منظم مافیا معاشرے میں حکومت کیخلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری انتظامی تبدیلی کو ناکام بنانےکے لیے جان بوجھ کر افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے ہیں جہاں ان سے پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب سے منتخب ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ارکان نے اپنے حلقوں میں عوام کے سماجی و ترقیاتی مسائل کے حل میں مشکلات سے آگاہ کیا۔

اس دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملاقات کا مقصد عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مشکلات کے حل کے لیے ہدایات جاری کرنا تھا، ترقیاتی کاموں سے متعلق کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیاجائے گا۔

انہوں نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور عوامی مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے کوشاں رہیں۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومت، انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے درمیان مؤثرمکینزم کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے منشور کا بنیادی عنصر کرپشن کا خاتمہ ہے لیکن ایک منظم مافیا معاشرے میں حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے، یہ وہی عناصر ہیں جو دہائیوں سے مذموم مقاصد کے لیے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری انتظامی تبدیلی کو ناکام بنانےکے لیے جان بوجھ کر افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں، پہلی باربڑے جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے ہیں لہٰذا واضح کردیناچاہتاہوں کہ ہم ہرگز دباؤ میں نہیں آئیں گے، ہمیشہ چیلنجزکاسامناکیاہےاور آئندہ بھی کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ منظر عام پر آئی تھی جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا۔

اس رپورٹ کو لیکر اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ حکومت نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم اب چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے سربراہ سہیل مظفر نے کہا ہے کہ غلط اعداد و شمار دکھا کر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

x

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے