کورونا سے مزید 3 ہلاکتیں، تعداد 64 ہوگئی، مجموعی کیسز 4437

پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 64 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4437 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 64 ہلاکتوں میں سے سندھ میں سب سے زیادہ 21 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 20 اور پنجاب میں 17 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

[pullquote]آج کورونا کے کیسز کی صورتحال[/pullquote]

آج بروز جمعرات ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 230 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جو خیبرپختونخوا اور سندھ سے رپورٹ ہوئی ہیں۔

آج اب تک سندھ میں 92 کیسز ایک ہلاکت، پنجاب میں 80کیسز، خیبرپختونخوا 33 کیسز اور 2 ہلاکتیں، آزاد کشمیر 5 کیسز ، بلوچستان ایک کیس جب کہ اسلام آباد میں 19 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

[pullquote]سندھ[/pullquote]

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 642 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 92 نئے کیسز ظاہر ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1128 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے ایک وفات بھی ہوئی جس سے صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی۔

مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں اب تک 349 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

[pullquote]خیبرپختونخوا[/pullquote]

خیبرپختونخوا میں آج کورونا وائرس کے اب تک مزید 33 کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کیسز کی تعداد 560 ہوگئی جب کہ شانگلہ اور کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے مریض کورونا سے انتقال کرگئے جس کے بعد کے پی میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ کورونا کے سب سے زیادہ 108 کیسز پشاور میں رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ صوبے میں اب تک 122 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

[pullquote]پنجاب[/pullquote]

پنجاب میں آج بروز جمعرات کورونا کے اب تک مزید 80 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2188 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 17 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کیسز کی تصدیق کی جس کے مطابق 58 قیدی، 695 زائرین، 756 عام شہری اور رائے ونڈ قرنطینہ میں کورونا کے 657 مریض ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا سے 17 اموات ہوئی ہیں جب کہ 35 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

[pullquote]اسلام آباد[/pullquote]

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا کے مزید 19 کیسز سامنے آچکے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 102 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

[pullquote]بلوچستان[/pullquote]

بلوچستان میں آج اب تک کورونا کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے جس کی تصدیق صوبائی ترجمان نے کی۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں ایک کیس کے اضافے کے ساتھ کیسز کی مجموعی تعداد 213 ہوگئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ آج کورونا وائرس سے متعلق 95 افراد کی ٹیسٹ رپورٹس موصول ہوئیں جن میں سے صرف ایک شخص میں کورونا کی تصدیق ہوئی باقی 94 کا نتیجہ منفی آیا۔

واضح رہےکہ صوبے میں کورونا سے اب تک 2 ہلاکتیں ہوچکی ہیں اور 76 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

[pullquote]آزاد کشمیر[/pullquote]

آزاد کشمیر میں آج کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 33 ہوگئی ہے۔

وزیر صحت آزاد کشمیر کے مطابق عباس پور کے علاقے نمجر میں ایک اور پلندری میں 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پلندری میں کورونا کے پہلے مریض کے 2 گھروالوں اور 2 دوستوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

[pullquote]گلگت بلتستان[/pullquote]

گلگت بلتستان میں بدھ کو صرف ایک کیس سامنے آیا جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 213 تک جا پہنچی ہے۔

گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 96مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

[pullquote]پاکستان کورونا کا علاج دریافت کرنے والے ممالک میں شامل[/pullquote]

امریکی قومی ادارہ صحت نے پاکستان کو کورونا وائرس کا علاج دریافت کرنے والے ممالک میں شامل کرلیا۔

امریکی قومی ادارہ صحت کی لائبریری برائے ادویات نے پاکستان کو فہرست میں شامل کیا اور ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد کی 20 رکنی ٹیم کو مریضوں پر تجربات کرنے کے لیے اہل قرار دیا۔

[pullquote]پاکستان میں کورونا چین کے مقابلے میں انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے، چینی ماہرین[/pullquote]

پاکستان کا دورہ کرنے والے چینی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سرد و گرم علاقوں اور رنگ و نسل کی تمیز کیے بغیر پوری دنیا کے انسانوں کو متاثر کر رہا ہے جب کہ پاکستان میں یہ وائرس چین کے مقابلے میں انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس جاندار نہیں لہٰذا اسے مارا نہیں جاسکتا[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کورونا وائرسز ایک سے زائد وائرس کا خاندان ہے جو عام سردی سے لے کر زیادہ سنگین نوعیت کی بیماریوں، جیسے مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم (مرس) اور سیویئر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم (سارس) جیسے امراض کی وجہ بن سکتا ہے۔

[pullquote]ٹائم لائن: پاکستان میں کس عمر کے افراد کورونا وائرس کا ہدف؟[/pullquote]

اگر پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی سرکاری سطح پر دستیاب تفصیلات کا جائزہ لیں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ پاکستان میں وائرس کا زیادہ ہدف اب تک مرد بنے ہیں جب کہ عمر کے حساب سے بھی دیکھیں تو اس وائرس سے متاثر ہونے والے زیادہ نوجوان یا ایسے افراد ہیں جن کی عمریں 20 سال سے 40 سال کے درمیان ہیں۔

[pullquote]25 اپریل تک تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ: حکومتی رپورٹ[/pullquote]

حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

[pullquote]14 اپریل تک لاک ڈاؤن جاری[/pullquote]

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔

[pullquote]مسافر ٹرینیں بند، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال[/pullquote]

وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جو پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔

[pullquote]کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔

[pullquote]جانیے: کورونا وائرس کوئی بائیولوجیکل ہتھیار ہے یا کسی سازش کا نتیجہ؟[/pullquote]

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے سازشی نظریات نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ جیو نیوز نے ان سوالات کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے۔ یہاں کلک کریں۔۔

[pullquote]کورونا وائرس فیس ماسک پرکتنے دن رہ سکتا ہے؟[/pullquote]

کورونا وائرس پر کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ مہلک وائرس اسٹیل اور پلاسٹ کی تہوں پر چار دن جب کہ فیس ماسک پر ایک ہفتے تک موجود رہ سکتا ہے۔

[pullquote]کورونا جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار[/pullquote]

اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کو جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کی موجودہ صورت حال جنگ عظیم دوئم کے بعد پیدا ہونے والی بدترین صورت حال کا منظر پیش کر رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے