ہفتہ : 29 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان امن ڈيل پر دستخط ہو گئے[/pullquote]

افغانستان ميں قيام امن کے تاریخی معاہدے پر دستخط ہو گئے ہيں۔ طالبان کی طرف سے دستخط ملا عبدالغنی برادر اور امریکا کی جانب سے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے کیے۔ امريکا اور طالبان قريب دو برس سے جاری امن مذاکرات کے بعد ہفتہ انتيس فروری کو خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ ميں امن ڈیل پر دستخط کيے۔ معاہدے کے بعد افغانستان ميں تعينات امريکی افواج کے انخلاء کی راہ ہموار ہو گئی ہے جبکہ طالبان اورکابل حکومت کے مابين براہ راست مذاکرات بھی شروع ہو سکيں گے۔ اس امن ڈیل سے افغانستان ميں سالہا سال سے جاری جنگ کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ امريکی وزير خارجہ مائیک پومپیو نے بھی دستخط کی تقريب ميں شرکت کی۔

[pullquote]ملائیشیا: محی الدین یٰسین وزير اعظم کے عہدے کے ليے نامزد[/pullquote]

ملائیشیا کے بادشاہ سلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ نے وزير اعظم کے عہدے کے ليے محی الدین یٰسین کو نامزد کر ديا ہے۔ یٰسین اتوار يکم مارچ کو حلف اٹھائیں گے۔ بادشاہ نے اس بارے ميں ہفتے کو جاری کردہ اپنے بیان میں واضح کیا کہ ملک کو درپيش سیاسی بحران کے حل کے ليے یہ ایک بہترین فیصلہ ہے۔ یٰسین سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کی حکومت میں نائب وزیراعظم تھے اور انہیں برخاست کر دیا گیا تھا۔ اس پيش رفت کے بعد سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد کا ٹیکنوکریٹس پر مشتمل حکومت قائم کرنے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا ہے۔ چورانوے سالہ مہاتیر محمد کے تقریباً ایک ہفتہ قبل منصب وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے کے بعد ہی مشرق بعید کے اس ملک میں سیاسی بحران نے شدت اختیار کی تھی۔

[pullquote]ترکی سے ملنے والی سرحد پر يونانی پوليس کی مہاجرين کے خلاف کارروائی[/pullquote]

يونان نے ترکی سے ملنے والی اپنی سرحد پر ہزاروں تارکين وطن کو روک ديا ہے۔ ايتھنز حکومت کے اندازوں کے مطابق شمال مغربی شام ميں تازہ کشيدگی کے تناظر ميں سرحد پر قريب چار ہزار تارکين وطن ہفتے کو جمع ہو گئے جن کی کوشش تھی کہ وہ يورپ ميں داخل ہو جائیں۔ تاہم يونانی پوليس نے آنسو گيس کا استعمال کرتے ہوئے تارکين وطن کے مجمے کو منتشر کر ديا۔ يہ پيش رفت ترک صدر رجب طيب ايردوآن کے جمعرات کی رات سامنے آنے والے بيان کے بعد سامنے آئی، جس ميں انہوں نے کہا تھا کہ يورپ جانے والے مہاجرين کو نہيں روکا جائے گا۔ ترکی ميں تين ملين شامی شہريوں نے پناہ لے رکھی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس سے ايران ميں مزید ہلاکتیں[/pullquote]

ایران میں ہفتہ اٹھائیس فروری کو کووڈ انیس بیماری میں مبتلا مزید نو افراد کے مرنے کی حکام نے تصدیق کی ہے۔ اس طرح کورونا وائرس کی نئی قسم سے ہونے والی ہلاکتیں تینتالیس ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب تہران حکومت نے ايسی خبروں کی ترديد کی ہے کہ کووڈ انيس کے باعث دو سو سے زائد ايرانی شہری ہلاک ہو چکے ہيں۔ وزارت صحت نے انتيس فروری کو بتايا کہ اب تک ملک بھر ميں 593 افراد ميں وائرس کی تشخيص ہو چکی ہے۔ تہران ميں وزارت صحت کے ترجمان نے الزام عائد کيا کہ ذرائع ابلاغ کے غير ملکی ادارے ايران ميں کورونا وائرس کے حوالے سے غلط معلومات پھيلا رہے ہيں۔ قبل ازيں جمعے کو برطانوی نشرياتی ادارے کی فارسی سروس نے وزارت صحت کے ايک ذريعے کے حوالے سے ايران ميں 210 افراد کے ہلاک ہونے کو رپورٹ کیا تھا۔

[pullquote]سلوواکيہ ميں عام انتخابات[/pullquote]

سلوواکيہ ميں آج عام انتخابات کے لیے رائے شماری جاری ہيں۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق مرکز اور مرکز سے دائیں کی طرف جھکاؤ رکھنے والی پارٹيوں کا اتحاد اليکشن ميں کامياب ہو سکتا ہے۔ يورو زون کےاس رکن ملک ميں اعلی سطح پر بدعنوانی کا پردہ فاش کرنے والے ايک صحافی کے قتل کے سياہ بادل اليکشن پر چھائے ہوئے ہيں اور امکان ہے کہ يہ حکمران جماعت کی شکست کا سبب بنيں۔ يہ امکان بھی ہے کہ انتہائی دائيں بازو کی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی آور سلوواکیہ ڈيڑھ سو رکنی پارليمان ميں اپنی پوزيشن مضبوط کرتے ہوئے تيسری سب سے بڑی قوت کے طور پر ابھر سکتی ہے۔ ابتدائی غير حتمی نتائج آج شب سے متوقع ہيں۔

[pullquote]کورونا وائرس دنيا بھر ميں تيزی سے پھيلتا ہوا[/pullquote]

جنوبی کوريا ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی بیماری کووڈ انيس کی 594 افراد ميں تشخيص ہوئی ہے۔ مجموعی طور پر اب اس ملک ميں اس وائرس کے مريضوں کی تعداد قرنب تين ہزار ہو گئی ہے۔ چين کے بعد سب سے زيادہ اس بیماری کے مریض جنوبی کوريا ہی ميں سامنے آئے ہيں۔ تازہ ترين اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر اب تک انتيس سو افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہيں جبکہ وائرس کے شکار افراد کی تعداد پچاسی ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ پچھلے چوبيس گھنٹوں ميں وائرس کے مزيد کئی ملکوں ميں موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔ آذربائيجان، ميکسيکو، نيوزی لينڈ اور نائجيريا ميں اولين مریضوں میں کووڈ انیس کی تشخیص ہوئی ہے۔

[pullquote]نيٹو کے سيکرٹری جنرل کا دورہ افغانستان[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کے سيکرٹری جنرل ژينس اسٹولٹن برگ آج افغانستان کے دورے پر ہيں۔ بتايا گيا ہے کہ ان کے اس دورے کا مقصد مقامی اہلکاروں کے ساتھ کئی اہم امور پر تبادلہٴ خيال ہے۔ اسٹولٹن برگ آج صدر اشرف غنی اور امريکی وزير دفاع مارک ايسپر کے ساتھ ايک ميڈيا کانفرنس ميں بھی شرکت کريں گے۔ علاوہ ازيں وہ افغانستان ميں تعينات امريکی اور نيٹو افواج کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے۔ نيٹو کے سيکرٹری جنرل يہ دورہ ايک ايسے موقع پر کر رہے ہيں، جب دوحہ ميں افغان امن ڈيل پر دستخط ہو رہے ہيں۔

[pullquote]لاس ويگاس ميں آسيان سمٹ ملتوی، امريکی اہلکار[/pullquote]

امريکا نے آئندہ ماہ لاس ويگاس ميں منعقد ہونے والی آسيان سمٹ ملتوی کرنے کا فيصلہ کيا ہے۔ اپنا نام مخفی رکھنےکی شرط پر واشنگٹن انتظاميہ کے ايک اہلکار نے بتايا کہ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے پھيلاؤکو روکنے کی کوششوں کے دوران آسيان ممالک کے ساتھ مشاورت کے بعد اس فيصلے تک پہنچا گيا۔ جنوب مشرقی ايشيائی ممالک کی تنظيم آسيان کے رکن ملکوں کی سمٹ کی ميزبانی اس بار امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کرنے والے تھے۔ يہ سربراہی اجلاس چودہ مارچ کو منعقد ہونا تھا۔

[pullquote]شام ميں کيميائی ہتھياروں کی فيکٹری تباہ کر دی، ترک اہلکار[/pullquote]

ايک ترک اہلکار نے دعوی کيا ہے کہ ترک افواج نے شمال مغربی شام ميں کيميائی ہتھيار تيار کرنے والی ايک فيکٹری تباہ کر دی ہے۔ اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر انقرہ حکومت کے اس اہلکار نے بتايا کہ ترک فوجی دستوں نے جمعے اور ہفتے کی درميانی شب کارروائی کرتے ہوئے حلب سے قريب تيرہ کلوميٹر جنوب ميں واقع اس فيکٹری کو تباہ کر ديا۔ ساتھ ہی دمشق حکومت کے زير کنٹرول کئی ديگر ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنايا گيا۔ واضح رہے کہ شامی فوج کے ہاتھوں درجنوں ترک فوجيوں کی حاليہ ہلاکت پر ان دنوں شام، روس اور ترکی کے مابين شديد کشيدگی پائی جاتی ہے۔

[pullquote]چين، روس اور امريکا کے درميان اسلحے کی روک تھام کا معاہدہ ممکن[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظاميہ نے روس اور چين کے ساتھ اسلحے کو محدود رکھنے کے ليے کسی نئی ڈيل کے ليے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ واشنگٹن حکومت نے ماسکو حکومت کو مطلع کر ديا ہے کہ اس سلسلے ميں سلامتی کونسل کے ديگر ارکان کے ساتھ ايک سمٹ منعقد کرائی جا سکتی ہے۔ امريکا اور روس کے درميان نیو اسٹارٹ نامی ايک معاہدہ آئندہ برس ختم ہو رہا ہے۔ اس معاہدے کی مدت ميں توسيع پر بات چيت جاری ہے تاہم امريکا کا موقف ہے کہ آئندہ کے کسی معاہدے ميں چين کو بھی فريق کے طور پر شامل کيا جائے۔ روس نیو اسٹارٹ ميں پانچ برس کی توسيع چاہتا ہے ليکن وہ چين کی شموليت پر بھی راضی ہے۔

[pullquote]برلينالے فلم فيسٹول ميں آج ’گولڈن بيئر‘ کا اعلان[/pullquote]

جرمنی کا بین الاقوامی شہرت کا حامل برلن فلم فيسٹول آج اختتام پذير ہو رہا ہے۔ سترويں برلينالے فلم فيسٹول ميں آج رات سب سے معتبر ايوارڈز ديے جائیں گے۔ اس بار جرمنی، امريکا، فرانس، جنوبی کوريا اور تائيوان کی فلميں سال کی سب سے عمدہ فلم کے ليے مختص ’گولڈن بيئر ايوارڈ‘ کی دوڑ ميں شامل ہيں۔ برلينالے کے دوران اکہتر ممالک کی تين سو چاليس فلميں برلن ميں چھ مقامات پر دکھائی گئيں۔ منتظمن کا دعوی ہے کہ يہ دنيا کا سب سے بڑا فلم فيسٹول ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے