کابینہ کا اجلاس آج، غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جائیگا

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں حکومت ملک میں بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی کنٹرول کرنے سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تقریباً 18 ارب روپے تک کا پیکج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کوئی غریب مہنگائی کی وجہ سے تنگ نہ ہو جب کہ وہ دو دن قبل کابینہ اجلاس میں مہنگائی سے متعلق اہم فیصلوں اور اعلانات کا عندیہ دے چکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے ‏گا اور کابینہ کو سرمایہ کاری پر بریفنگ دی جائے گی۔

اس کے علاوہ ایکسپورٹ اور امپورٹ پالیسی آرڈر 2016 میں ترمیم کی سمری ‏پیش کی جائے گی جب کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز اتھارٹی کے چیئرمین کی تقرری بھی کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ ای سی سی کے 20 جنوری اور 4 فروری کے اجلاسوں کے ‏فیصلوں کی توثیق کرے گی اور ‏4 فروری کو کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی جائے گی۔

اجلاس میں حج پالیسی 2020 کی منظوری دی جائے گی اور رواں سال حج اخراجات کیا ہوں گے اس کا فیصلہ بھی کابینہ کرے گی، اس دوران زائرین مینجمنٹ پالیسی کابینہ میں پیش ہوگی۔

اجلاس میں چھٹی مردم شماری کے حتمی نتائج جاری کرنے کی منظوری ‏دی جائے گی جب کہ ہیومین آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی بھی کابینہ ‏ایجنڈے میں شامل ہوگی۔

علاوہ ازیں وزارت دفاع کی سمری بھی منظوری کے لیے کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ایجنڈے میں پاک امریکا کارگو ٹرانزٹ کےایم اویو میں توسیع شامل ہے، ایم او یو کے تحت امریکی کارگو افغانستان جا اور آسکیں گے۔

اس کے علاوہ پاکستان میں افغان مہاجرین کے معاملے پر عالمی کانفرنس کے انعقاد ‏پربریفنگ دی جائے گی جو 17 اور 18 فروری کو اسلام آباد میں ہوگی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے