نواز شریف نے اداروں سے ٹکرا کر اپنی سیاست دفن کی : شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہےکہ نوازشریف کا بیانیہ فوج کے خلاف ہے اور انہوں نے اداروں سے ٹکرا کر اپنی سیاست دفن کی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کل کراچی سرکلر ریلوے چلانے جارہے ہیں، سرکلر ریلوے پپری سے سٹی ریلوے اسٹیشن تک چلائی جائے گی اس کے ذریعے اورنج لائن سے بہتر سہولت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 8 ماہ میں43 کلومیٹر کا ٹریک بنایا ہے، جدید اربن ٹرانسپورٹ چلائیں گے۔

ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اداروں سے ٹکرا کر اپنی سیاست دفن کی، ان کا بیانیہ فوج کے خلاف ہے، یہ لوگ پاکستان کے مخالفین کی مدد کر رہے ہیں، نواز شریف اور مریم نے فوج کے خلاف بات کر کے عمران خان کی مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان الزام لگانے سے پہلے تحقیقات کر لیا کریں، شبر زیدی نے الزامات کی تردید کر دی ہے۔

گلگت میں انتخابات کے حوالے سے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ زندگی میں گلگت بلتستان جیسا صاف شفاف الیکشن نہیں دیکھا،گلگت بلتستان میں ایک جلسے سے دوسرے جلسے میں لوگ گئے، پولنگ اسٹیشن میں جتنے ووٹ ڈالے گئے اتنے ہی نکلے اور وہاں پی ٹی آئی کی دو تہائی اکثریت ہوگی۔

ان کاکہنا تھا کہ امیدوار ایک ایک دو دو ووٹوں سے جیتے ہیں، جمہوریت کی فتح ہوئی، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں سمجھ بوجھ ہوتی تو الیکشن سے پہلے اتحاد کر لیتے، آزاد کشمیر کے انتخابات میں دونوں جماعتیں اتحاد کر لیں لیکن آزادکشمیر میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی، پی ٹی آئی کی اکثریت پر یہ اور چیخیں اور چلائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بند گلی میں جانےسے فضا اور خوفناک ہو جاتی ہے، سیاستدانوں کو سیاستدانوں سے ہی بات کرنا پڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی پارٹی نے سینیٹ میں ووٹ دینے پر کسی شخص کو نوٹس جاری نہیں کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے