دنیا مشرق وسطی میں نئی جنگ کے لیے تیار رہے: وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال بہت نازک اور تشویشناک ہے، دنیا اس نئی جنگ کے لیے تیار رہے۔

قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا خطہ امن و خوشحالی سے محروم رہا، حالات نے نئی کشیدگی کو جنم دیا ہے،31 دسمبر کو بغداد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا گیا، امریکا اس واقعے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہراتا ہے، امریکا کی نظر میں جنرل قاسم سلیمانی اس کا ماسٹرمائنڈ ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماہرین اسامہ بن لادن اور ابوبکر بغدادی کی ہلاکت سے زیادہ اس واقعے کو سنگین قرار دیتے ہیں، ایران نے ہنگامی سیکیورٹی کونسل کا اجلاس بلایا جب کہ عراق میں بھی اس واقعے کے خلاف عوامی ردعمل سامنے آیا، عراق میں قاسم سلیمانی کے جنازے سے ردعمل کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے جب کہ عراقی پارلیمنٹ نے تمام غیرملکی فوجیوں کے لیے ملک چھوڑنے کی قرارداد پاس کی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے 3 تاریخ کو اپنا نقطہ نظر پیش کیا، ایرانی وزیرخارجہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور متحدہ عرب امارات سمیت ترکی اور سعودی عرب کے وزرائےخارجہ سے بھی تفصیل سے گفتگو کی جب کہ یورپی ممالک اور دیگر ممالک سے بھی رابطے کریں گے۔

وزیرخارجہ نے پالیسی بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال بہت نازک اور تشویشناک ہے جب کہ صورتحال کبھی بھی کروٹ لے سکتی ہے، ایرانی سپریم لیڈر برملا انتقام کا اظہار کر چکے ہیں، آیت اللہ خامنہ ای اپنی قوم سے بدلے کا وعدہ کر چکے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایران میں غم و غصے کی کیفیت فطری ہے جب کہ مقتدی الصدر نے اپنی فورسز کو بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کہتے ہیں مشرق وسطی کو ایک نئی جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، دنیا اس نئی جنگ کے لیے تیار رہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے