نوجوان قائداعظم کو اپنا رول ماڈل بنائیں: وزیراعظم

بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے 144 ویں یوم پیدائش پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کواسلامی فلاحی ریاست بنانےکا عزم کریں، نوجوان قائداعظم کو اپنا رول ماڈل بنائیں۔

اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے یوم ولادت پر آج بحثیت قوم ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کو رحم اور تعظیم انسانی جیسے اصولوں پر استوار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسی اسلامی فلاحی ریاست کی صورت میں ڈھالیں گے جس میں عدل و انصاف اور قانون کا بول بالا ہو اور جس کے سماج میں ہر رنگ، مذہب، قوم، نسل اور زبان کے رنگ نمایاں ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ نوجوان بابائے قوم کو اپنا رول ماڈل بنائیں، وہ سراپا صدق و دیانت تھے اور ان کی 40 سالہ جدوجہد کسی ذاتی غرض و غایت کے لیے نہ تھی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائد اعظم برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایسا وطن چاہتے تھے جس میں وہ آزاد زندگیاں بسر کرسکیں اور کوئی بھی دوسرے درجے کا شہری نہ ہو۔

[pullquote] قائداعظم بیسویں صدی کے عظیم اور دوراندیش قائدین میں شامل ہیں: وزیراعظم[/pullquote]

قبل ازیں بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قائد نے ناممکن سالمیت، مثالی کردار، بے لوث عقیدت اور مسلمانوں کے لئے ایک آزاد وطن کے مقصد کے لئے خوب جدو جہد کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم بیسویں صدی کے عظیم اور دوراندیش قائدین میں شامل ہیں اور انہوں نے پوری دنیا میں لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے جو فیصلہ کن آزادی کی تحریک پیش کی وہ ان کی سیاسی بصیرت اور بیداری کا مظہر ہے، اس کے علاوہ وہ آخری سانس تک جمہوری نظریہ اور قانون کے اصول و ضوابط پر ڈٹے رہے۔

وزیراعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور ہم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

عمران خان قائد اعظم کے دو قومی نظریے کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریت ترمیمی بل کے بعد اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف ظالمانہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پوری دنیا کے سامنے بھارت کے نام نہاد سیکولر چہرے کا نقاب اتر چکا ہے۔

ملک بھر میں آج بابائے قوم محمد علی جناح کا 144 واں یوم پیدائش قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

بابائے قوم کی یوم پیدائش کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں، بانی پاکستان کی تصاویر پر مشتمل کیک اور بیکری آئٹمز بھی تیار کیے گئے ہیں جب کہ مزار قائد سمیت شہر کی مرکزی عمارتوں کو سبز رنگ کی لائٹس سے سجایا گیا ہے۔

[pullquote]پاکستان بنانے پر قائد اعظم کا جتنا شکریہ ادا کریں کم ہے: آرمی چیف[/pullquote]

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان بنانے پر قائد اعظم کا جتنا شکریہ ادا کریں کم ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بابائے قوم کے یوم ولادت پر مزار قائد پر حاضری دی اور اور قائداعظم کی سال گرہ پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے متعلق قائداعظم کا وژن دو قومی نظریے پر مبنی تھا جو آج پہلے سے بھی زیادہ ایک حقیقت تسلیم کیا جاتا ہے، پاکستان بنانے پر قائد اعظم کا جتنا شکریہ ادا کریں کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں اقلیتوں سمیت تمام پاکستانی اپنی شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کا وژن ہمیشہ ہماری رہنمائی کرے گا تاکہ ہم پاکستان کو قائداعظم کے اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم کے مطابق آگے بڑھا سکیں۔

یاد رہے کہ قوم نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 144 واں یوم پیدائش جوش و خروش سے منایا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے