بدھ: 25 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن چانسلر کے دفتر کی عمارت کے گیٹ سے ایک کار ٹکرا گئی[/pullquote]

جرمن دارالحکومت برلن میں آج ایک کار چانسلر دفتر کے دروازے سے جا ٹکرائی۔ خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ایک گاڑی تیز رفتاری سے چانسلر دفتر کے دروازے کی طرف بڑھی اور اُس کے سامنے لگی لوہے کی سلاخوں سے ٹکرا گئی۔ گاڑی کے اطراف عالمگیریت مخالف نعرے لکھے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے اس واقعے میں زیادہ نقصان تو نہیں ہوا اور ابھی کسی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی تصدیق بھی نہیں کی گئی۔ تاہم عمارت کا گیٹ معمولی سا ٹیڑھا ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کے بعد گاڑی کے ڈرائیور کو چانسلر دفتر کے سامنے سے ہی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ برلن پولیس کی جانب سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اس واقعے کے پیچھے کون سے عناصر کار فرما ہو سکتے ہیں؟ اس بارے میں ابھی کوئی واضح بات سامنے نہیں آئی ہے۔

[pullquote]بامیان میں بم دھماکے، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے صوبے بامیان میں منگل کے روز سڑک کے کنارے رکھے دو بم دھماکوں سے کم ازکم 14 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ مقامی حکام کے مطابق یہ دھماکے بامیان شہر کے مرکزی بازار میں ہوئے۔ صوبے بامیان کے پولیس سربراہ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 12عام شہری اور دو ٹریفک پولیس کے اہلکار شامل ہیں۔ ان دھماکوں میں 45 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ طالبان نے ان حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے جبکہ داعش کی جانب سے بھی ان حملوں کی ابھی تک ذمہ داری نہیں لی گئی ہے۔ یہ حملے ایسے وقت ہوئے جب عالمی برادری نے جنگ زدہ ملک میں حالات کی بحالی کے لیے اربوں ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات میں بعض مسلم ممالک کے نئے ویزے روک دیے گئے[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت تیرہ مسلم ملکوں کے شہریوں کے لیے نئے ویزوں کا اجرا روک دیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے ایک سرکاری کاروباری پارک کی جانب سے جاری کردہ ایک دستاویز کے مطابق امارتی ریاست نے کم از کم تیرہ ملکوں کے شہریوں کے نئے ویزا جاری کرنے کا عمل روک دیا ہے۔ امارات کے ایک بزنس پارک میں کام کرنے والی کمپنیوں کو بھیجے گئے اس دستاویز میں امیگریشن کے حوالے سے بتایا گیا کہ اٹھارہ نومبر کے بعد سے افغانستان، لیبیا اور یمن سمیت تیرہ ملکوں میں موجود افراد کے لیے نئی ملازمت اور وزٹ ویزا کی درخواستیں معطل کردی گئی ہیں۔ روئٹرز نے اس دستاویز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ ویزا پابندیاں اٹھارہ نومبر سے عمل میں آچکی ہیں اور ان پر آئندہ نوٹس تک عملدرآمد کیا جائے گا۔ اس دستاویز کے مطابق یہ ویزا بین میں الجزائر، کینیا، عراق، لبنان، پاکستان، تیونس، ترکی اورایران بھی شامل ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت اور شہریت نے فوری طور سے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

[pullquote]افغانستان کے لیے تقریباﹰ 12 ارب ڈالر کی عالمی امداد[/pullquote]

عالمی برادری نے افغانستان میں پُر امن ترقی و تعمیر نو کے لیے بارہ ارب امریکی ڈالر کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔ جینیوا میں منعقدہ افغانستان ڈونر کانفرنس کے دوران فن لینڈ کی حکومت نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقوم اگلے چار برسوں میں جنگ زدہ ملک افغانستان کو فراہم کی جائیں گی۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے سن 2021 کے لیے افغانستان کو 430 ملین یورو کی امداد کا وعدہ کیا ہے تاہم جرمن وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ جرمنی اپنا یہ وعدہ اس شرط پر پورا کرے گا کہ کابل حکومت ملک میں جمہوریت، قانون کی بالادستی اور عمدہ حکمرانی کے نفاذ کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے خاتمے اور انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنائے۔

[pullquote]جرمن فوج کا قندوز سے انخلاء[/pullquote]

افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں تعینات جرمن فوج کی منتقلی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ جرمن فوج کی کمان کے اعلان کے مطابق پامیر میں قائم ’’ٹرین ایڈوائس اسسٹ‘‘ کیمپ میں ٹریننگ مشن کے طور پر تعینات قریب 100 جرمن فوجی اب مزاری شریف میں قائم جرمن فوج کے مرکزی اڈے میں منتقل ہو رہے ہیں۔ اس کارروائی کا فیصلہ کئی ماہ قبل کابل میں نیٹو کمانڈ کی قیادت نے کیا تھا۔ تاہم اس امر کی وضاحت کر دی گئی ہے کہ اس اقدام کا گزشتہ ہفتے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے اعلان سے کوئی تعلق نہیں۔

[pullquote]نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی پولیس میں شامل ’اجانب دشمن‘ دس اہلکار معطل[/pullquote]

مغربی جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی پولیس کے محکمے میں شامل ’اجانب دشمن‘ عناصر پر مشتمل چیٹ گروپوں کے خلاف چلے آ رہے اسکینڈل میں ایک اور سنسنی خیز خبر کا اضافہ ہوا ہے۔ اس صوبے کے وزیر داخلہ ہربرٹ روئل کے مطابق صوبائی پولیس محکمے میں انتہا پسند چیٹ گروپوں میں شامل مزید دس اہلکاروں کی نوکریاں معطل کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 15 افراد پر مشتمل ایک نئے چیٹ گروپ کا پتا چلا ہے جو انتہا پسندانہ اور اجانب دشمنی سے بھرپور اور مبینہ طور پر مجرمانہ مواد شائع کرتا ہے۔ وزیر داخلہ ہربرٹ روئل کے مطابق یہ مواد انتہائی غیر انسانی اور نفرت آمیز تھا۔ اُدھر شمالی جرمن سٹی اسٹیٹ بریمن کی فائر بریگیڈ کے عملے کے اہلکاروں کی طرف سے بھی انٹر نیٹ چیٹ کے ذریعہ نسل پرستانہ اور انتہاپسندانہ مواد کے تبادلے کا پتا چلا ہے۔

[pullquote]پیرس کے مہاجر کیمپ خالی کروانے پر پولیس تنقید کی زد میں[/pullquote]

پیرس میں تارکین وطن افراد کے کیمپوں کو خالی کروانے کے لیے کی گئی پولیس کارروائی شدید غم و غصے کا سبب بنی ہے۔ وزیر داخلہ ژیرالڈ دارمانا نے اس کیمپ کے چونکا دینے والے مناظر کی بات کی ہے۔ کیمپ سے مہاجرین کے انخلا کے دوران، حکام نے تارکین وطن اور مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کا استعمال کیا۔ یہ کیمپ پیر کے روز فرانس کے دارالحکومت کے ایک انتہائی اہم چوک ’’پلاس دو لا ریپبلک‘‘ پر امدادی تنظیموں کے تعاون سے لگایا گیا تھا۔ یہ کارروائی اس سے پہلے پچھلے ہفتے کئی ہزار باشندوں کے ساتھ ایک بڑے کیمپ کو خالی کروانے کے رد عمل میں شدید احتجاج کے بعد کی گئی۔

[pullquote]مشی گن اور پنسلوینیا کے گورنروں نے بائیڈن کی فتح کی تصدیق کردی[/pullquote]

حالیہ امریکی صدارتی انتخابات میں غیر معمولی اہمیت کی حامل اور کانٹے کے مقابلے والی امریکی ریاست جارجیا کے بعد مشی گن اور پنسلوینیا نے نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی فتح کی باضابطہ طور پر تصدیق کر دی ہے۔ پنسلوینیا کے گورنر ٹام ولف نے اعلان کیا کہ انہوں نے اس دستاویز پر دستخط کیے ہیں جس میں نو منتخب صدر جو بائیڈن اور نو منتخب نائب صدر کملا ہیرس کے 20 الیکٹوریٹس کے حق میں ووٹ دیے گئے ہیں۔ مشی گن کے گورنر گریچین وٹمر نے ٹویٹ پیغام میں لکھا کہ ’’اب یہ آفیشل ہے۔‘‘ 14 دسمبر کو ووٹرز اپنا ووٹ ڈالیں گے۔ تاہم نتائج کا حتمی اعلان چھ جنوری کو کانگریس میں کیا جائے گا۔

[pullquote]جرمنی: دسمبر کے کورونا لاک ڈاؤن کے لیے 17 بلین یورو کا امدادی منصوبہ[/pullquote]

جرمنی میں دسمبر کے دوران جزوی لاک ڈاؤن میں توسیع کی صورت میں، وفاقی حکومت متاثرہ کمپنیوں کے لیے ایک اندازے کے مطابق 17 ارب یورو کی مالی امداد کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ برلن میں جرمن پریس ایجنسی نے اس بارے میں اطلاع فراہم کی ہے۔ کورونا کیسز میں بتدریج بڑے اضافے کے سبب ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ ابتدائی طور پر 20 دسمبر تک اُن پابندیوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کر چُکے ہیں جو نومبر کے اواخر میں لگائی گئی تھیں۔ حتمی فیصلہ آج بدھ کے روز چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ وزرائے اعلیٰ کے مذاکرات کے بعد سامنے آئے گا۔ ان پابندیوں کے نتیجے میں، کیٹرنگ سروسز اور دیگر تجارتی اداروں کے ساتھ ساتھ تفریحی اور ثقافتی سہولیات فراہم کرنے والے کاروباری ادارے بھی بند رہیں گے۔ اس کے سبب مالی نقصانات اُٹھانے والی کمپنیوں کی مالی امداد کے منصوبے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]ایتھوپیا کا تیگریائی علاقے کا تنازعہ: اقوام متحدہ کی تنبیہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پہلی بار ایتھوپیا کے تیگریائی علاقے کے تنازعے کا نوٹس لیا ہے۔ اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین کمیٹی کے اہلکاروں نے بند دروازوں کے پیچھے مذاکرات کیے ہیں تاہم اس ملاقات کے بعد کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تین ہفتے قبل، ایتھوپیا کی حکومت نے شمالی علاقے میں تیگرائی ​​پیپلز لبریشن فرنٹ کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ یہ فرنٹ شمالی علاقے پر غلبہ حاصل کیے ہوئے ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے تیگرائی کے دارالحکومت میکیلے میں ممکنہ جنگ شروع ہونے کی دھمکیوں کے تناظر میں فریقین سے شہری آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ یاد رہے کہ منگل کو تیگرائی جنگجوؤں کی تنظیم ’ٹی پی ایل ایف‘ نے حکومتی فوج کے اہم مقامات کو تباہ کرنے کا دعوی کیا تھا۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا لاک ڈاؤن: وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مذاکرات[/pullquote]

جرمنی میں وفاقی اور ریاستی حکومتیں آج بدھ کے روز رواں برس کے اختتام تک کے لیے کورونا کے وبائی امراض کے خلاف جنگ کے بارے میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور و خوض کر رہے ہیں۔ موجودہ جزوی لاک ڈاؤن کو 20 دسمبر تک بڑھانے کا فیصلہ پہلے ہی کیا جا چُکا ہے۔ دسمبر میں سماجی رابطے پر پابندیاں بھی سخت کی جائیں گی تاہم کرسمس کے تہوار اور تعطیلات کے موقع پر کورونا پابندیوں میں نرمی زیربحث ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور 16 جرمن وفاقی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ آج سہ پہر ویڈیو کانفرنس میں پابندیوں سے متعلق تفصیلات کے بارے میں فیصلہ کرنے جا رہے ہیں۔

[pullquote]اسکاٹ لینڈ میں حیض مصنوعات مفت فراہم کی جائیں گی[/pullquote]

اسکاٹ لینڈ نے منگل 24 نومبر کو حیض میں استعمال آنے والی تمام اشیاء مفت فراہم کرنے کے ایک بل کو منظور کر لیا ہے۔ اس طرح ماہواری کی مصنوعات تک رسائی کو قانونی حق دینے والا وہ دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ ‘پیریئڈ پروڈکٹ بل’ یعنی حیض سے متعلق مصنوعات کے بل کو پارلیمان میں اتفاق رائے سے منظور کر لیا گيا۔ پارلیمنٹ نے رواں برس کے اوائل میں اس کا مسودہٴ قانون منظور کیا تھا۔ اس قانون کے تحت ماہواری کے دوران استعمال ہونے والی تمام اشیاء کمیونٹی سینٹرز، یوتھ کلبس، ٹوائلٹز اور دواخانوں پر بھی رکھی جائیں گی۔ ایام حیض کے دوران خواتین یہ سامان پیسے خرچ کیے بغیر مفت حاصل کر سکیں گی۔

[pullquote]نیتن یاہو کا دورہ بحرین[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد الخلیفہ کی دعوت پر اس عرب مملکت کا سرکاری دورہ کرنے والے ہیں۔ اس سے قبل دونوں ملکوں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ اس سال کے اواخر تک دونوں ممالک ایک دوسرے کے یہاں اپنے اپنے سفارت خانے کھول دیں گے۔ پیر کے روز ایک اسرائیلی عہدیدار اور مقامی میڈیا نے بتایا تھا کہ نیتن یاہو سنیچر کے روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کے لیے سعودی عرب کے خفیہ دورے پر گئے تھے۔ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ان خبروں کی تردید کی تھی جبکہ نیتن یاہو نے اس ملاقات کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ اس سال سے قبل تک عرب ممالک میں صرف مصر اور اردن ہی دو ایسی حکومتیں تھیں جو اسرائیل کو تسلیم کرتی تھیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے