جمعہ:03 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایرانی سپریم لیڈر نے قدس فورس کا نیا سربراہ مقرر کر دیا[/pullquote]

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے جنرل اسماعیل غنی کو پاسدارانِ انقلاب کے اہم حصے قدس فورس کا نیا کمانڈر مقرر کر دیا ہے۔ وہ ہلاک ہونے والے جنرل قاسم سلیمانی کے نائب تھے۔ جنرل غنی سن 1997 سے پاسداران انقلاب میں شامل ہیں اور کئی برسوں سے جنرل سلیمانی کے نائب چلے آ رہے تھے۔ دريں اثناء سليمانی کی ہلاکت کے بعد دارالحکومت تہران میں ہزارہا افراد امریکا مخالف مظاہروں میں شریک ہیں۔ علاقائی صورت حال کے تناظر میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اپنا یونان کا دورہ مختصر کرتے ہوئے واپس وطن پہنچ گئے ہیں۔

[pullquote]امریکی شہریوں نے عراق چھوڑنا شروع کر دیا[/pullquote]

عراقی آئل فیلڈز میں کام کرنے والے امریکی شہریوں نے رخصت لیتے ہوئے دوسرے ممالک کا رخ کر لیا ہے۔ عراقی وزارت تیل کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر ہلاکت خیز حملے کے بعد امریکی شہریوں نے عراق چھوڑنے کا سلسلہ شروع کر ديا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ابھی تک عراقی آئل فیلڈز پر کوئی غیر معمولی صورت حال نہیں دیکھی گئی اور سب کچھ معمول کے مطابق ہے۔ آج جمعے ہی کو عراق میں امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر عراق چھوڑنے کی ہدایات دیں ہیں۔

[pullquote]حکومتیں ہر شہری کو صحت کی سہولت فراہم کریں، پوپ[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے مختلف ممالک کی حکومتوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ہر شہری کو صحت کی سہولت فراہم کرنے کے ليے عملی اقدامات کریں۔ پاپائے روم نے یہ بھی کہا کہ حکومتیں سماجی انصاف کو نظر انداز نہ کریں۔ انہوں نے تنازعات کی زد ميں موجود علاقوں میں طبی عملے پر متحارب گروپوں کے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ پوپ کے مطابق مختلف سیاسی رہنماؤں نے صحت کے معاملے کو اپنے مفادات کے تناظر میں استعمال کیا، جو قابل افسوس بات ہے۔

[pullquote]روس نے بیلاروس کو خام تیل کی فراہمی روک دی[/pullquote]

روس نے بیلاروس کو خام تیل کی فراہمی روک دی ہے۔ تیل کی سپلائی روکے جانے کی وجہ دونوں ملکوں کے درمیان تیل کی فراہمی سے متعلق ڈیل پر عدم اتفاق ہے۔ اس ڈیل کو حتمی شکل دينے کے لیے دونوں ممالک کی حکومتوں نے يکم جنوری تک کی مہلت مقرر کر رکھی تھی۔ تام مقررہ وقت تک فریقین چند اختلافی معاملات کو حل کرنے میں ناکام رہے۔ بیلاروس بظاہر روس کا حلیف ملک تصور کیا جاتا ہے اور یورپ کو روسی تیل اور گیس کی فراہمی کا ایک اہم راستہ ہے۔

[pullquote]جرمنی میں شرح بے روزگاری میں اضافہ[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ ماہ چھ برسوں میں پہلی بار دسمبر کے مہینے میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ دفتر روزگار کے اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں بے روزگار افراد کی مجموعی تعداد بائیس لاکھ سے زائد ہے۔ دسمبر سن 2019 میں ملکی سطح پر بے روزگار افراد کی تعداد میں سینتالیس ہزار کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارے کے مطابق گزشتہ برس مجموعی طور پر لیبر مارکیٹ میں استحکام رہا لیکن اقتصادی کمزوری کا تاثر ابھرنے پر شرح بے روزگاری میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]آسٹریلوی وزیراعظم بھارتی دورہ منسوخ کرنے پر غور کر رہے ہیں[/pullquote]

آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اپنے ملک ميں لگی جنگلاتی آگ کے تناظر میں بھارت کا سرکاری دورہ منسوخ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ موریسن تیرہ جنوری سے سولہ جنوری تک بھارت کا چار روزہ دورہ کرنے والے ہيں۔ انہیں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس دورے کی دعوت دے رکھی ہے۔ موریسن بھارتی دورے کے بعد جاپان کا بھی دو روزہ دورہ کرنے والے ہيں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ قدامت پسند وزیراعظم موریسن جاپانی دورے کو منسوخ یا مؤخر کرنے کی سوچ رکھتے ہیں۔ آسٹریلیا کی دو ریاستوں وکٹوریا اور نیو ساؤتھ ویلز میں لگی جنگلاتی آگ نے شدت اختیار کر رکھی ہے۔

[pullquote]امریکی حکومت کا ای سگریٹ کے مختلف ذائقوں پر جزوی پابندی کا فیصلہ[/pullquote]

امریکی حکومت نے ای سگریٹ کے سب سے مقبول دو ذائقوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ حکومتی اعلان کے مطابق اس پابندی کا مقصد نوجوان نسل کی صحت کا تحفظ ہے۔ امریکا میں ای سیگرٹ کے دو مقبول ذائقوں جُول اور انجوائے پر پابندی عائد کرنے کا معاملہ گزشتہ برس ستمبر سے وائٹ ہاؤس میں زیر غور تھا۔ امریکی خوراک و ادویات کے قومی ادارے ایف ڈی اے کے مطابق ای سیگرٹ کی کارٹریج میں تمباکو یا مینتھول کے علاوہ کسی اور شے کی آمیزش کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔ جُول ذائقے کے کارٹريج امریکا میں انتہائی مقبول ہيں۔ صحت عامہ کے کارکن ای سیگرٹ کو پھیپھڑوں کی بیماریوں کا سبب قرار دیتے ہیں۔

[pullquote]تباہ ہونے والے تائیوانی فوجی ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس ڈھونڈ لیا گیا[/pullquote]

تائیوانی وزارت دفاع کے مطابق تفتیش کاروں نے تباہ ہونے والے اُس ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس تلاش کر لیا ہے، جس میں ملکی فوج کے سربراہ جنرل شین یی منگ بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل تھے۔ دو جنوری کو فوجی ہیلی کاپٹر دارالحکومت تائی پے سے شمال مشرقی شہر ایلان جاتے ہوئے پہاڑی علاقے میں ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران کریش کر گیا تھا۔ جنرل شین یی منگ ملکی فوج کے پہلے سربراہ ہیں، جن کی ملازمت کے دوران وردی میں ہلاکت ہوئی ہے۔ اس فوجی ہیلی کاپٹر پر سوار تیرہ افراد میں سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فوج کے سربراہ کی ہلاکت پر تائیوان کی تمام فوجی یونٹوں ميں جمعہ تین جنوری کو ملکی پرچم کو سرنگوں رکھا گیا ہے۔

[pullquote]جکارتہ میں سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد چالیس سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

انڈونیشی حکام کے مطابق ملکی دارالحکومت جکارتہ کے ارد گرد شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابوں ميں ہلاکتیں تینتالیس تک پہنچ گئی ہیں۔ شدید بارشوں سے جکارتہ شہر کے ایک سو بیاسی نواحی علاقوں میں سیلابی صورت حال ہے۔ تقریباً چار لاکھ افراد گھر بار چھوڑ کر عارضی مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نے بتایا ہے کہ مختلف علاقوں میں سیلاب کی سطح آج جمعے سے گھٹنا شروع ہو گئی ہے۔ نواحی بستیوں بوگور اور دیپوک میں مٹی کے تودے گرنے سے سب سے زیادہ لوگ ہلاک ہوئے۔ سن 2013 کے بعد جکارتہ میں آنے والا یہ شدید ترين سیلاب ہے۔ چھ برس قبل ایسے ہی سیلاب میں ستاون افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔

[pullquote]جنگلاتی آگ میں پھنسے افراد کو باہر نکالنے کے ليے آسٹریلوی فوجی مشن[/pullquote]

آسٹریلیا کی بحری فوج نے جنوب مشرقی قصبے مالاکُوٹا میں لگی جنگلاتی آگ میں پھنسے سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مشن شروع کر دیا ہے۔ جمعے کو ایک بحری جہاز پر قريب ایک ہزار افراد کو سوار کرایا گیا۔ ان افراد کے ساتھ اُن کا بچا کھچا سامان اور پالتو جانور بھی بحری جہاز پر سوار ہوئے۔ ابھی بھی مالاکوٹا ميں سینکڑوں افراد ساحل پر موجود ہيں اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے منتظر ہیں۔ آسٹریلوی جنگلاتی آگ لاکھوں ایکڑ رقبے کو جلا کر راکھ کر چکی ہے۔ کم از کم بیس افراد آگ کی لپیٹ میں آ کر ہلاک ہو چکے ہيں جبکہ ڈيڑھ درجن افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ آگ کی شدت میں ابھی بھی کمی نہیں ہوئی ہے اور نیو ساؤتھ ویلز میں آج سے سات روز کے ليے ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

[pullquote]جنرل سلیمانی کے قتل کا انتقام لیا جائے گا، خامنہ ای[/pullquote]

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اپنے ایک جنرل کی عراقی ہوائی اڈے کے قريب امریکی فضائی حملے میں ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اِس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس کارروائی کا انتہائی سخت انتقام لیا جائے گا۔ انہوں نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کو شہادت قرار دیا اور کہا کہ حالیہ برسوں میں اُن کی انتھک کوششوں کا انعام یہ شہادت ہے۔ انہوں نے جنرل سلیمانی کی ہلاکت پر ایران میں تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا۔ خامنہ ای نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی ایرانی قوم سلیمانی کے نقش قدم پر چلتی رہے گی۔ جنرل قاسم سلیمانی جمعہ تین جنوری کی علی الصبح ایک امریکی حملے میں ہلاک ہوئے۔

[pullquote]ایرانی جنرل کی ہلاکت پر عراقی شہری ڈانس کرتے رہے، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے دعویٰ کيا ہے کہ ایرانی جنرل کی ہلاکت پر عراق میں لوگوں نے سڑکوں اور گلیوں میں مسرت کے ساتھ رقص کیا۔ پومپیو کے مطابق عراقی شہری تشکر کے ساتھ نعرے لگاتے رہے کہ اب جنرل قاسم زندہ نہیں رہے۔ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کی خبر پھیلنے پر بغداد میں عراقی شہری ملکی پرچم کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئے اور اپنے ملک کے حق میں نعرے بلند کرتے رہے۔ دوسری جانب امریکی سیاسی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاستدان اور سابق نائب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایرانی جنرل کو ہلاک کرنے کے اس فیصلے سے امریکا مشرق وسطیٰ میں ایک بڑے اور سنگین تنازعے کی دہلیز پر پہنچ گیا ہے۔

[pullquote]امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سليمانی کی ہلاکت[/pullquote]

ایران کی اعلیٰ تربیت یافتہ قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی ایک امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ جنرل سلیمانی کو مشرق وسطیٰ کی ایرانی پالیسی کا معمار خیال کیا جاتا تھا۔ امریکی فوج کے صدر دفتر پینٹاگون نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایرانی فوجی افسر پر حملہ بغداد ہوائی اڈے کے قريب جمعے کی صبح کیا گیا۔ اس حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کے اعلیٰ مشیر اور عراقی ملیشیا کمانڈر ابو مہدی المہندس بھی مارے گئے ہیں۔ پینٹاگون کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر امریکی فوج نے یہ اہم دفاعی اقدام کیا ہے تاکہ مشرق وسطیٰ میں امریکی شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ عراقی نیم فوجی دستوں کے مطابق ایئر پورٹ کے قريب کیے گئے راکٹ حملے میں تین عراقی شہری بھی مارے گئے۔

[pullquote]شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری کے مذاکرات شروع کرے، ایسپر[/pullquote]
امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے شمالی کوریا سے کہا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں سے دست برداری کے ليے مذاکرات کی امریکی دعوت قبول کرے۔ ایسپر کے مطابق جزیرہ نما کوریا میں سلامتی کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے سیاسی مذاکراتی عمل ہی بہتر اور مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن سے کہا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار سازی کے سلسلے کو شروع کرنے کے بجائے روک کر رکھیں۔ امریکی وزیر دفاع کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شمالی کوریائی لیڈر نے گزشتہ ہفتے یہ کہا تھا کہ ان کا ملک جوہری ہتھیار سازی اور بیلسٹک میزائل کے تجربات کو مزيد روک نہیں سکتا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے