جمعتہ المبارک : 28 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی میں 60 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق[/pullquote]

جرمن وزارت صحت کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ جرمنی بھر میں اب تک 60 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں وہ افراد بھی شامل ہیں، جو اب دوبارہ صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ جمعے کے روز بتایا گیا ہے کہ جرمنی کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ہائنس برگ میں قریب ایک ہزار افراد قرنطینہ ہیں۔ اس صوبے میں کورونا وائرس کا شکار ایک جوڑا کارنیوال کے ایک جشن میں شریک ہوا تھا۔ واضح رہے کہ اب تک جرمنی کے کئی شہروں اور قصبوں میں متعدد افراد میں اس وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے۔

[pullquote]ترک فوجیوں کی ہلاکت، ایردوآن اور پوٹن کے درمیان ٹیلی فون رابطہ[/pullquote]

ماسکو حکومت کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور روسی صدر ولادیمر پوٹن نے ٹیلی فونک گفت گو میں شامی صوبے ادلب میں دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ ادلب میں ایک شامی فضائی کارروائی میں 33 ترک فوجیوں کی ہلاکت کے بعد صدر ایردوآن نے اپنے روسی ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے حالات کو معمول پر لانے کے لیے اضافی اقدامات پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ترک فوجیوں کی ہلاکت کی وجہ سے پیدا ہونے والی کشیدگی پر بھی تشویش ظاہر کی۔

[pullquote]شامی کارروائی میں ترک فوجیوں کی ہلاک، ترک درخواست پر نیٹو کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]

جمعے کے روز ترکی کی درخواست پر نیٹو کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن ممالک کے مندوبین شمال مغربی شام میں شامی فورسز کی فضائی کارروائی میں 33 ترک فوجیوں کی ہلاکت کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اسی تناظر میں مہاجرین کی ایک بڑی تعداد ترکی سے یونان میں داخلے کی کوشش بھی کر رہی ہے۔ اسی تناظر میں یونان نے اپنی سرحدی نگرانی سخت کر دی ہے۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نیٹو ممالک کے سفیروں کا اجلاس نیٹو معاہدے کے آرٹیکل چھ کے تحت طلب کیا گیا۔ نیٹو معاہدے کی اس شق کے مطابق کوئی بھی رکن ملک اپنی جغرافیائی حدود اور سلامتی کو لاحق خطرات کے تناظر میں دیگر رکن ریاستوں کی مشاورت اور مدد طلب کر سکتا ہے۔

[pullquote]نیروبی میں ایک اہم ہوٹل کو دہشت گردانہ حملے کا خطرہ ہے، امریکی انتباہ[/pullquote]

امریکا نے خبردار کیا ہے کہ شدت پسند نیروبی میں کسی اہم ہوٹل کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔ امریکا کی جانب سے اپنے شہریوں کو اس بابت ہوشیار رہنے کا کہا گیا ہے۔ امریکی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ کس ہوٹل پر کیا جا سکتا ہے، یہ واضح نہیں، تاہم ممکنہ طور پر شدت پسند کسی ایسے ہوٹل کو نشانہ بنا سکتے ہیں جہاں سیاح اور کاروباری افراد ٹھہرے ہوں۔ محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں سے کہا ہے کہ اگر وہ نیروبی میں موجود ہیں، تو ہوشیار رہیں اور ہنگامی طور پر ہوٹلوں سے اخراج کا منصوبہ بنا کر رکھیں۔ واضح رہے کہ کینیا کو حالیہ کچھ عرصے میں متعدد مرتبہ صومالی شدت پسند تنظیم الشباب کے حملوں کا سامنا رہا ہے۔

[pullquote]ترکی کے ساتھ کشیدگی، روس نے دو بحری جنگی جہاز بحیرہ روم میں بھیج دیے[/pullquote]

روس نے کروز میزائلوں سے لیس دو بحری جنگی جہاز بحیرہٴ روم میں شامی ساحلی علاقے میں بھیج دیے ہیں۔ بتایا گیا ہےکہ یہ جنگی بحری جہاز بحیرہ اسود سے بحیرہ روم بھیجے گئے ہیں۔ جنگی بحری جہازوں کی تعیناتی شامی صوبے ادلب میں دمشق فضائی کارروائی میں 33 ترک فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں عمل ہیں آئی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ ترکی ادلب میں حکومت مخالف باغیوں کی مدد میں مصروف ہے، جب کہ شامی فورسز اس علاقے میں مسلسل پیش قدمی کر رہی ہیں۔

[pullquote]تھائی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام[/pullquote]

تھائی لینڈ کے وزیراعظم پرایوت چن اوچا پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب تھائی طلبہ بڑے احتجاج میں مصروف ہیں اور وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں، تاہم پارلیمان میں ان کے خلاف لائی گئی عدم اعتماد کی تحریک میں وزیراعظم پر 272 اراکین پارلیمان نے اعتماد کا اظہار کیا، جب کہ 49 نے ان کے خلاف ووٹ دیا۔ واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں اس وقت فوج کی حمایت یافتہ حکومت قائم ہے اور حال ہی میں ایک عدالت نے کرپشن کے الزامات کے تحت اپوزیشن جماعت فیوچر فارورڈ پارٹی پر پابندی عائد کر دی تھی۔ تھائی لینڈ میں جمہوریت پسند حلقے اس عدالتی فیصلے کو سیاسی قرار دے رہے ہیں۔

[pullquote]برطانوی جج نے اسانج کو عدالت میں ’محفوظ کمرے‘ سے باہر نکلنے سے منع کر دیا[/pullquote]

برطانوی عدالت نے وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کو عدالت میں قائم ’محفوظ کمرے‘ سے باہر نکلنے سے روک دیا ہے۔ اسانج کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ عدالتی سماعت کے دوران انہیں شیشے کے خصوصی کمرے سے باہر نکلنے دیا جائے تاکہ وہ اپنے وکلاء کے ساتھ بیٹھ سکیں۔ برطانیہ میں اسانج کو امریکا کے حوالے کرنے یا نہ کرنے سے متعلق عدالتی کارروائی جاری ہے۔ اسانج نے عدالت سے کہا کہ وہ شیشے کے اس کمرے میں رکھے جانے کی وجہ سے عدالتی سماعت کو ٹھیک سے سننے اور توجہ دینے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اسانج کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل پریشان ہیں اور ڈپریشن کا سامنا کرتے رہے ہیں۔

[pullquote]گولان کے علاقے میں اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں تین شامی فوجی زخمی[/pullquote]

گولان کے پہاڑی علاقے میں ایک اسرائیلی ہیلی کاپٹر کی فائرنگ کے نتیجے میں تین شامی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ شامی سرکاری خبر رساں ادارے سانا کے مطابق اسرائیلی ہیلی کاپٹر نے قحطانیہ اور الحریت کے علاقوں میں شامی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنانا۔ شامی اپوزیشن کی مبصر تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے تاہم اس واقعے میں ایک شامی فوجی کی ہلاکت اور دیگر سات کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ چند برسوں میں اسرائیلی فورسز گولان کے علاقے میں موجود حزب اللہ کے جنگجوؤں اور ایرانی فورسز کے خلاف کئی حملے کر چکی ہیں۔

[pullquote]عالمی بینک نے صومالیہ کے سے روابط بحال کر لیے[/pullquote]

عالمی بینک نے جمعرات ستائیس فروری کو صومالیہ کے ساتھ باقاعدہ روابط بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ روابط گزشتہ قریب تیس برس سے معطل تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس طرح صومالیہ کو کم قیمت ترقیاتی مدد تک رسائی حاصل ہونے کی راہ ہم وار ہو گئی ہے۔ سن 1991میں صومالیہ میں شورش کے آغاز کے بعد عالمی بینک نے صومالیہ کے ساتھ روابط ختم کر دیے تھے، لیکن حالیہ کچھ عرصے میں الشباب کی کارروائیوں کے باوجود عالمی بینک اور صومالی حکومت نے روابط بحال کرنے کی کوششیں جاری تھیں۔ عالمی بینک کے مطابق حالیہ کچھ عرصے میں صومالی حکومت نے اصلاحات سمیت درست جہت میں متعدد اہم کوششیں کی ہیں۔

[pullquote]شامی فضائی کارروائی، 33 ترک فوجی ہلاک[/pullquote]

شامی صوبے ادلب میں دمشق حکومت کے فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے ترک فوجیوں کی تعداد 33 ہو گئی ہے۔ شام کے شمال مغرب میں گزشتہ روز کیے جانے والا حملہ سن 2016 سے شام میں پہلی ترک عسکری مداخلت کے بعد سے اب تک ترک فوج کے لیے سب سے خون ریز واقعہ ہے۔ اس واقعے کے بعد ترکی اور روس کے درمیان کشیدگی میں بھی واضح اضافہ ہو گیا ہے۔ شامی سرحد سے ملحق ترک صوبے ہاتے کے گورنر رحمی دوگان کے مطابق اس واقعے میں دیگر 32 ترک فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان تازہ ہلاکتوں کے بعد فروری سے اب تک ادلب میں ہلاک ہونے والے ترک فوجیوں کی مجموعی تعداد 54 ہو گئی ہے۔

[pullquote]چینی اولمپک سوئمنگ چیمپیئن کا ڈوپنگ سزا کے خلاف اپیل کا عزم[/pullquote]

اولمپک گیمز میں تین بار کے سوئمنگ چیمپیئن چینی پیراک سُن یانگ نے جمعے کو ڈوپنگ سیمپل دینے سے انکار پر آٹھ سال کی عائد پابندی کے خلاف اپیل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سزا ’نامناسب‘ ہے، کیوں کہ وہ ’بے قصور‘ ہیں۔ عدالت برائے آربیٹریشن فار اسپورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں سُن یانگ پر ڈوپنگ سیمپل جمع نہ کرانے پر آٹھ برس کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ چین میں سُن یانگ کے مداحوں نے اس فیصلے کو ’شدید‘ اور ’حیران کن‘ قرار دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے