آٹا چینی کے اسمگلرز کی گرفتاری کیلئے وزیراعظم ہاؤس پر چھاپا مارا جائے: شہباز شریف

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آٹا چینی کے اسمگلروں کی گرفتاری کے لیے وزیراعظم ہاؤس پر بھی چھاپا مارا جائے۔

اپنے ایک بیان میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آٹا اور چینی بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ چھپا کر اپنے دوستوں کو این آر او دیا۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آٹا چینی اسکینڈل پر حکومتی خاموشی اعترافِ جرم ہے، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری میں ملوث کرداروں کو سامنے لانا ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ سامنے نہ لاکر نیازی صاحب نے مجرموں کا ساتھی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ملک بھر میں گندم کے بحران کے باعث آٹے کی قیمت 70 روپے فی کلو تک جا پہنچی جب کہ آٹےکے بعد چینی کا بحران بھی سر اٹھانے لگا تھا جس کے بعد 3 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے بحران کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی جس کے بعد چند روز قبل لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے آٹے اور چینی کے بحران میں حکومت کی کوتاہی کا اعتراف کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’چینی اور آٹا جو مہنگا ہوا، اس میں ہماری کوتاہی ہے، میں مانتا ہوں، اس کی پوری تحقیقیات ہورہی ہیں’۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پتا چلتا جارہا ہے کہ کون کون اور کس طرح کے طبقوں نے فائدہ اٹھایا ہے، میرا وعدہ ہے کہ ہم کسی کو چھوڑیں گے نہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے