جمعہ : 13 مارچ 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلٰی فاروق عبداللہ رہا[/pullquote]

بھارت میں پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت گزشتہ سات ماہ سے زائد عرصہ سے زیر حراست جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو آج رہا کر دیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کو خصوصی آئینی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کی دفعہ 370 کو گزشتہ برس پانچ اگست کو نريندر مودی حکومت کی طرف سے ختم کر دیے جانے اور متعدد سکیورٹی پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد سے ہی فاروق عبداللہ کو حراست میں رکھا گیا تھا۔ رہائی کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب تک تمام رہنماؤں کو رہا نہیں کیا جاتا ہے اس وقت تک وہ کوئی بیان نہیں دیں گے۔ فاروق عبداللہ کے بیٹے اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما اور سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے علاوہ متعدد کشمیری رہنما اب بھی حراست میں ہیں۔

[pullquote]’ٹرمپ عراق میں خطرناک ایکشن لینے سے خبر دار رہیں‘: تہران[/pullquote]

ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’ خطرناک ایکشن‘ لینے سے خبردار کیا ہے۔ تہران کی طرف سے یہ بیان گزشتہ روز عراق میں امریکی فورسز کی طرف سے کیے جانے والے فضائی حملے کے بعد آج جمعے کو سامنے آیا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عراق میں خطرناک کارروائیاں کرنے اور ایران پر بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے خطے میں اپنے فوج کے رویے اور موجودگی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ قبل ازاں جمعرات کو امریکا نے عراق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے تھے اور الزام عائد کیا تھا کہ اسی ملیشیا گروپ نے ایک روز قبل تاجی بیس میں امریکی فوجی ٹھکانے کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا تھا جس میں اتحادی فوج کے عملے کے تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]جرمن صوبے باویریا کے تمام اسکول اور کنڈر گارٹن بند[/pullquote]

جرمن صوبے لوور سکسنی نے آج جمعے کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام تر اسکولوں کو ایسٹر کی چھٹیوں تک بند رکھنا کا اعلان کر دیا۔ اُدھر دارالحکومت برلن آئندہ ہفتے سے ڈے کیئر سینٹرز اور اسکولوں کو مرحلہ وار بند کرنے کا سلسلہ شروع کر دے گا۔ قبل ازیں جرمنی کے جنوبی صوبے باویریا کے تمام اسکولوں اور کنڈر گارٹنز کو 6 اپریل تک بند رکھنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ امریکا میں اور کئی ديگر ملکوں ميں عوامی اجتماعات اور بڑے ایونٹس ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

[pullquote]باویریا: ہسپتالوں میں مریضوں سے ملنے پر پابندی[/pullquote]

جنوبی جرمن صوبے باویریا کے ہسپتالوں میں بیماروں کی عیادت کے اوقات بہت محدود کر دیے گئے ہیں۔ اس کا مقصد بوڑھے اور بیمار لوگوں کو متعدی کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ باویریا کی صوبائی وزیر صحت میلانی ہومل نے جمعے کو اس بارے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں داخل مریضوں کے پاس دن میں ایک فرد محض ایک گھنٹے کے لیے جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں قریب المرگ مریضوں سے ملاقات کے متمنی افراد جو انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر مریض سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں یا ہسپتال میں داخل بچوں کے قریبی رشتہ داروں کو محض استثنیٰ حاصل ہوگی۔ دریں اثناء باویریا میں بوڑھے افراد اور مریضوں کی دیکھ بھال کے مراکز کے دوروں پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

[pullquote]ایشیا کے بڑے شہروں میں کلیساؤں کی بندش[/pullquote]

کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کے خلاف اقدام کے طور پر ملائیشیا سنگاپور، ہانگ کانگ اور فلپائنی دارالحکومت منیلا میں کیتھولک چرچ کی قیادت نے اگلی اطلاعات آنے تک عبادتی اجتماعات بند کر دی ہیں۔ یہ اعلان آج جمعے کو صدر روڈریگو ڈوٹیٹرے کی جانب سے دیے گئے اُن احکامات کے بعد کیا گیا جس میں انہوں نے منیلا کو بیرونی دنیا سے منقطع کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر سیل کرنے کا حکم دیا تھا۔ منیلا کے بیشپ بروڈرک پیبیلو نے جمعے کو ایک خط کے ذریعہ چرچ کی تمام دعائیہ تقریبات منسوخ کردیں۔ اُدھر سنگاپور میں آرچ بشپ ولیم گوہ نے چرچ کے دوبارہ کھلنے کو منسوخ کردیا ہے یہ اعلان کچھ دن پہلے ہی کیا گیا تھا۔ ہانگ کانگ میں بھی گرجا گھر بند ہیں۔

[pullquote]کینیڈا کے وزیر اعظم کی اہلیہ کورونا وائرس کا شکار[/pullquote]

