ایک پارٹی کے چیئرمین کی دھمکی قانونی عمل کو نہیں روک سکتی: نیب

قومی احتساب بیورو(نیب) کے ترجمان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایک پارٹی کے چیئرمین کی نیب کو دھمکی قانونی عمل کو نہیں روک سکتی۔

گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس میں 24 دسمبر کو نیب راولپنڈی میں پیش ہونے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ نیب نے مجھے غیرقانونی نوٹس بھیجا، پہلے دباؤ میں آئے اور نہ اب آئیں گے، نیب کے سوال ناموں کے جواب بھی دیے ہیں۔

انہوں نے جارحانہ انداز میں کہا تھا کہ ’گرفتاری کا کوئی خوف نہیں اور نہ ہی میں گرفتاری سے ڈرتا ہوں، مجھے گرفتار کیا گیا تو زیادہ خطرناک ہوجاؤں گا، اگر ہمت رکھتے ہو تو مجھے گرفتار کرلو‘۔

پی پی چیئرمین کے بیان پر نیب ترجمان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے اپنے وکیل کے ذریعے نیب راولپنڈی کو لکھے گئے خط میں درخواست کی کہ انہیں 15 جنوری 2020 کے بعد انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ بلاول بھٹو نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیش نہ ہونے کی میڈیا رپورٹس بلاول بھٹو کی نیب کو یقین دہانی کے برخلاف ہے، ایک پارٹی کے چیئرمین کی نیب کو دھمکی قانونی عمل کو نہیں روک سکتی، نیب بدعنوانی کے خاتمے کے لیے قانون کے مطابق کام کرنے والا ادارہ ہے جو کسی بھی تحقیقات میں متعلقہ شخص کا قانون کے مطابق بیان لینے پر یقین رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نیب راولپنڈی نے 24 دسمبر کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں طلب کیا تھا، انہیں بطور ڈائریکٹر زرداری گروپ بلایا گیا تاہم انہوں نے وکیل کے ذریعے سوالوں کے جواب جمع کرائے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے