پیر : 28 دسمبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چھ برس بعد مصری حکام کا دورہ ليبيا[/pullquote]

مصری سفارت کاروں اور انٹیلیجنس اہلکاروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اتوار کے روز لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کا دورہ کیا۔ اس شمالی افریقی ملک کی بین الاقوامی تسلیم شدہ حکومت (جی این اے) کے وزیر داخلہ فتحی علی عبدالسلام باشاغآ اور ملکی انٹیلیجنس کے سربراہ عماد الطرابلسی نے مصری اہلکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ باشآغا نے گزشتہ ماہ قاہرہ کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ مصری عہدیداروں کے ساتھ ملاقات ’کافی سود مند اور تعمیری‘ رہی اور قاہرہ حکومت کے ساتھ تعلقات’انتہائی اہمیت‘ کے حامل ہیں۔ سن 2014 کے بعد سے کسی اعلیٰ سطحی مصری وفد کا یہ طرابلس کا پہلا دورہ ہے۔ ليبيا ميں حکومت اور خلفیہ حفتر کی قیادت میں مشرقی لیبیا میں واقع لییبئن نیشنل آرمی (ایل این اے) کے مابین تصادم کی وجہ سے لیبیا میں خانہ جنگی کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]آرمینائی حملے میں آذربائیجان کا ایک فوجی ہلاک[/pullquote]

آرمینیائی علیحدگی پسندوں کے ساتھ تازہ جھڑپوں میں آذربائیجان کے ایک فوجی کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ آذربائیجان کی وزارت دفاع نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ نگورنو کاراباخ کے متنازعہ خطے سے متصل علاقے میں آرمینیائی جنگجوؤں کے ایک غیر قانونی گروپ نے اتوار کے روز ایک حملہ کیا جس میں آذربائیجان کی فوج کا ایک اہلکار مارا گیا جبکہ ایک اور فوجی زخمی بھی ہوا۔ چھ ہفتوں تک آذربائیجان کی فوج اور آرمینیا کی پشت پناہی میں لڑنے والے علیحدگی پسندوں کے مابین متنازعہ نگورنو کاراباخ کے علاقے پر قبضے کی جنگ کے بعد روس کی ثالثی میں امن مذاکرات نومبر کے اوائل میں اختتام کو پہنچے تھے۔ نومبر کے معاہدے کی شرائط کے تحت علاقے میں روس کے دو ہزار فوجی تعینات ہیں۔

[pullquote]بیرنٹس سی میں روسی جہاز غرق : 17 افراد ہلاک[/pullquote]

روس کا ایک ماہی گیری جہاز دور افتادہ بیرنٹس سی کے شمال میں ڈوب گیا ہے۔ اس پر سوار عملے کے 17 ارکان کی ہلاکت کا خدشہ ہے جبکہ دو کے زندہ بچنے کی اطلاع ہے۔ ایمرجنسی حالات کے امور کی روسی وزارت کے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ حادثہ بظاہر اس جہاز میں برف کی بہت بڑی مقدار کے لدے ہونے کے سبب پیش آیا۔ مقامی میڈیا کی رپورٹوں میں کہا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب جہاز پر سوار عملے کے اراکین لنگر انداز ہونے کے لیے جال پکڑنے کی کوشش کر رہے تھے کہ جہاز توازن برقرار نہ رکھ سکا۔ بیرنٹس سی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں طوفانی ہوائیں چلنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

[pullquote]سینکڑوں برطانوی شہری سوئس قرنطینہ سے فرار[/pullquote]

سینکڑوں برطانوی سیاح سوئٹزرلینڈ ميں قرنطینہ سے غیر قانونی طور پر فرار ہو گئے ہيں۔ ان میں سے چند نے جنوبی فرانس سے اطلاع دی ہے کہ جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ کے ایک اسکیینگ کے مقام وربیئر میں کرسمس سے قبل 420 برطانوی سیاحوں کی گنتی کی گئی تھی۔ ان میں سے 50 سیاح قرنطینہ کے احکامات آتے ہی وہاں سے نکل گئے تھے جبکہ باقی ماندہ 370 میں سے ایک درجن سے کم گزشتہ اتوار تک وہیں پائے گئے۔ جبکہ 21 دسمبر کو سوئس حکام نے احکامات جاری کیے تھے کہ 14 دسمبر کے بعد سے آنے والے تمام برطانوی سیاح سوئٹزرلینڈ پہنچنے کے دن کے بعد سے دس روز تک قرنطینہ میں رہیں گے۔

[pullquote]شمالی لبنان میں شامی مہاجر کیمپ نذر آتش[/pullquote]

شمالی لبنان میں واقع پناہ گزینوں کے ایک کیمپ میں آتش زدگی کے واقعے کے سبب تقریباً تین سو شامی مہاجرین کو وہاں سے مجبوراً نکلنا پڑ گيا۔ اقوام متحدہ اور لبنان کے حکام نے اتوار 27 دسمبر کو اس خبر کی تصدیق کی۔ خبروں کے مطابق ایک مقامی آجر اور پناہ گزینوں کے درمیان پیسوں کے لین دین کے معاملے پر جھگڑا ہو گیا تھا جس کے بعد کیمپ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر( کا کہنا ہے کہ المنیہ علاقے میں واقع جس کیمپ میں يہ واقعہ پیش آیا، اس میں شام سے آنے والے پناہ گزینوں کے قریب 75 خاندان پناہ لیے ہوئے تھے۔ لبنانی فوج آگ لگنے کی وجوہات کی تفتیش کرنے کے ساتھ ساتھ ذمہ داران کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

[pullquote]نورڈ اسٹریم 2 پائپ لائن کے بارے میں جرمن موقف برقرار رہے گا: جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس وائٹ ہاؤس میں عنقریب آنے والی تبدیلی کے بعد بھی بحیرہ بالٹک نارڈ اسٹریم 2 پائپ لائن منصوبے کے بارے میں امریکا کے ساتھ تنازعے میں جرمنی کے موقف پر قائم رہنا چاہتے ہیں۔ سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی ایس پی ڈی کے سیاستدان 20 جنوری کو نو منتخب صدر جو بائیڈن کے سرکاری طور پر اقتدار سنبھالنے کے بعد بھی نارڈ اسٹریم 2 پائپ لائن کے بارے میں جرمنی کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں لانا چاہتے۔ ماس کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ یورپی خودمختاری کے بارے میں بات کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس کا یہ مطلب نکالا جا سکتا ہے کہ جو کچھ امریکا چاہے گا، وہی ہو گا۔ انہوں نے اس امر پر زوز دیا کہ برلن حکومت بحیرہ بالٹک نارڈ اسٹریم 2 پائپ لائن کے بارے میں اپنا موقف نہیں بدلے گی۔

[pullquote]نائجر میں صدارتی انتخابات کا انعقاد[/pullquote]

افریقی ملک نائجر میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کا انعقاد ہوا ہے۔ يہ انتخابات اس ریاست کی تاریخ میں اقتدار کی پہلی جمہوری تبدیلی کی علامت ہو سکتے ہيں۔ سبکدوش ہونے والے صدر محمدو ایسوفو نے اسے مغربی افریقی ملک کے لیے خصوصی دن قرار دیا۔ وہ صدارتی عہدے کی دو بار مدت گزار چُکے ہیں اور ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے دس سال برسر اقتدار رہ چکے ہیں۔ اس لیے انہیں دوبارہ انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔ اتوار کو ہونے والے انتخابات میں 30 امیدواروں میں سے ایک کو نیا صدر منتخب کرنے کے لیے قریب سات عشاریہ چار ملین ووٹرز نے اپنے ناموں کا اندراج کرایا تھا۔ الیکشن کے نتائج کا اعلان بُدھ یا جمعرات کو متوقع ہے۔

[pullquote]امريکا: نیش ول بمبار بظاہر ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست ٹینیسی کے دارالحکومت نیشول میں کرسمس کے تہوار کے موقع پر ہونے والے بم دھماکے کے ملزم کی ہلاکت کی خبر ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق نیشول کو ہلا کر رکھ دینے والے بم دھماکے میں ملوث ملزم کی شناخت ہو گئی ہے۔ انہوں نے حملہ آور کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک 63 سالہ شخص تھا جو شہر کے اندرونی علاقے میں ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہو گیا۔ تفتیش کاروں نے اس شخص کا پتہ لگانے کے لیے ڈی این اے نمونے استعمال کیے۔ اس حملے کا مقصد اب تک واضح نہیں ہے۔ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ ملزم کے کوئی ساتھی نہیں تھے۔ کرسمس ڈے پر ہونے والے حملے میں کوئی دوسرا فرد ہلاک نہیں ہوا ، کیونکہ پولیس کے انتباہ کے بعد بر وقت علاقے کو خالی کرا لیا گیا تھا۔

[pullquote]کورونا کے سبب ہونے والی اموات کے ذمہ دار وزرائے اعلیٰ ہیں: جرمن وزیر داخلہ[/pullquote]

وفاقی جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے جرمنی میں نئے کورونا انفیکشن اور اموات کی بڑی تعداد کا ذمہ دار مشترکہ طور پر ریاستی وزرائے اعلیٰ کو ٹھہرایا ہے۔ زیہوفر نے اخبار ’بلڈ ام زونٹاگ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اکتوبر سے اب تک کیے گئے اقدامات ناکافی تھے۔ وزرائے اعلیٰ اور چانسلر انگیلا میرکل کی فیصلہ کن کانفرنسوں کے کچھ شرکاء نے صورت حال کی سنگینی کو کم سمجھا۔ زیہوفر نے اسکولوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے تحفظ کی فراہمی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں مناسب اقدامات کے تصور کا اب بھی فقدان پایا جاتا ہے۔

[pullquote]کورونا کی رپورٹنگ پر چینی صحافی کو چار سال قید[/pullquote]

ایک خاتون چينی صحافی، جنہوں نے ووہان جیسے بہت گنجان آباد شہر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بارے میں رپورٹنگ کی تھی، کو چار سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ ان کے ایک وکیل کے مطابق 37 سالہ ژانگ ژان کے خلاف یہ فیصلہ شنگھائی میں ایک مختصر مقدمے کی کارروائی کے بعد سنایا گیا۔ اس مقدمے میں خاتون پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے اپنی خبروں سے ’تنازعات کو ہوا دی اور بدامنی پیدا کی‘۔ صحافی نے البتہ نئے وائرس کے خلاف اقدامات کے سلسلے میں حکام کے رد عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا امدادی پیکج پر دستخط کر ديے[/pullquote]

عنقریب اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اب ایک ایسے کورونا امدادی پیکج کی منظوری دے دی ہے، جس کے بارے میں پارلیمنٹ میں ایک عرصے سے سخت بحث جاری تھی۔ انہوں نے امریکی کانگریس کی متعلقہ قرارداد پر دستخط کر دیے۔ 900 بلین ڈالر کی مالیت والا یہ پیکج کورونا سے متاثرہ افراد اور اداروں کی مالی معاونت کے لیے تجویز کیا گیا تھا۔ اس پیکیج کے ذریعے رقم کی ایک دفعہ کی ادائیگی کے معاملے پر ڈونلڈ ٹرمپ نے تنازعہ کھڑا کیا ہوا تھا اور وہ بارہا اسے رد کر نے کی دھمکی دیتے رہے ہیں۔ ٹرمپ نے ایک نئے عبوری بجٹ پر بھی دستخط کر دیے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے