احسان اللہ احسان بلاول کو دھمکیاں دے رہا ہے، کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ دہشت گرد احسان اللہ احسان کے ٹوئٹر اکاونٹ سے بلاول بھٹو زردای کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اگر بلاول کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان نیازی ہوں گے۔

شیری رحمان نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ احسان اللہ احسان کے آفیشل ٹوئٹر سے بلاول بھٹو کو دھمکی دی گئی، حکومت اس کا کھوج لگائے کہ وہ کدھر ہے، کسی کی تحویل میں کیوں نہیں ہیں ؟

شیری رحمان نے سوال کیا کہ احسان اللہ احسان کو عمران خان کی حکومت نے چھٹی کیوں دی ہے؟ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تصدیق کی کہ جس اکاؤنٹ سے دھمکی دی گئی وہ احسان اللہ احسان کا ہی اکاؤنٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول کو خراش بھی آئی اور کچھ ہوا تو عمران خان نیازی ذمہ دار ہوگا، عمران خان نے اسامہ بن لادن کو شہید کہا، بیان واپس بھی نہیں لیا۔

شیری رحمان کے بیان پر قائد ایوان ڈاکڑ شہزاد وسیم نے کہا کہ محترمہ نے بڑی شد و مد سے یہ بات کی ہے، ان کی سینیٹ کے ایوان میں واپسی بنتی ہے، اپوزیشن بات سننا نہیں چاہتی تو ایوان سے جائیں۔ قائد ایوان کے بیان پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ رواں برس فروری میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ سرکاری تحویل سے فرار ہوگیا ہے۔

17 فروری 2020 کو وفاقی حکومت نے پہلی بار باقاعدہ طور پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے سرکاری تحویل سے فرار ہونے کی تصدیق کی تھی۔

یاد رہے کہ احسان اللہ احسان نے2017 میں رضاکارانہ طور پر خود کو انٹیلی جنس اداروں کے حوالے کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق احسان اللہ احسان نے سرنڈر کرنے سے قبل ہی حساس معلومات فراہم کرنا شروع کردی تھیں۔

ذرائع نے بتایا کہ تفتیش کے دوران احسان اللہ احسان نے انتہائی حساس اور اہم معلومات فراہم کیں، اس کی معلومات پر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک توڑے اور بہت سے دہشت گردوں کوپکڑا بھی گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے