جمعرات : 16 اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]يورپ ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد قريب ايک ملين[/pullquote]

يورپ ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد ايک ملين کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ڈبليو ايچ او کی يوميہ بريفنگ کے دوران مطلع کيا گيا کہ اس وقت دنيا بھر ميں کوڈڈ انيس کے تقريباً نصف متاثرين بر اعظم يورپ کے مختلف ملکوں ميں ہيں۔ يورپی سطح پر اموات کی تعداد چوراسی ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ دريں اثناء 185 ممالک ميں اس وائرس کی تشخيص ہو چکی ہے اور متاثرين کی عالمی سطح پر تعداد بيس لاکھ سے زائد ہے۔ کووڈ انيس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد ايک لاکھ سينتيس ہزار سے زائد ہے۔ اس مرض سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

[pullquote]برطانيہ ميں لاک ڈاؤن کی مدت ميں توسيع کا امکان[/pullquote]

برطانيہ ميں جاری لاک ڈاؤن کی مدت ميں تين ہفتوں کی توسيع کا امکان ہے۔ وزير خارجہ ڈومينک راب اس سلسلے ميں آج ديگر وزراء سے مشاورت کر رہے ہيں جس کے بعد توسيع کا باقاعدہ طور پر اعلان کيا جا سکتا ہے۔ برطانيہ ميں کووڈ انيس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد قريب تيرہ ہزار ہے اور حکومت يہ کہہ چکی ہے کہ موجودہ صورت حال ميں لاک ڈاؤن ميں نرمی خارج از امکان ہے۔ برطانوی طبی اہلکار آئندہ چند دنوں کے دوران بھی بڑی تعداد ميں اموات کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔

[pullquote]بھارت ميں عوامی مقامات پر تھوکنے والوں کو جرمانے قيد کا سامنا[/pullquote]

بھارتی حکومت نے اعلان کيا ہے کہ عوامی مقامات پر تھوکنے والوں کو جرمانے اور ايک سال تک قيد کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے۔ پان کی پيک تھوکنے وغيرہ جيسے عوامل پر کئی رياستوں ميں پہلے سے ہی پابندی عائد ہے تاہم کورونا وائرس کے پھيلاؤ کے تناظر ميں اب حکومت اس پر سختی سے عملدرآمد کا ارادہ رکھتی ہے۔ تھوکتے ہوئے پکڑے جانے کی صورت ميں سزا طے کرنے کا اختيار رياستی حکومتوں کو ديا گيا ہے۔ بھارت ميں کووڈ انيس کے مصدقہ کيسز کی تعداد آج بروز جمعرات بارہ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

[pullquote]يونانی جزائر سے مہاجرين کی منتقلی آئندہ دنوں ميں ممکن[/pullquote]

يونانی حکومت نے اعلان کيا ہے کہ مختلف جزائر پر قائم مہاجر کيمپوں سے معمر اور طبی حوالے سے کمزور افراد کو منتقل کرنے کا عمل اسی ماہ شروع کر ديا جائے گا۔ اميگريشن منسٹری کے احکامات کے تحت بحيرہ ايجيئن کے يونانی جزائر سے ڈھائی ہزار کے قريب تارکين وطن کو ملک کے مختلف حصوں ميں ہوٹلوں اور ديگر مقابلتاً محفوظ کيمپوں ميں منتقل کيا جائے گا۔ دو ہفتوں پر محيط يہ آپريشن امکاناً انيس اپريل کے بعد شروع ہو گا۔ يونان کے مختلف جزائر پر انتہائی خستہ حال کيمپوں ميں پھنسے مہاجرين کی تعداد چھتيس ہزار کے لگ بھگ ہے جبکہ ملک بھر میں ايک لاکھ مہاجرين موجود ہيں۔

[pullquote]بر اعظم ايشيا ميں اقتصادی ترقی بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ[/pullquote]

عالمی مالياتی فنڈ نے خبردار کيا ہے کہ بر اعظم ايشيا کی تيزی سے ترقی کرتی ہوئی اقتصاديات موجودہ نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے بری طرح متاثر ہو سکتی ہيں۔ آئی ايم ايف کے ايشيا پيسيفک خطے کے ڈائريکٹر چينگ يونگ ری کے مطابق سن 1960 کی دہائی کے بعد ايسا پہلی مرتبہ ہو سکتا ہے کہ خطے ميں اقتصادی نمو کی شرح صفر فیصد رہے۔ ان کے بقول يہ صورتحال سن 2008 اور سن 2009 کے مالياتی بحران اور ايشيا ميں سامنے آنے والے سن 1997 اور سن 1998 کے معاشی بحران سے کہيں زيادہ سنگين ہو سکتی ہے۔ چينگ نے بتايا کہ يورپ اور امريکا ميں کساد بازاری کے اثرات بھی ايشيائی منڈيوں پر منفی انداز میں مرتب ہوں گے۔

[pullquote]امريکا ميں بھی پابنديوں ميں نرمی زير غور[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ملک ميں اقتصادی سرگرميوں کی بحالی ممکن بنانے کے ليے آج ايک منصوبہ پيش کر رہے ہيں۔ تازہ ترين پريس بريفنگ ميں انہوں نے دعویٰ کيا ہے کہ امريکا اس بحران کی شدت سے گزر چکا ہے۔ ٹرمپ نے بتايا کہ انہوں نے چند صنعتوں ميں کام شروع کرنے کے حوالے سے قوائد و ضوابط طے کيے ہيں۔ بريفنگ کے دوران ٹرمپ نے يہ بھی کہا کہ کم متاثرہ رياستيں آہستہ آہستہ يکم مئی سے پابندياں ختم کر سکتی ہيں۔ يہ امر اہم ہے کہ ٹرمپ کے دعوے کے باوجود پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران امريکا ميں چھبيس سو سے زائد اموات ريکارڈ کی گئيں۔

[pullquote]غريب ممالک کے ليے قرضوں کی ادائيگی ميں ايک سال کی رعايت[/pullquote]

ترقی يافتہ ممالک کے گروپ جی ٹوئنٹی نے دنيا کے غريب ترين ممالک کے ليے قرضوں کی ادائيگی ميں ايک سال کی رعايت کا اعلان کيا ہے۔ اس بارے ميں اعلان سعودی وزير خزانہ محمد الجدان نے ديگر رکن ملکوں کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بينکوں کے گورنروں کے ساتھ مشاورت کے بعد بدھ کو رياض میں کيا۔ جی ٹوئنٹی نے غريب ملکوں کو کووڈ انيس کی وبا سے نمٹنے کے ليے بيس بلين ڈالر فراہم کرنے کا بھی کہا ہے۔ اس پيش رفت سے دنيا کے غريب ترين 76 ممالک مستفيد ہو سکيں گے۔ آئی ايم ايف اور عالمی بينک غريب ممالک کے ليے قرضوں کی ادائيگی ميں رعايت کا مطالبہ کرتے آئے ہيں۔

[pullquote]امريکا کا چين پر خفيہ جوہری تجربے کا الزام[/pullquote]

امريکی محکمہ خارجہ نے ايک تازہ رپورٹ ميں الزام عائد کيا ہے کہ چين نے بين الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مبينہ طور پر کم شدت کا کوئی خفيہ جوہری تجربہ کيا ہے۔ اس بارے ميں رپورٹ ’وال اسٹريٹ جرنل‘ ميں شائع ہوئی۔ فی الحال اس بارے ميں زيادہ تفصيلات سامنے نہيں آئی ہيں۔ سن 1996 ميں طے شدہ ’سی ٹی بی ٹی‘معاہدے کے نگران ادارے کی ترجمان نے البتہ کہا ہے کہ چين سے موصولہ ڈيٹا ميں کوئی تبديلی نہيں ديکھی گئی۔ يہ پيش رفت پہلے سے کشيدہ امريکی چينی تعلقات ميں مزيد خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔

[pullquote]جنوبی کوريا ميں اليکشن، حکمران ڈيموکريٹک پارٹی کامياب[/pullquote]

جنوبی کوريا ميں گزشتہ روز منعقدہ پارليمانی انتخابات کے ابتدائی غير حتمی نتائج کے مطابق حکمران جماعت نے واضح اکثريت کے ساتھ يہ اليکشن جيت ليے ہيں۔کورونا وائرس کی وبا کے باوجود اس الیکشن میں پچھلی تين دہائيوںکے مقابلے میں سب سے زيادہ ٹرن آؤٹ ديکھا گيا۔ سترہ ملين سے زائد شہريوں نے رائے دہی کے عمل ميں شرکت کی۔ برسر اقتدار ڈيموکريٹک پارٹی نے تين سو نشتوں کی اسمبلی ميں 180 سيٹيں جيت لی ہيں۔ ان انتخابات ميں قدامت پسندوں کی کارکردگی اب تک کی ناقص ترين رہی۔

[pullquote]سينکڑوں روہنگيا مہاجرين کو ڈوبنے سے بچا ليا گيا[/pullquote]

بنگلہ ديشی کوسٹ گارڈز نے بتايا ہے کہ پناہ کے ليے کشتيوں پر سوار در بدر ٹھوکريں کھانے والے کم از کم دو درجن روہنگيا مہاجرين ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہيں جب کہ 382 کو بچا ليا گيا۔ ايک کوسٹ گارڈ نے بتايا کہ بچائے جانے والے افراد تقريباً دو، تين ماہ سے اس کشتی پر سوار تھے اور اس سبب انہيں خوارک اور ديگر اشياء کی شديد قلت کا سامنا تھا۔ ملائيشيا، تھائی لينڈ اور خطے کے ديگر ملکوں ميں نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث بندرگاہيں بند ہيں اور اسی سبب يہ کشتی کہيں لنگر انداز نہ ہو سکی۔ ڈھاکا حکام کے مطابق ان مہاجرين کو ميانمار روانہ کيا جائے گا۔

[pullquote]ايران خليج فارس ميں خطرناک عوامل سے باز رہے، امريکا[/pullquote]

امريکا نے ايران کو دھمکی دی ہے کہ وہ خليج فارس ميں امريکی بحری جہازوں کے ساتھ ’خطرناک و اشتعال انگير‘ چھیڑ چھاڑ سے باز رہے۔ اطلاع ہے کہ گزشتہ روز تقريباً گيارہ ايرانی بحری جہاز سمندر ميں امريکی بحری جہازوں کے کافی قريب سے انتہائی تيری سے گزرے۔ امريکی حکام کے مطابق جس وقت يہ واقعہ پيش آيا، اس وقت امريکی جہاز بين الاقوامی سمندری حدود ميں تھے۔ فوری طور پر تہران حکومت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے