عورت مارچ کریں لیکن معاشرتی فساد برپا کرنیوالوں کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بیٹیاں مارچ ضررو کریں لیکن معاشرتی فساد برپا کرنے والوں کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے۔

عالمی یوم خواتین کے حوالے سے لاہور میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کی خواتین باصلاحیت ہیں، انہوں نے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کیا، ہمیں آج پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف 8 مارچ ہی کیوں ہر دن خواتین کو بااختیار بنانے کا دن ہے، آج کا دن ہم سب کو اپنی ماؤں کو سلام کرنے کا دن ہے اور مجھے فخر ہے کہ میرا تعلق اسلامی فلاحی ریاست سے ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ نئے پاکستان میں خواتین کو ان کے تمام حقوق ملیں گے، خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید قانون سازی کی جا رہی ہے، خوش قسمتی سے پاکستان بدل رہا ہے۔

[pullquote]آج ہمیں دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنا ہے[/pullquote]

اس دوران انہوں نے کشمیر کی باہمت خواتین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی بیٹیوں کا ذکر کر کے آج ہمیں دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنا ہے، انسانی حقوق کے ادارے کشمیر کی بیٹیوں کے حقوق پر خاموش ہیں جس سے بھارتی جارحیت عروج پر ہے، ہمیں دختران کشمیر کا مسئلہ اٹھانا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج خواتین زندگی کے ہر محاذ پر فعال کردار ادا کر رہی ہیں، ملک کا آئین اور قانون ان کو یہ حق دیتا ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ جو بیٹیاں عورت مارچ کرنا چاہتی ہیں ضرور کریں، میں عورت مارچ کرنے والی بیٹیوں کے ساتھ ہوں مگر معاشرتی فساد برپا کرنے والوں کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج صنف نازک کی صلاحیتوں، خدمات اور معاشرے میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

یوم خواتین کے سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں تقریبات، سیمینار اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جن میں خواتین کے حقوق اور ان کے مسائل اجاگر کیے جا رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے