لاہور : گرین ٹاون میں نامعلوم ملزمان گھر میں گھس کر ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق گرین ٹاون کے علاقے میں واقع پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک گھر میں نامعلوم مسلح ملزمان گھر میں گھس گئے اور فائرنگ شروع کردی جس سے باپ اور 3 بچے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین میں باپ کی شناخت اسحاق کے نام سے ہوئی جب کہ بیٹا ابوزر، بیٹیاں، حسنہ اور عاتکہ شامل ہیں، اس کے علاوہ ایک بیٹا اروا ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہوا جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اس حوالے سے ایس پی صدر غضنفرشاہ نے میڈیا کو بتایا کہ واردات کے وقت گھر میں 7 افراد موجود تھے جن میں مقتول کی بیوی اور اس کی بھتیجی محفوظ رہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ دیرینہ دشمنی کا لگتا ہے مگر تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی، فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرکے مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کردیا ہے۔