منگل : 04 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ترکی اور يونان کی سرحد پر کشيدگی برقرار[/pullquote]

ہزاروں مہاجرين کا يونان ميں زمينی راستے سے داخلہ روکنے کے ليے پوليس نے آنسو گيس اور ’اسٹن گرينيڈ‘ استعمال کيے۔ تارکين وطن اور يونانی پوليس کے درميان يہ تازہ تصادم بدھ چار مارچ کو کاستانيس نامی ديہات کے پاس سرحدی باڑ پر ہوا۔ ترکی اور يونان کی سرحد پر پيدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خيال کے ليے يورپی يونين کے نائب صدر جوزف بوريل اور کمشنر برائے کرائسس مينجمنٹ بدھ کو انقرہ ميں ترک نائب صدر سے مل رہے ہيں۔ يورپی يونين کی اعلی قيادت نے منگل کو سرحدی علاقے کا دورہ کيا تھا۔ يونانی حکام کے اندازوں کے مطابق تقريباً پندرہ ہزار مہاجرين ترکی اور يونان کی سرحد پر جمع ہيں۔

[pullquote]اقوام متحد کے ادارے کی بھارتی متنازعہ قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر[/pullquote]

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ہائی کمشنر نے بھارت کے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کو سپریم کورٹ میں چيلنج کر ديا ہے۔ يو اين ايچ آر سی کی کمشنر مچل بيچليٹ نے سی اے اے کے خلاف درخواست گزشتہ روز دائر کرائی، جس ميں اس قانون پر اعتراضات درج کرائے گئے ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اسے اندرونی معاملات ميں مداخلت قرار ديا ہے۔ دوسری جانب اپوزيشن کانگريس پارٹی نے کہا ہے کہ يہ بھارت کے اندرونی معاملات ميں دخل اندازی ضرور ہے تاہم وزير اعظم نريندر مودی کے اقدامات کے سبب بات يہاں تک پہنچی کہ بھارت کی دنيا بھر ميں بدنامی ہو رہی ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا: کووڈ 19 بیماری کے ہسپتالوں میں بیڈز کی کمیابی[/pullquote]

جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کی نئی قسم میں مبتلا مریضوں کی تعداد پانچ ہزار تین سو اٹھائیسں ہو گئی ہے۔ ملک کے چوتھے بڑے شہر دیگو کے ہسپتالوں میں بیمار افراد کے لیے بیڈز کی شدید کمی ہو گئی ہے۔ اِس شہر میں تیئس سو بیمار افراد ہسپتالوں میں داخلے کے منتظر ہیں۔ جنوبی کوریا میں اب تک بتیس افراد اس وائرس کی لپیٹ میں آ کر دم توڑ چکے ہیں۔ بیماریوں کو کنٹرول کرنے والے قومی ادارے کے مطابق ایک مخصوص مسیحی فرقے کے دو لاکھ افراد کے کلینیکل ٹیسٹس کیے جا رہے ہیں۔ وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے صدر مون جے اِن نے وسط مارچ میں متحدہ عرب امارات، مصر اور ترکی کے دورے منسوخ کر دیے ہیں۔

[pullquote]لوگ گھروں میں نماز ادا کریں، تاجک حکومت کی عوام کو تلقین[/pullquote]

وسطی ایشیائی ریاست تاجکستان کی مذہبی کمیٹی نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خاص طور پر جمعے کی نماز ادا کرنے کے لیے مساجد جانے سے گریز کریں۔ یہ امر اہم ہے کہ اس سابقہ سوویت یونین جمہوریہ میں ابھی تک کورونا وائرس کی تشخیص کسی بھی شخص میں نہیں ہوئی ہے۔ تاجک حکومت کی مذہبی امور کی کمیٹی نے اپنے فیس بک پیج پر تحریر کیا ہے کہ بظاہر مساجد جانے یا وہاں مذہبی اجتماع پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے لیکن نماز ادا کرنے والوں کو تلقین کی جاتی ہے کہ وہ ایسے اجتماعات سے گریز کریں۔ کمیٹی کے مطابق اس ہدایت کو جاری کرنے کی درخواست کئی مساجد کے آْئمہ نے کی ہے۔

[pullquote]امریکا کا طالبان پر فضائی حملہ[/pullquote]

امریکی جنگی طیاروں نے امن ڈیل طے ہونے کے بعد طالبان عسکریت پسندوں پر حملے کیے ہیں۔ ان حملوں کی تصدیق امریکی فوج کے ترجمان کرنل سونی لیگیٹ نے کی ہے۔ ترجمان نے امریکی حملوں کو ایک دفاعی اقدام قرار دیا۔ یہ حملے جنوبی افغان صوبے ہلمند کے ضلعے نہر السراج میں افغان سکیورٹی فورسز کی مدد میں کیے گئے۔ امریکی فوج کے ترجمان کے مطابق منگل تین مارچ کو طالبان نے اس علاقے میں افغان فوجی دستوں پر تینتالیس مرتبہ وقفے وقفے سے مختلف مقامات پر حملے کیے تھے۔ طالبان اور امریکا کے درمیان امن ڈیل انتیس فروری کو طے پائی تھی۔

[pullquote]کورونا وائرس کی نئی قسم چین میں بظاہرکنٹرول ہوتی ہوئی[/pullquote]

کورونا وائرس کی نئی قسم سے پھیلنے والی وبا چین میں بظاہر کنٹرول میں ہوتی دکھائی دے رہی ہے لیکن دوسرے کئی ممالک میں پھیلتی جا رہی ہے۔ اب تک دنیا میں اس وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں اکتیس سو سے زائد ہو چکی ہیں جب کہ اس میں مبتلا مریضوں کی تعداد ترانوے ہزار سے زائد ہے۔ چین سے باہر اٹلی میں اناسی افراد کی موت ہو چکی ہے، جب کہ ایران میں اس وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتیں بانوے تک پہنچ گئی ہیں۔ یہ وائرس اب دنیا کے ستر ممالک میں تشخیص کیا جا چکا ہے۔ امریکا میں بھی اس وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد ایک سو سے بڑھ گئی ہے۔ مختلف امریکی شہروں میں اس وائرس نے نو افراد کی جان لی ہے۔

[pullquote]امريکی صدر کی طالبان رہنما سے بات چیت[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک طالبان رہنما سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ طالبان رہنما سے گفتگو کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ طالبان رہنما کے ساتھ اُن کی بات چیت بہت بہتر رہی ہے اور وہ بھی امریکا کی طرح جنگ ختم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ امریکی صدر نے یہ بھی بتایا کہ طالبان رہنما کے ساتھ ان کی بات چیت تقریباً پينتيس منٹ تک جاری رہی۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹويٹ کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی صدر نے فون پر ملا عبدالغنی برادر سے بات چیت کی۔ ملا عبدالغنی طالبان تحریک کے شریک بانی اور قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ہیں۔ امریکا کے ساتھ طے پانے والی ڈیل پر دستخط بھی انہوں نے ہی کیے تھے۔

[pullquote]طالبان نے افغان سکیورٹی فورسز کے بیس اہلکار ہلاک کر دیے[/pullquote]

افغانستان کے سکیورٹی حکام کے مطابق طالبان عسکریت پسندوں کے دو حملوں میں سولہ فوجی اور چار پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔ طالبان کے یہ حملے امریکا کے ساتھ امن ڈیل طے ہونے کے تین ہی دن بعد کیے گئے ہیں۔ سولہ فوجیوں کو قندوز میں ایک چھاؤنی پر کیے گئے حملے میں ہلاک کیا گیا۔ قندوز شہر ہی میں ایک اور حملے میں چار پولیس اہلکاروں کی موت ہوئی۔ ایک ہفتے تک حملے نہ کرنے کے اعلان کے فوری بعد طالبان نے افغان سکیورٹی فورسز کے خلاف اپنی پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ طالبان کے ترجمان کے مطابق ایسے حملے اُس وقت تک جاری رکھے جائیں گے جب تک انٹرا افغان مذاکرات شروع کرنے کا کوئی معاہدہ طے نہیں پاتا۔

[pullquote]امريکا میں طوفانی بگولوں سے دو درجن ہلاکتیں[/pullquote]

امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر نیش ول میں منگل تین مارچ کو زور دار طوفانی بگولوں نے قیامت برپا کر دی۔ ریاستی حکام نے ان تیز رفتار بگولوں سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چوبیس بتائی ہے۔ لاپتہ افراد کی تعداد کا ابھی تک تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ اس طوفان سے پھيلنے والی تباہی کے سبب ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہیں۔ ایک سو چالیس عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انتظامی حکام مجموعی مالی نقصان کا اندازہ لگانے میں مصروف ہیں۔ ٹینیسی کے گورنر نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے اور وسیع پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے کا بھی بتایا ہے۔ بے گھر افراد کو عارضی رہائشی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ملکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کا بتایا ہے۔

[pullquote]ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے ليے ووٹنگ[/pullquote]

امریکا میں رواں برس کے صدارتی الیکشن کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کے حتمی امیدوار کے لیے پارٹی کا داخلی انتخابی سلسلہ جاری ہے۔ منگل تین مارچ کو چودہ ریاستوں میں ڈیموکریٹک پارٹی کے کارکنوں نے ووٹ ڈالے۔ سپر ٹیوز ڈے کی ووٹنگ کے غیر حتمی نتائج کے مطابق سابق نائب صدر جو بائیڈن کی چودہ میں سے آٹھ ریاستوں میں کامیابی یقینی ہے۔ برنی سینڈرز کیلیفورنیا کی ریلست میں سبقت لیے ہوئے ہیں۔ ٹیکساس کی ریاست میں جو بائیڈن کو برنی سینڈرز پر معمولی سے برتری حاصل ہے۔ تین مارچ کو جو بائیڈن کے حق میں افریقی امریکی پارٹی کارکنوں نے زیادہ ووٹ ڈالے۔ وہ ورجینیا، میساچوسٹس، مینیسوٹا اور شمالی کیرولینا کی ریاستوں میں بھی کامیاب رہے۔ بقیہ پارٹی امیدوار کوئی بڑی کارکردگی دکھانے سے قاصر رہے۔

[pullquote]نیپال میں تیرہ بندر ڈوب کر ہلاک[/pullquote]

ایک نیپالی گاؤں کے تالاب میں تیرہ جنگلی بندر ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ بندر گورکھا میونسپیلٹی میں واقع ایک تالاب میں یکے بعد دیگرے ڈوبے۔ مقامی یونین کونسل کے سربراہ نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ ایک ڈوبتے بندر کو بچانے کی کوشش میں بقیہ بندر بھی ڈوبتے گئے۔ تالاب میں رات بھر کی بارش سے پانی زیادہ بھر گیا تھا اور اس باعث اُس کی گہرائی میں اضافہ غیر معمولی تھا۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران یہ دوسرا واقع ہے کہ بندروں کی ایک بڑی تعداد پانی کے کسی تالاب میں ڈوب کر مری ہے۔ قبل ازیں چھ ماہ قبل ایک تالاب میں سولہ بندر ڈوب گئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے