ملکی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی گذشتہ 15 ماہ میں ہوئی: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی گذشتہ 15 ماہ میں ہوئی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت کی اپنی رپورٹ کہہ رہی ہے کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے اور بے روزگاری کا طوفان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے سے قبل عمران خان کہتے تھے کہ حکمران کرپٹ ہو تو مہنگائی بڑھتی ہے اور عوام ٹیکس بھی نہیں دیتے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بتائیں کہ انہوں نے کونسی کرپشن کی ہے جس کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے اور ٹیکس اہداف بھی حاصل نہیں ہورہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے دوبارہ معاہدہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران عوامی نمائندے نہیں ہیں،مسائل سلیکٹڈ نہیں عوامی نمائندوں کی حکومت ہی حل کرسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے بھی آئی ایم ایف سے ڈیل کی لیکن اس میں غریب عوام کے معاشی حقوق کا خیال رکھا تھا ۔

[pullquote] حکومت نے 15 ماہ میں عوام کے لیے کیا کیا؟[/pullquote]

بلاول کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے 15 ماہ میں عوام کے لیے کیا کیا؟ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے اپنے پہلے سال میں18 ویں ترمیم، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ،پینشن میں اضافہ، تنخواہوں میں اضافہ، لیبر اور زرعی اصلاحات جیسے انقلابی اقدام اٹھائے اور عوام پر بوجھ نہیں پڑنے دیا۔

سندھ میں صحافی کے قتل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ غدار وہ ہے جسے آئین نے غدار قرار دیا ہے ، کوئی صحافی غدار کیسے ہو سکتا ہے،عزیز میمن قتل کیس پر جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں۔

ایک سوال پربلاول کا کہنا تھاکہ حکومت نااہل او ر نالائق ہے، شہبازشریف کو واپس آکر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے جب کہ مریم نواز کو لندن جانے کی اجازت ملنی چاہیے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے