جمعرات : 27 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سعودی عرب میں غیر ملکی زائرین کے داخلے پر پابندی[/pullquote]

سعودی عرب نے جمعرات کو مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات مکہ اور مدینہ میں زیارت کے لیے آنے والے غیرملکیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس سے ماہ رمضان میں عمرے کی غرض سے سعودی عرب پہنچنے والے لاکھوں افراد متاثر ہوں گے۔ اس اقدام سے رواں برس ہونے والے حج کے اجتماع سے متعلق بھی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کورونا وائرس کے کسی مریض کی تشخیص نہیں ہوئی ہے، تاہم اس کا پڑوسی ملک ایران اس وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے چین کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

[pullquote]جنیوا میں لییبا کے متحارب گروہوں کے درمیان امن مذاکرات[/pullquote]

اقوام متحدہ کی زیرنگرانی جنیوا میں لیبیا کے متحارب فریقوں کے رہنماؤں کے درمیان امن مذاکرات ہوئے۔ ان مذاکرات کی وجہ ان متحارب گروہوں کے درمیان طرابلس پر قبضے کے لیے جاری لڑائی ہے۔ اس ملاقات کے چند ہی گھنٹوں بعد لیبیا کی ہائی کونسل آف اسٹیٹ کی جانب سے اقوام متحدہ کو ارسال کردہ ایک خط میں مطالبہ کیا گیا کہ یہ مذاکرات اس وقت تک معطل کر دیے جائیں، جب تک کہ عسکری مذاکرات میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوتی۔ واضح رہے کہ لیبیا کے مشرق میں ایک متوازی حکومت قائم ہے اور خلیفہ حفتر کی زیرقیادت یہ فورسز دارالحکومت طرابلس پر قبضے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس کے انسداد کی کوششیں، جاپان بھر میں اسکول بند[/pullquote]

جاپان نے ملک بھر کے تمام اسکولوں کی بندش کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کے روز ٹوکیو حکومت کی جانب سے یہ بیان کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے کیا گیا۔ وزیراعظم شینزو آبے کے مطابق ملک بھر کے تمام ایلیمنٹری، مڈل اور ہائی اسکول آگے ماہ کے آخر تک بند رہیں گے۔ اس حکومتی اعلان سے جاپان میں چونتیس ہزار آٹھ سو سنتالیس اسکولوں میں پڑھنے والے 12.8 ملین بچے متاثر ہوں گے۔ شینزو آبے نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اگلے دو تین ہفتے انتہائی اہم ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس خطرات، امریکا اور جنوبی کوریا کی جنگی مشقیں ملتوی[/pullquote]

امریکا اور جنوبی کوریا نے سالانہ جنگی مشقوں کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان مشترکہ فوجی مشقوں کے التوا کا فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں کیا گیا۔ امریکا اور جنوبی کوریا کے متعدد فوجی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور اس وقت کئی فوجیوں کو قرنطینہ کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد عسکری تنصیبات بند کی جا چکی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جنوبی کوریا میں 20 کوریائی فوجیوں اور ایک امریکی فوجی میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تشخیص ہو چکی ہے۔ جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 16 سو ہو چکی ہے، جو چین کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

[pullquote]نئی مہاجر بستیوں کے قیام کا منصوبہ، یونانی جزیرے پر چوتھے روز بھی احتجاج[/pullquote]

یونان میں لیسبوس اور چیوس جزائر پر مہاجرین کے نئے حراستی مراکز کی تعمیر کے حکومتی منصوبے کے خلاف مقامی رہائشیوں کی جانب سے چوتھے روز بھی احتجاج جاری ہے۔ ان جزائر پر پہلے ہی مہاجرین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق چند مواقع پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ لیسبوس میں مظاہرین نے ایک فوجی کیمپ کا محاصرہ بھی کیا۔ اسی تناظر میں یونانی وزیراعظم کیراکوس مِتسوتاکیس (Kyriakos Mitsotakis) نے لیسبوس، چیوس اور ساموس جزائر کے میئرز سے ملاقات بھی کی ہے۔

[pullquote]ترکی اگلے ہفتے تک ادلب سے شامی فورسز کو پسپا کر دے گا، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ترک فوج ادلب میں شامی فورسز کو ان کی چوکیوں سے رواں ہفتے پسپا کر دے گی۔ بدھ کے روز ایردوآن کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب شامی فورسز روسی فضائی مدد کے ذریعے ادلب میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس عسکری پیش قدمی کی وجہ سے شامی صوبے ادلب سے قریب ایک ملین افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ ترکی اس خطے میں باغیوں کی امداد کے لیے اپنے سینکڑوں فوجی تعینات کر چکا ہے۔

[pullquote]برطانوی عدالت نے ہیتھرو ایئرپورٹ کی توسیع کا منصوبہ غیرقانونی قرار دے دیا[/pullquote]

ایک برطانوی اپیل عدالت نے جمعرات کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کی توسیع کے منصوبے کو غیرقانونی قرار دے دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ہیتھرو ایئرپورٹ پر تیسرا رن وے تعمیر کیا جانا تھا۔ اس عدالتی فیصلے کو 18 ارب ڈالر کے اس منصوبے کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ اس رن وے کی تعمیر کی منظوری برطانوی حکومت نے سن 2018 میں دی تھی، تاہم برطانوی وزیراعظم بورس جانسن ماضی میں ہیتھرو ایئرپورٹ کی توسیع کی مخالفت کرتے آئے ہیں۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہیتھرو ایئرپورٹ کی توسیع کے حوالے سے کسی بھی پالیسی کی منظوری سے قبل حکومت کو مزید کام کی ضرورت ہے۔ ہیتھرو ایئرپورٹ نے اس عدالتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]مصری صدر السیسی کا حسنی مبارک کو خراجِ عقیدت[/pullquote]

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے فوت ہو جانے والے سابق مصری رہنما حسنی مبارک کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ حسنی مبارک نے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک مصر پر حکومت کی تھی، تاہم وہ سن 2011 میں بڑے عوامی مظاہروں کے تناظر میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔ سابق مصری صدر کے انتقال پر مصر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ حسنی مبارک منگل کو 91 برس کی عمر میں قاہرہ کے ایک فوجی ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ حسنی مبارک کی آخری رسومات میں صدر السیسی کے علاوہ متعدد اہم سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔

[pullquote]کورونا وائرس: مسافروں کے بعد جاپانی کشتی کا عملہ بھی قرنطینہ منتقل[/pullquote]

کورونا وائرس کی موجودگی کی وجہ سے جاپان میں جمعرات کو مسافروں سے خالی کرا لیے جانے کے بعد سیاحتی بحری جہاز کے عملے کو بھی قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔ جاپانی حکومت کے مطابق اس کروز شپ پر قریب چار ہزار افراد موجود تھے، جنہیں اب کشتی سے نکال کر اگلے 14 روز تک زیرنگرانی رکھا جائے گا۔ اس کشتی پر عملے کے دو سو چالیس اراکین کو بھی آج نکال لیا گیا ہے۔ اس کشتی پر سوار متعدد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کشتی سے کورونا وائرس کی موجودگی کے تناظر میں ہسپتال منتقل کیے گئے افراد میں سے چار انتقال کر چکے ہیں۔

[pullquote]ایرانی نائب صدر میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی[/pullquote]

تہران: ایرانی نائب وزیر صحت کے بعد نائب صدر میں بھی کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ترک خبرایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ مجتبیٰ زولنور بھی کوروناوائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ ایران کے نائب وزیر صحت بھی دو روز پہلے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کر چکے ہیں۔ ایران میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے سامنے آرہے ہیں اور ایران میں آج 106 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 7 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

[pullquote]یورپ میں 2019 میں زیادہ افراد نے سیاسی پناہ کی درخواست دی[/pullquote]

یورپی یونین کی سیاسی پناہ سے متعلق ایجنسی EASO کاکہنا ہے کہ 2019 میں سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں کی تعداد میں سن 2018 کے مقابلے میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر یورپی یونین، ناروے، آئس لینڈ، لائشٹن شٹائن اور سوئٹزرلینڈ میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں کی تعداد گزشتہ برس سات لاکھ چودہ ہزار رہی، جو سن 2018 کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہے۔ یورپی ادارے کے مطابق سیاسی پناہ کے زیادہ تر درخواست گزاروں کا تعلق ان ممالک سے تھا، جنہیں شینگن ممالک کے سفر کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ان ممالک میں وینزویلا، کولمبیا، ایل سیلواڈور اور ہونڈورس شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سیاسی پناہ کے نئے درخواست گزاروں میں شامی باشندوں کی تعداد 72 ہزار جب کہ افغان شہریوں کی تعداد 60 ہزار تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے