڈکشن سن 2014 میں بند کر دی گئی تھی۔ اُس وقت ان کی تیل کے کنوؤں سے روزانہ کی بنیاد پر پانچ لاکھ بیرل تیل نکالا جاتا تھا۔
[pullquote]مواخذے کی تفتیش میں شامل نہ ہونے والے کو ٹرمپ نے خصوصی مندوب مقرر کر دیا[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رابرٹ بلیئر کو فائیو جی ٹیکنالوجی کے لیے ملکی انٹرنیشنل مواصلاتی پالیسی کا خصوصی مندوب مقرر کیا ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی خصوصی کمیٹی بلیئر سے صدر ٹرمپ کے یوکرائنی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے معاملے پر جرح کرنا چاہتی تھی۔ تاہم انہوں نے مواخذے کی اس کارروائی کو نظر انداز کر دیا تھا۔ وہ وائٹ ہاؤس کے اقتصادی مشیر کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ بلیئر کو ٹرمپ نے یہ ذمہ داری ایسے وقت میں سونپی ہے جب واشنگٹن چینی کمپنی ہواوے کے بڑھتے کاروباری اثر و رسوخ کو محدود کرنا چاہتی ہے۔
[pullquote]روس نے جاپان کے دو درجن ماہی گیر رہا کر دیے[/pullquote]
روسی حکومت نے اُن چوبیس جاپانی ماہی گیروں کو رہا کر دیا ہے جنہیں متنازعہ جزائر کے قریب حراست میں لیا گیا تھا۔ جاپانی وزارت خارجہ نے اس رہائی کی تصدیق کر دی ہے۔ انہیں مقررہ تعداد سے زیادہ آکٹوپس پکڑنے کی پاداش میں حراست میں لیا گیا تھا۔ روسی انسپیکشن ٹیم نے ماہی گیروں کے ساتھ پانچ بڑی کشتیوں کو بھی اپنے قبضے میں لیا تھا۔ بحر الکاہل کے جزائر کوریل کی ملکیت پر روس اور جاپان میں تنازعہ پایا جاتا ہے۔ ان جاپانی جزائر پر روس نے دوسری عالمی جنگ کے آخری ایام میں قبضہ کیا تھا۔
[pullquote]فلسطین: بیت اللحم میں ہزاروں زائرین کی آمد جاری[/pullquote]
فلسطینی قصبے بیت اللحم میں کرسمس کی خصوصی تقریبات میں شریک ہونے کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں مسیحی زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ تقریبات کا مرکزی مقام بیت اللحم میں پیغمبر یسوع مسیح کی جائے پیدائش پر واقع گرجا گھر ہے۔ دنیا بھر کی مسیحیوں کے نزدیک مغربی کنارے کا چرچ آف نیٹیویٹی ایک مقدس مقام ہے۔ اس گرجا گھر کے باہر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ نصف شب کو ہونے والی عبادت میں فلسطینی صدر محمود عباس بھی شریک ہوں گے۔
[pullquote]گرفتار ترک کاروباری شخصیت نے الزامات مسترد کر دیے[/pullquote]
ترکی کی مشہور کاروباری شخصیت عثمان کوالا نے استغاثہ کی جانب سے عائد الزامات کو لغو، بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے کر مسترد کر دیا۔ انہوں نے عدالت سے کہا کہ وہ اُن کی غیر قانونی حراست کو ختم کرے۔ سماعت کے بعد عدالت نے انہیں جیل میں رکھنے کو درست قرار دیا۔ یورپ کی انسانی حقوق کی اعلیٰ ترین عدالت نے بھی حال ہی میں عثمان کوالا کی غیر قانونی قید کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ترک استغاثہ نے عدالت میں کوالا کے خلاف فرد جرم کی 657 صفحات پر مشتمل تفصیلات پیش کیں۔ کوالا کو ترک سول سوسائٹی کی ایک اہم شخصیت تصور کیا جاتا ہے۔
[pullquote]اس وقت جمہوریت کو ہماری ضرورت ہے، جرمن صدر کا کرسمس پیغام[/pullquote]
جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے کرسمس کے اپنے پیغام میں شہریوں سے سیاسی میدان میں زیادہ متحرک ہونے اور جمہوریت کے دفاع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شائن مائر نے جمہوریت کو غیر اہم سمجھنے سے خبردار بھی کیا ہے۔ ان کے بقول آج کل جمہوریت کو ہماری ضرورت ہے۔ جرمن صدر نے پہلی مرتبہ اپنے خطاب میں بائبل میں کرسمس کے حوالے سے بیان کیے گئے تاریخی الفاظ ’پریشانی کی ضرورت نہیں‘ کو استعمال کیا۔ ان کا یہ پیغام کل بدھ کے روز نشر کیا جائے گا۔ بطور صدر یہ ان کا تیسرا کرسمس پیغام ہے۔
[pullquote]انڈونیشیا: بس حادثے میں دو درجن سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]
انڈونیشی جزیرے سماٹرا میں ایک مسافر بس کے گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم پچیس جانیں ضائع ہو گئی ہیں۔ سماٹرا کے ضلع پاگارلام کی پولیس کے مطابق بس پیر اور منگل کی درمیانی شب اسی میٹر نیچے ایک بہتے دریا میں جا گری۔ اس حادثے میں چودہ دیگر مسافر شدید زخمی ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ امدادی ٹیمیں دریا میں لاپتہ مسافروں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بس پر سوار مسافروں کی تعداد کا بھی علم نہیں ہو سکا ہےکیونکہ ہلاک ہونے والوں میں بس کا ڈرائیور اور دو معاونین بھی شامل ہیں۔
[pullquote]شمالی کوریائی صورت حال پر چینی، جاپانی اور جنوبی کوریائی رہنماؤں کی سمٹ[/pullquote]
چین، جاپان اور جنوبی کوریا کے رہنماؤں نے منگل چوبیس دسمبر کو ہونے والی میٹنگ میں جزیرہ نما کوریا کے بحران پر توجہ مرکوز کی۔ جنوب مغربی چینی شہر چینگڈُو میں منعقدہ اجلاس میں جاپانی وزیراعظم شینزو آبے، جنوبی کوریائی صدر مون جے اِن اور میزبان وزیراعظم لی کیچیانگ نے اتفاق کیا کہ شمالی کوریا کا جوہری اور میزائل پروگراموں سے دستبردار ہونا ضروری ہے۔ چینی وزیراعظم لی کیچیانگ نے سہ ملکی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ تینوں ملک کوریائی تنازعے کے بارے میں مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر متفق ہیں۔ شمالی کوریا رواں برس کے ختم ہونے سے قبل پابندیوں میں ریلیف کا متمنی ہے۔
[pullquote]افغان فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ، سات فوجی ہلاک[/pullquote]
افغان وزارت دفاع کے مطابق فوج کی ایک چیک پوسٹ پر کیے گئے حملے میں کم از کم سات فوجی مارے گئے ہیں۔ منگل چوبیس دسمبر کی علی الصبح یہ حملہ بلخ صوبے کے ضلع دولت آباد کی چیک پوسٹ پر کیا گیا۔ اس حملے میں دیگر چھ فوجی شدید زخمی بتائے گئے ہیں۔ چیک پوسٹ پر کیے گئے اس حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں طالبان عسکریت پسند دندناتے پھرتے ہیں اورانہی پر شک کیا جا رہا ہے۔ افغان فوج نے حملے کے حوالے سے اپنا تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔
[pullquote]سائبر کرائم کے شبے میں سو سے زائد چینی باشندوں کی نیپال میں گرفتاری[/pullquote]
نیپال کی پولیس نے 122 چینی باشندوں کو سائبر کرائمزمیں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کر لیا ہے۔ ان گرفتار ہونے والوں میں چینی خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ چینی باشندوں نے مختلف بینکوں کی کیش مشینوں سے رقوم حاصل کی تھیں۔ ان چینی افراد پر مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان چینی باشندوں کے موبائل فونز بھی اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔ نیپالی پولیس کے مطابق پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں غیرملکیوں کو مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ نیپال میں چینی سفارت خانے نے اس پولیس کارروائی پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
[pullquote]بھارتیہ جنتا پارٹی ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہار گئی[/pullquote]
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی قوم پرست سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو جھاڑکھنڈ کی ریاستی اسمبلی کے الیکشن میں شکست کا سامنا رہا ہے۔ مودی کی سیاسی جماعت ریاستی ایوان کی اکاسی سیٹوں میں سے صرف پچیس حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ اپوزیشن کی بڑی پارٹی کانگریس کا انتخابی اتحاد سینتالیس نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ مشرقی ریاست جھاڑکھنڈ میں مودی کی سیاسی جماعت کو شکست ایسے وقت میں ہوئی جب کئی شہروں میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پرتشدد عوامی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ دسمبر سن 2018 سے بی جے پی پانچ مختلف ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات میں شکست کھا چکی ہے۔