ڈاکٹرز پر اعتماد اور بھروسہ کیوں کریں ؟

ہم اپنی نجی مجالس سے لیکر قومی سطح تک ، یورپ اور امریکا کی مثالیں دیتے نہیں تھکتے لیکن کبھی آپ نے سوچا ہے کہ صرف قصے سنانے سے معاشروں میں کوئی تبدیلی پیدا نہیں ہو سکتی . تبدیلی کے لیے صرف باتیں ہی نہیں ، چراغ آرزو لیکر نکلنا پڑتا ہے ۔ آج میں بھی آپ کے ساتھ اپنے معاشرے کے ایک اہم ترین سماجی رویے کے بارے میں بات کرنا چاہتی ہوں ۔

سب سے پہلے تو میری یہ دعا ہے کہ ہمیں اپنے کسی پیار کرنے والے یا چاہنے والے کی بیماری نہ دیکھنی پڑے۔لیکن انسان کے ساتھ یہ مسئلہ رہے گا ۔اکثر اوقات ایسا ہوتا ہی ہے کہ ہم اپنے کسی پیارے عزیز کو بیماری کی صورت میں اسپتال لے کر جاتے ہیں ۔ اسپتال میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ مریضوں کی دیکھ بھال میں ہی مصروف ہوتا ہے ۔ ڈاکٹرز اور طبی عملے کی جانب سے پوری کوشش کے باوجود بھی کبھی کبھار یہ ہوجاتا ہے کہ مریض کی صحت ٹھیک ہو جانے کے بجائے زیادہ خراب ہو جاتی ہے ۔ بعض اوقات خدانخواستہ اس سے بھی بڑا کوئی نقصان ہو جاتا ہے ۔

آج کل اکثر ایسی خبریں دیکھنے کو مل رہی ہیں کہ ایسی صورتحال میں ہم اپنے غصے یا غم پر اور جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتے ۔ اکثر لوگ اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو نشانہ بنانا شروع کر دیتے ہیں . ان کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر دیا جاتا ہے . لوگ اسپتالوں میں توڑ پھوڑ اور تشدد کرنا شروع کر دیتے ہیں ۔ ہم نے بارہا ایسی خبریں سنی ہیں کہ لواحقین کے تشدد کی وجہ سے ڈاکٹرز زخمی ہو گئے ۔

ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اسپتال میں دیگر مریض اور ان کے تیمار دار بھی موجود ہوتے ہیں ۔ ہمارے شو شرابے اور تشدد کی وجہ سے اکثر ڈاکٹرز اور طبی عملہ خوفزدہ ہو کر کام کرنا چھوڑ دیتا ہے اور نتیجے کے طور پر باقی مریض جو موت و حیات کی کشمکش سے گزر رہے ہوتے ہیں ، ان کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ جس تکلیف اور جس کرب سے ہم گزر رہے ہیں ، ہمارے ایک ایسے عمل کی وجہ سے دوسرا مریض اور اس کا تیمار دار بھی اس کا شکار ہو جاتاہے ۔ ظاہر سی بات ہے کہ جب ہم ڈاکٹروں پر تشدد کریں گے تو ڈاکٹرز تو وہاں موجود نہیں رہیں گے اور وہاں موجود جن کو علاج کی ضرورت ہے، ان کا علاج نہیں ہوپائے گا۔

شاید ان میں سے کسی کی صورتحال بہتر ہو سکتی ہو ، ہماری وجہ سے وہ نہیں ہو پائے گی۔ ہم اپنے چاہنے والوں کو ،اپنے پیار کرنے والوں کو ،بیماری کی صورت میں ڈاکٹر کے پاس اس لئے لے کر جاتے ہیں کہ ہم ان پر اعتماد کرتے ہیں تو برائے مہربانی ڈاکٹروں پر تشدد یا ان سے بدتمیزی مت کیجئے اور کسی بھی صورتحال میں ہمارا ڈاکٹروں پر جو اعتماد ہے اسے قائم رکھیے ۔ اگر کہیں کوئی مسئلہ ہے بھی تو متعلقہ فورم پر رپورٹ کریں ۔ ڈاکٹرز پر اعتماد کیجئے ان پر بھروسہ کیجئے تاکہ ہمارے اسپتال صحت اور سکون کے بہتر مراکز بن سکیں ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے