کورونا سے نمٹنے کے لیے ریلیف فنڈ قائم کرنے اور ‘ٹائیگر فورس’ بنانے کا اعلان

وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر ملک میں لاک ڈاؤن سے انکار کرتے ہوئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ‘ پرائم منسٹر کورونا ریلیف فنڈ’ کا اعلان کردیا۔

کورونا وائرس کے حوالے سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، کورونا کے خلاف جنگ میں کامیاب ہونے والا واحد ملک چین ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہاں بھی چین والے حالات ہوتے تو میں تمام شہر بند کردیتا لیکن مسئلہ یہ ہے کہ یہاں لوگ شدید غربت میں رہتے ہیں،اگر ہم لاک ڈاؤن کرتے اور ان غریبوں کا خیال نہ کرتے تو کوئی لاک ڈاؤن کامیاب نہیں ہوسکتا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کورونا سے متعلق ریلیف فنڈ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ریلیف فنڈ کا اکاؤنٹ کل سے آپریشنل ہوجائے گا اور اس میں امداد جمع کرائی جاسکے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلیف فنڈ کہاں استعمال ہورہا ہے اس کی مکمل تفیصل قوم کو بتائی جائے گی جب کہ آپ اس میں جو پیسہ ڈالیں گے اس کے بارے کوئی سوال نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس امیر اور غریب میں فرق نہیں کرتا،برطانوی وزیراعظم بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں،کوئی حکومت اکیلے کورونا کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتی ، حکومت اور قوم جب مل کر لڑے گی تو کورونا کے خلاف جنگ جیتی جاسکتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر ہم غریب لوگوں کو گھروں میں کھانا نہیں پہنچا سکتے تو لاک ڈاؤن کامیاب نہیں ہوسکتا، سوچے سمجھے بغیر لاک ڈاؤن کرنے پر بھارتی وزیراعظم مودی کو قوم سے معافی مانگنا پڑی، اب بھارت میں حال یہ ہے کہ اگر وہ لاک ڈاؤن ہٹاتے ہیں تو بیماری پھیل جائے گی۔

[pullquote]وزیراعظم کاکورونا ٹائیگر ریلیف فورس بنانے کا اعلان[/pullquote]

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا جو 8 ارب ڈالر ہے، کورونا کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کورونا ٹائیگر ریلیف فورس بنا رہے ہیں جو کہ لوگوں کو امداد پہنچائے گی اور وائرس سے متعلق آگاہی اور آئسولیشن کا طریقہ کار بتائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کو سرمائے سے شکست نہیں دی جاسکتی، پوری قوم متحدہ ہوگی تو کامیابی ملے گی، کورونا کے خلاف ہماری طاقت ایمان اور نوجوان ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹائیگر فورس میں ینگ ڈاکٹرز، نرسز ، اسٹوڈنٹس ، ڈرائیور سب شریک ہوں گے ،ٹائیگر فورس اور ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر تمام کمی پوری کریں گے۔

[pullquote]’اناج کی کمی نہیں ،ذخیرہ اندوزوں کو عبرتناک سزا دی جائیگی'[/pullquote]

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں اناج کی کوئی کمی نہیں اور لوگوں کی بھوک پر پیسے بنانے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا اور ذخیرہ اندوزوں کو عبرتناک سزا دی جائے گی ۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1700 سے زائد ہوچکی ہے جب کہ اس وائرس سے 22 افراد بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے