پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 190 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 4 ہزار 892 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں اب تک 77 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔سنیچر کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے اب تک 4 ہزار 892 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 762 ہے۔پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جو 2 ہزار 336 تک پہنچ گئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پنجاب میں 19 اموات ہوئی ہیں جبکہ 39 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز موجود ہیں۔ سندھ میں کورونا کے ایک ہزار 318 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 358 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صوبے میں اب تک 28 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور یہ تعداد دوسرے کسی بھی صوبے سے زیادہ ہے،نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا کے 656 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ صوبے میں 25 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 131 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔بلوچستان میں کورونا وائرس کے 220 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ صوبے میں وائرس سے صرف ایک ہلاکت ک ہوئی جبکہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 95 ہے۔گلگت بلتستان میں 215 افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ علاقے میں 125 افراد صحت یاب اور تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 113 ہے جن میں سے 13 افراد صحت یاب ہوئے جبکہ ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 531 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 104 مثبت آئے ہیں۔ ‘یہ دنیا کی سب سے زیادہ اوسط ہے جو کہ تشویش کا باعث ہے۔’انہوں نے مزید کہا کہ ‘اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورت حال خراب ہو رہی ہے۔’بلوچستان میں صوبائی حکومت نے کوئٹہ میں کورونا وائرس ٹیسٹ سیمپلنگ کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت شہر میں وارڈز کی بنیاد پر بلاترتیب ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ ٹیسٹنگ کا ڈیٹا تیار کر کے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے رجحان کا جائزہ لیا جائے گا۔ٹیسٹ سیمپلنگ کے لیے صوبائی حکومت نے ملکی سطح پر تیار کی جانے والی وی ٹی ایم ٹیسٹنگ کٹس خریدنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ٹیسٹ سیمپلنگ کے طریقہ کار کی تیاری کا ٹاسک ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور وزیراعلیٰ ڈیلیوری یونٹ کو دے دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دنیا میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 17 لاکھ کے لگ بھگ ہے جبکہ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاور کر گئی ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دنیا کے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن ہے۔ معروف اور تاریخی شہروں سے لے کر مصروف ترین سڑکوں اور چوراہوں میں ویرانی چھائی ہوئی ہے۔