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد وزیر اعظم ٹروڈو نے دو ہفتے الگ تھلگ رہنے کا اعلان کیا ہے ۔ ان کی اہلیہ صوفی گریگوئر ٹروڈو حال ہی میں برطانیہ سے وطن واپسی لوٹی تھیں۔ جمعرات کو انہیں ہلکے بخار اور زکام کی شکایت ہوئی جس سبب ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ ہوا، جس کے نتائج مثبت آئے۔ دریں اثناء کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں مہلک وائرس کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو محدود رکھنے لیے وہاں تمام اسکولوں بند کر دیے گئے ہیں۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی صحت بہتر ہے اور ان میں کورونا کی کوئی علامات فی الحال نہیں پائی جاتیں ہیں تاہم احتیاطی تدبیر کے طور پر اور ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد وہ 14 دن تک الگ تھلگ رہیں گے۔ جبکہ اُن کی اہلیہ صوفی 14 دن کے لیے قرنطینہ میں رہیں گی۔ کینیڈا کے ایک سرکاری بیان میں تاہم کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اپنے فرائض پوری طرح سے نبھاتے رہیں گے اور اپنے عوام سے خطاب بھی کریں گے۔

[pullquote]بھارت: کورونا وائرس ایک شخص ہلاک،76 متاثر[/pullquote]

بھارت ميں کورونا وائرس کے مريضوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے جبکہ ايک شخص اس وائرس کے باعث ہلاک بھی ہو چکا ہے۔ حکومت اور عوام کے ساتھ بالی ووڈ بھی اس وبا سے پریشان ہے اور متعدد فلمی ستارے اپنے طور پر مشورے دے رہے ہیں۔ امیتابھ بچن اور پرینکا چوپڑا سمیت بالی ووڈ کے کئی اداکاروں نے لوگوں کو کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اس وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے مشورے دیے ہیں۔ امیتابھ بچن نے ایک ویڈیو پوسٹ کر کے کہا کہ کورونا وائرس سے ہر کوئی پریشان ہے لیکن ‘بھارت میں آنے پر ہم اسے ‘ٹھینگا‘ دکھا دیں گے‘۔ دریں اثنا کورونا وائرس کے مضمرات کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارتی فلمی صنعت خود کو تیار کر رہی ہے۔ متعدد فلم سازوں نے اپنی فلموں کی شوٹنگ ملتوی کر دی ہے۔کئی فلموں کی ریلیز کی تاریخ موخر کر دی گئی ہے اور فلمی تقریبات منسوخ یا معطل کر دی گئی ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس: دنیا بھر میں 4,970 ہلاکتیں[/pullquote]

کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار نو سو ستر ہو چُکی ہے۔ چین کے علاوہ کووڈ انيس کی وبا دنیا کے 125 ممالک تک پھیل چُکی ہے۔ اس کے پھیلاؤ سے حالیہ دنوں میں متاثر ہونے والے ممالک میں ٹرینیڈاڈ، ٹوباگو اور گھانا نماياں ہیں جہاں کورونا وائرس کے اولین کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں جبکہ الجزائر، آذربائيجان، یونان، ناروے، پولینڈ اور بھارت میں کورونا وائرس کے سبب ہونے والی اولین ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔ اب تک اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں میں چین، اٹلی ،ایران، اسپین، جنوبی کوریا، فرانس، جرمنی اور امریکا ہیں۔ چین میں اب تک تین ہزار ایک سو انہتر افراد موت کے مُنہ میں جا چُکے ہیں جبکہ کورنا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایران میں چار سو انتیس، اسپین میں چھیاسی، جنوبی کوریا میں چھیاسٹھ اور فرانس میں اڑتالیس بتائی گئی ہے۔ امریکا میں چالیس اور برطانیہ میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ بھارت میں بھی کورونا وائرس سے ایک ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہےاور چوبیس گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے کیسز کی تعداد میں23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اٹلی میں ایک سو نواسی افراد کی ہلاکت کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سولہ ہو چُکی ہے۔

[pullquote]آیت اللہ علی خامنہ ای کے پالیسی مشیر قرنطینہ میں[/pullquote]

ایرانی سپریم ليڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے پالیسی مشیر کو نئے کورونا وائرس کے انفیکشن سے متاثر ہونے کے شبے میں قرنطینہ میں ڈال دیا گیا ہے۔ جمعے کو سامنے آنے والی مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق علی اکبر ولایتی میں کووڈ 19 کی علامات ظاہر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ان کے ڈاکٹروں نے احتیاطی تدبیر کے طور پر انہیں قرنطینہ میں ڈالنے کا فیصلہ کیا۔ ایران کےسپریم لیڈر کے اہم مشیر علی اکبر ولایتی کو بااثر سیاستدان کی حیثیت سے دیکھا جاتا ہے۔اب تک کم از کم آٹھ ایرانی چوٹی کے عہدیداروں کی ہلاکت کورنا وائرس کے سبب ہو چُکی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں 2020ء ہوائی سفر کے بزنس میں خسارے کا سال[/pullquote]

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے نزدیک قائم کمپنی فراپورٹ نے جرمنی کے ہوائی سفر کے بزنس کو ایک بہت بڑے خسارے سے متنبہ کیا ہے۔ یہ کمپنی جو جرمنی کے ہوائی سفر کے مرکزی حصے کو چلاتی ہے، نے کہا ہے کہ 2020 ء میں اس صنعت کے منافع میں تیزی سے کمی آئے گی۔ یہ بات فراپورٹ کمپنی کی طرف سے 2019 ء کے بزنس سے متعلق نتائج کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہی گئی۔ اس کمپنی کے چیف ایگزیکٹواسٹیفن شولٹ نے کہا کہ آئندہ ہفتوں اور مہینوں کے دوران سفر اور ہوائی ٹریفک میں تیزی سے کمی واقع ہوگی اور اس کی حد اور مدت کا اندازہ بھی نہیں لگایا جا سکتا۔ اس سے منافع کی شرح پر شدید اثرات مرتب ہوں گے۔ 2019 ء کے دوران فراپورٹ نے 3.7 بلین یورو کے کاروبار میں 4.5 فیصد یعنی 1.18 بلین کا اضافہ ہوا تھا۔

[pullquote]عراق میں شعیہ ملیشیا پر فضائی حملے کی پینٹاگون کی تصدیق[/pullquote]

امریکی محمکہ دفاع پینٹاگون نے عراق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کرنے کی تصدیق کر دی ہے ۔ جمعرات کو عراق میں تعينات اتحادی فوج کے عملے کے تین افراد ایک راکٹ حملے میں ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔ پینٹا گون کا کہنا ہے کہ امریکی فضائیہ نے عراق میں ایران کی حمایت یافتہ شعیہ ملیشیا کے ہتھیاروں کے پانچ ذخائر کو نشانہ بنایا۔ پینٹاگون کے مطابق اسی گروپ نے جمعرات کو تاجی بیس میں امریکی فوجی ٹھکانے کو نشانہ بنایا تھا۔ فضائی حملوں سے متعلق پینٹا گون نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکا نے دفاعی نکتہ نظر سے عراق کے مختلف مقامات پر کتائب حزب اللہ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب عراقی فوج کا کہنا ہے رات مقامی وقت کے مطابق قریب سوا ایک بجے امریکی حملے میں ملک کی پیرا ملٹری فورسز، پولیس اور فوج کے چار مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس کے مطابق جرف الاسخر، الامسیّب اور نجف جیسے علاقوں کو نشانہ بنایا گيا ہے جو پیرا ملٹری فورسز کی یونٹ اور ہنگامی حالات کے لیے عراقی فوج کے خصوصی کمانڈوز کا ٹھکانہ ہیں۔

[pullquote]اولمپک گیمز شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے: جاپان[/pullquote]

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے سبب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ٹوکیو اولمپکس ایک سال کے لیے ملتوی کرنے کی تجویز کو جاپان نے سختی سے رد کر دیا ہے۔ جمعے کو جاپان کے اولمپک کھیلوں کے وزیر اور اولمپک کے برونز میڈیلسٹ سیکو ہاشیموٹو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولمپک کھیلوں کی منسوخی یا التوا کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ او آئی سی اور آرگنائزنگ کمیٹی اس بارے میں غور تک نہیں کر رہی ہے اور منسوخی یا التوا ہرگز نہیں ہوگا۔ ہاشیموٹو نے کہا کہ تین ماہ قبل جب چین سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ شروع ہوا تھا اُس وقت سے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور ٹوکیو اولمپک گیمز کے منتظمین آپس میں مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے حتمی طور پر کہہ دیا ہے کہ اولمپک کھیل شیڈول کے مطابق 24 جولائی سے ہی منعقد ہوں گے۔ امریکی صدر نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ جاپان اس بارے کے اولمپک کھیلوں کو ملتوی کر دے۔

[pullquote]نیپال نے ہمالیہ کی چوٹیوں کی مہمات کا سیزن ملتوی کر دیا[/pullquote]

نیپال نے ماؤنٹ ایورسٹ سمیت ہمالیہ کی چوٹیوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعے کو ایک حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس پھیلنے کے خوف کی وجہ سے کوہ پیمائی کے اس سیزن میں یہ چوٹیاں بند رہیں گی۔ نیپال میں ماؤنٹ ایورسٹ سمیت دنیا کی 14 بلند ترین پہاڑ پائے جاتے ہیں۔ نیپال کو ہر سال ماؤنٹ ایورسٹ سمیت دیگر پہاڑیوں کی چوٹی سر کرنے کے لیے چار ملین ڈالر سے زائد رقم فیس کی صورت میں ملتی ہے۔ نیپال کے سیاحت کے وزیر یوگیش بھٹارائے نے پواڑیوں کے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مارچ سے مئی کے ماہ تک کا اس سال کا مہمات کا سیزن معطل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کووِڈ 19 کو عالمی وبا قرار دے دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے