ملک میں آج کورونا سے مزید ایک شخص جاں بحق، ہلاکتیں 41 اور مریضوں کی تعداد 2724 ہوگئی

ملک میں آج کورونا وائرس سے مزید ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 41 تک جاپہنچی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2724 ہوگئی ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

ملک میں اب تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے زیادہ 14 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 12، پنجاب میں 11، گلگت میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

[pullquote]آج کورونا کے کیسز کی صورتحال[/pullquote]

آج بروز ہفتہ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 84 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے سندھ میں 56، پنجاب میں 18، اسلام آباد 7 اور آزاد کشمیر سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

[pullquote]پنجاب[/pullquote]

پنجاب میں آج اب تک 18 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1087 ہوگئی ہے۔

صوبے میں اب تک کورونا سے 11 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں جن میں سے لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

جب کہ صوبے بھر میں اب تک کورونا کے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

[pullquote]سندھ[/pullquote]

سندھ میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے اب تک مزید 56 کیسز سامنے آچکے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 839 بتائی گئی ہے۔

جب کہ صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے 47 نئے کیسز کے ساتھ 830 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے اور صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں 38، حیدرآباد 1، بدین 1، جامشورو 2 اور ٹنڈو محمد خان میں 5 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

محکمہ صحت کی سمری کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ کیسز کراچی میں ہیں جن کی تعداد 380 ہے۔

بروز جمعہ صوبے میں کورونا وائرس سے 3 ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے 2 کراچی اور ایک حیدرآباد سے رپورٹ ہوئی۔

سندھ میں اب تک کورونا سے ہونے والی 14 ہلاکتوں میں سے صرف کراچی میں 12 ہلاکتیں ہوئیں جب کہ حیدرآباد میں تعداد 2 ہے۔

سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے کل 74 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔

[pullquote]اسلام آباد[/pullquote]

آج بروز ہفتہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کےمزید 7 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 75 ہوگئی ہے۔

[pullquote]آزاد کشمیر[/pullquote]

آزاد کشمیر میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق وزیر صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔

وزیر صحت ڈاکٹر نجی نقی کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

وزیر صحت نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں ایک مریض کورونا سے صحت یاب ہوا ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

[pullquote]خیبرپختونخوا [/pullquote]

حکومت پاکستان کی جانب سے جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایک ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے اب تک متاثرہ افراد کے حوالے سے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تو گزشتہ روز کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 343 ہے۔

صوبائی وزارت صحت کے مطابق صوبے میں 30 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

[pullquote]بلوچستان[/pullquote]

بلوچستان میں جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 175 ہوگئی۔

صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹروں سمیت 38 افراد میں مقامی طور پر کورونا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی جب کہ 19 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

[pullquote]گلگت بلتستان[/pullquote]

بروز جمعہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 193 ہوگئی ہے۔

مشیر اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق نئے کیسز استور، نگر اور گلگت سے سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں مہلک وائرس سے متاثرہ 9 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

[pullquote]14 اپریل تک لاک ڈاؤن جاری[/pullquote]

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے