امریکی سینیٹ نے ٹرمپ کے جنگ کے اختیارات محدود کر دیئے

امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ چھیڑنے کے صوابدیدی اختیارات محدود کر دیئے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر ٹم کین کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے حق میں 8 ریپبلکن سینیٹرز نے بھی ووٹ دیئے اور 100 اراکین پر مشتمل ایوان نے قرارداد 45کے مقابلے میں 55 ووٹوں سے منظور کر لی۔

سینیٹر ٹم کین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو ایران کے خلاف کوئی بھی ایکشن لینے سے پہلے کانگریس سے منظوری لینا ہو گی۔

ٹم کین اور قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالنے والے دیگر اراکین کا کہنا ہے کہ یہ قرارداد نہ تو ٹرمپ کے حوالے سے ہے اور نہ ہی صدر کے حوالے سے بلکہ یہ قرارداد جنگ کے اعلان کے حوالے سے کانگریس کے اختیارات کی اہمیت کے حوالے سے ہے۔

سینیٹر ٹم کین نے کہا کہ ٹرمپ یا دیگر صدور کے پاس کوئی بھی فوری حملہ کرنے کے لیے امریکا کے دفاع کی اہلیت ہو، ایک بھرپور جنگ کے لیے کانگریس میں بحث اور ووٹ ضروری ہو گا۔

خیال رہے کہ ڈیموکریٹک اکثریت والے ایوان نمائندگان نے بھی گزشتہ ماہ جنگ کے لامحدود اختیارات کے حوالے سے ایک قرارداد منظور کی تھی۔

ہاؤس کے اکثریتی رہنما اسٹینی ہائیر کا کہنا ہے کہ اس ماہ کے آخر میں سینیٹ کی قرارداد کو بھی ایوان نمائندگان میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ کے اختیارات کو ویٹو کرنے کے لیے ایوان نمائندگان اور سینیٹ سے قراردادوں کی دو تہائی اکثریت سے منظوری لازمی ہو گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے