فواد چوہدری پنجاب حکومت کی کارکردگی پر برس پڑے

لاہور: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور پنجاب حکومت کی کارکردگی پر کڑی تنقید کی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نے اجلاس میں اعتراض اٹھایا کہ پنجاب ڈلیور نہیں کر پا رہا جس کے باعث تحریک انصاف کو مجموعی طور پر دباؤ کا سامنا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں نہ سیاسی حصہ ڈلیور کر رہا ہے اور نہ ہی انتظامیہ توقعات پر پورا اتر رہی ہے، پنجاب کے ڈلیور نہ کرنے سے عوامی سیاسی محاذ پر پی ٹی آئی کی کارکردگی پر تنقید ہو رہی ہے اور مرکز کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کور کمیٹی اجلاس میں انکشاف کیا کہ پنجاب کا 350 ارب کا ترقیاتی بجٹ ہے جس میں سے صرف 77ارب روپے ریلیز ہوئے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار حکومت اضلاع کو صوبائی فنانس ایوارڈ بھی نہیں دے رہی، صوبائی سطح پر کچھ ہو رہا ہے نہ اضلاع کو فنڈز منتقل ہو رہے ہیں۔

فواد چوہدری کی نشاندہی کے بعد وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر صوبائی ایوارڈ کر کے اضلاع کو فنڈز منتقل کئے۔

وزرائے اعلیٰ کا خود کو بادشاہ سمجھنا عوامی مفاد کیخلاف

فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں وسائل کی تقسیم کا ہے، وزرائے اعلیٰ کےپاس صوابدیدی فنڈ ہونا آرٹیکل 140-A کی خلاف ورزی ہے، فارمولے کے تحت جیسے وفاق صوبوں میں فنڈز تقسیم کرتا ہے اسی طرح صوبائی سطح پر اضلاع میں فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں، وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں یہ عوامی مفاد کیخلاف ہے۔

فواد چوہدری کا وزیراعظم کے نام خط، نوٹس لینے کی اپیل

وزیراعظم عمران خان کے نام وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے خط لکھ کر اہم معاملات پر نوٹس لینے کی اپیل کردی۔

فوادچوہدری نے آئین کے آرٹیکل 140 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر صوبہ آرٹیکل 140 اے کے تحت لوکل گورنمنٹ سسٹم، سیاسی ،انتظامی اورمالی ذمہ داریاں مقامی حکومتوں کومنتقل کرنے کا پابند ہے، لیکن صوبے مسلسل آئین کے آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کررہے ہیں اور اضلاع کی سطح پر فنڈز کی منتقلی نہیں کی جارہی۔

فوادچوہدری نے کہا کہ پنجاب میں شہبازشریف نے اپنے دور حکومت میں صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ نہیں دیا اور آرٹیکل 140 کی بھر پور خلاف ورزی کی لیکن بدقسمتی ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بھی صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کاابھی تک اعلان نہیں کیا، آرٹیکل 140 پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث اضلاع کو انکا صحیح حصہ نہیں مل رہا، جس سے ضلعی سطح پر مسائل بڑھ رہے ہیں۔

فوادچوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب آپ ہمیشہ سے مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم پر زور دیتے رہے ہیں مگر یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کااجرا نہیں ہوگا، آپ سے گزارش ہے کہ آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کانوٹس لیں اور صوبوں بالخصوص پنجاب کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم دیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے