تحریک انصاف کے قیام کا مقصد قانون کی بالادستی تھا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 24 سال پہلے آج ہی کے دن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جناح کے تصور پر پاکستان کو ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے اپنے مشن کا آغاز کیا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں عمران خان نے کہا کہ اس مشن کی تکمیل کے لیے چند مقاصد کا حصول ضروری تھا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ان مقاصد میں قانون کی بالادستی، امیرو غریب کے فرق کے بغیر انصاف کی فراہمی اور طاقتور کو قانون کے زیردست لانا شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ غریب کو غربت سے نکالنے کے لیے ریاست اور قومی وسائل کو امیر طبقے کے تسلط سے آزاد کراکے وسائل کی یکساں تقسیم کو یقینی بنانا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد دوسری سیاسی جماعتوں کی نسبت طویل اور کٹھن رہی ہے، آج میں نعیم الحق، احسن رشید اور سلونی بخاری سمیت اپنے ان بانی ساتھیوں کو یاد کرنا چاہتا ہوں جو اب ہم میں نہیں رہے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر 25 اپریل 1996 میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی تھی اور 22 سال کی جدوجہد کے بعد 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی اور حکومت بنائی جبکہ عمران خان وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے