وسطی ایشیا کے ملک قزاقستان میں جمعہ کی صبح ایک مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں اب تک 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ایئر پورٹ حکام کے مطابق قزاقستان کی فضائی کمپنی بیک ایئر کا ایک مسافر طیارہ آلماتی کے ہوائے اڈے سے پرواز کرنے کے تھوڑی ہی دیر بعد زمین پر آ گرا۔
طیارے میں 93 مسافر اور عملے کے پانچ اہلکار سوار تھے اور اس کی منزل قزاقستان کا دارالحکومت نور سلطان تھی۔
آٹھ بچوں سمیت کم از کم 60 زخمی افراد کو مقامی ہسپتالوں میں لے جایا گیا۔
قزاقستان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چھ بچے بھی شامل ہیںمقامی وقت کے مطابق صبح سات بج کر 22 منٹ پر جہاز کی بلندی میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔ جہاز پہلے ایک پتھر کے بیریئر سے ٹکرایا اور پھر ایک دو منزلہ عمارت میں جا لگا تاہم اس میں آگ نہیں لگی۔
جائے حادثہ کی فوٹیج میں ایک خاتون کو ایمبولینس کے لیے پکارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں ریسکیو اہلکار بھی نظر آتے ہیں۔
جہازوں کی آمد و رفت پر نظر رکھنے والی ویب سائیٹ فلائیٹ ریڈار24 کا کہنا ہے کہ جہاز نے مقامی وقت کے مطابق سات بج کر 21 منٹ پر اڑان بھری اور جہاز کی طرف سے آخری سگنل بھی اسی منٹ میں موصول ہوا۔
فلائیٹ ریڈار24 کے مطابق بیک ایئر فلائیٹ ایک فوکر 100 طیارہ تھا۔