اتوار : 24 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عالمی ادارہ صحت نے مدینہ منورہ کو صحت افزا شہر قرار دے دیا[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کو دنیاکے صحت افزا شہروں میں سے ایک شہر قرار دے دیا۔عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے مدینہ منورہ کا دورہ کیا اور صحت سے متعلق تمام سہولیات کا جائزہ لیکر قرار دیا کہ صحت مند شہر کیلئے جتنے عالمی معیار مقرر تھے، مدینہ منورہ ان عالمی معیارپر پورا اترتا ہے۔ مدینہ منورہ کی آبادی 20 لاکھ سے زائد افراد پر مشتمل ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت نے سرٹیفکیٹ بھی جاری کردیا ہے۔سعودی وزیر صحت نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مدینہ منورہ کو جاری کیا گیا صحت مند شہر کا سرٹیفیکیٹ گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان کو پیش کیا۔

[pullquote]ترک صدر نے پاک بحریہ کیلئے بنائے جانے والے جنگی بحری جہاز کی تیاری کا افتتاح کردیا[/pullquote]

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہےکہ پاکستان اور ترکی ایک جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہیں، اسٹریٹجک اکنامک فریم ورک سے پاکستان اور ترکی کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔استنبول کی نیول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے تیسرے ملجم کلاس جہاز کی ویلڈنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ جنگی جہازوں کی تیاری کے لیے دفاعی تعاون ترکی اور پاکستان کے دفاعی تعلقات میں ایک اور سنگ میل ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملجم کلاس جہاز سطح آب، زیرِ آب، اینٹی ائیر ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گے۔ترجمان کے مطابق ٹرانسفرآف ٹیکنالوجی معاہدے کے تحت چار میں سے دو جہاز کراچی شپ یارڈ میں تیارہوں گے، اسٹیلتھ ٹیکنالوجی والے 2جناح کلاس جہازوں کے ڈیزا ئن کی تیاری بھی اس میں شامل ہے۔

[pullquote]برطانوی وزیراعظم کا جوبائیڈن سے پہلا رابطہ، ٹیلی فون کرنے کی تصویر بھی شیئر کر دی[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور امریکی صدر جوبائیڈن کے درمیان پہلا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔بورس جانسن نے جوبائیڈن کو امریکا کا صدر بننے پر مبارکباد دی اور دونوں رہنماوں نے کورونا سے نمٹنے کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم پر اتفاق کیا۔برطانوی وزیراعظم نے امریکی صدر کے ساتھ پہلی ٹیلیفونک گفتگو کی تصویر بھی ٹوئٹ کر دی۔

[pullquote]برطانیہ سے اسکاٹ لینڈ کی آزادی کیلیے دوسرا ریفرنڈم کرانے کا اعلان[/pullquote]

برطانیہ سے اسکاٹ لینڈ کی آزادی کے لیے ایک اور ریفرنڈم کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔اسکاٹش نیشنل پارٹی (ایس این پی) کی جانب سے یکطرفہ طور پر دوسرا ریفرنڈم کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ایس این کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مئی میں اسکاٹ لینڈ میں ہونے والے انتخابات میں ایس این پی جیتی تو قانونی ریفرنڈم کرایا جائے گا، آج 11 نکاتی روڈ میپ پیش کیا جائے گا۔اسکاٹش نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت کی جانب سے ریفرنڈم روکنے کی کوشش کا مقابلہ کیا جائے گا۔

[pullquote]امریکی پارلیمنٹ میں بندوق کیساتھ داخل ہونے کی دھمکی دینے والے انتہا پسند پر 5 الزامات عائد[/pullquote]

امریکی رکن کانگریس کو قتل کی دھمکیاں دینے اگلی بار کیپیٹل ہل کی عمارت میں بندوق کے ساتھ داخل ہونے والے دائیں بازو کے انتہا پسند پر 5 الزامات عائد ہو گئے۔کانگریس بلڈنگ پر حملے اور ڈیموکریٹ رکن کانگریس الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹز کو قتل کی دھمکی دینے والے دائیں بازو کے انتہاپسند پر پانچ الزامات عائد کر دیے گئے۔ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے گیریٹ ملر نے دھمکی دی تھی کہ اگلی بار وہ بندوقوں کے ساتھ کیپٹل عمارت میں داخل ہو گا۔کیپٹل ہل پر حملے کے وقت اوکاسیو کورٹز کا انتہاپسندوں سے آمنا سامنا بھی ہوا تھا، رکن کانگریس کا کہنا تھا انہیں ایسا محسوس ہوا کہ موت سر پر آگئی ہے۔

[pullquote]عراق میں داعش کاحملہ، رضا کار فورس کے 11 ارکان جاں بحق[/pullquote]

عراق میں داعش کے حملے میں رضا کار فورس حشدالشعبی کے 11 ارکان جاں بحق ہو گئے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ داعش کے ایک گروپ نے دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع صوبے صلاح الدین میں حملہ کیا۔ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں نے عراق کے صوبہ صلاح الدین کے انتظامی مرکز تکریت کے مشرق میں حشد الشعبی کے مرکز کو رات کی تاریکی میں ہلکے ہتھیاروں کی مدد سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11 رضاکار فورس کے 11 ارکان جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔عراق میں 2 روز پہلے بھی خودکش حملہ کیا گیا تھا جس میں 32 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]جاسوسی کا شبہ، یونان میں ترک قونصل خانے کا ملازم گرفتار[/pullquote]

یونان کی پولیس نے جاسوسی کے شبے میں ترک قونصلیٹ کے ایک اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ترک قونصل خانے کے یونانی ملازم کو جزیرے روڈس پر جمعے کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتار اہلکار سے ایک ہفتہ قبل تفتیش بھی کی گئی تھی جبکہ اس کے ساتھ رابطوں کے شبے میں مزید ایک یونانی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان دونوں افراد پر یونانی مسلح افواج کی نقل و حرکت کی تصاویر ترک حکام کو فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد یونان اور ترکی کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

[pullquote]چین: سونے کی کان میں دو ہفتوں سے پھنسے 11 مزدور بچا لیے گئے[/pullquote]

چین میں ایک سونے کی کان میں پھنسے مزدوروں میں سے گیارہ کو حادثے کے دو ہفتے بعد زندہ بچا لیا گیا ہے۔ دس جنوری کے روز چینی صوبے شانڈونگ میں واقع سونے کی ایک کان میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک دھماکا ہوا تھا اور بائیس کان کن چھ سو میٹر گہری سرنگ میں پھنس کر رہ گئے تھے۔حکام نے مذکورہ کان کے مینیجر کو حراست میں لے لیا ہے، جس نے حکام کو حادثے کی اطلاع دینے میں تاخیر سے کام لیا تھا۔ چین میں کوئلے، سونے اور دیگر دھاتوں کے لیے کھودی جانے والی کانوں میں پیش آنے والے حادثوں میں ہر برس اوسطا پانچ ہزار افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔

[pullquote]مہاجرین کو روکنے کے لیے سرحد پر سخت نگرانی کی جائے گی، امریکا[/pullquote]

امریکا، گوئٹے مالا اور میکسیکو نے مہاجرین کو روکنے کے لیے سرحدوں کی نگرانی مزید سخت بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ گوئٹے مالا کے وزیر خارجہ پیڈرو برولو کا کہنا تھا کہ گروپوں کی صورت میں امریکا کی طرف مارچ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ میکسیکو میں تعینات امریکی سفیر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے امریکی سرحد عبور کرنے والے ہر غیرقانونی مہاجر کو فورا واپس بھیج دیا جائے گا۔ چند روز قبل ہزاروں افراد گوئٹے مالا میں داخل ہو گئے تھے اور وہ پیدل سفر کرتے ہوئے بذریعہ میکسیکو امریکا تک پہنچنا چاہتے ہیں۔

[pullquote]قزاقوں نے ترک بحری جہاز کے 15 اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا[/pullquote]

مغربی افریقی ساحل پر قزاقوں نے حملہ کرتے ہوئے ایک ترک بحری جہاز کے پندرہ اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا ہے۔ ترک بحریہ کے مطابق اس کارروائی میں ایک اہلکار ہلاک بھی ہو گیا ہے۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق عملے نے خود کو ایک محفوظ کیبن میں بند کر لیا تھا لیکن چھ گھنٹوں بعد انہیں مجبورا باہر نکلنا پڑا۔ ترک میڈیا کے مطابق جو انجنئیر ہلاک ہوا ہے، اس کا تعلق آذربائیجان سے تھا اور وہ جہاز پر موجود واحد غیر ترک شہری تھا۔ ترک صدر نے اہلکاروں کی فوری بازیابی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ سن دو ہزار انیس میں نائجیریا کے ساحل پر دس ترک اہلکاروں کو اغوا کیا گیا تھا، جنہیں ایک ماہ بعد رہا کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]روس میں ہزاروں مظاہرین گرفتار[/pullquote]

روسی صدر کے مخالف اور اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کی حمایت میں ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران تین ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مبصر تنظیم او وی ڈی کے مطابق گزشتہ روز تقریبا ایک سو روسی شہروں میں مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مظاہرین الیکسی ناوالنی کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ماسکو پولیس کے مطابق دارالحکومت میں چار ہزار مظاہرین جمع ہوئے تھے اور جھڑپوں میں چالیس پولیس اہلکار معمولی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ امریکا، یورپی یونین اور برطانیہ نے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں فضائی مسافروں کے لیے پابندیاں مزید سخت[/pullquote]

جرمنی نے بیس ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے پابندیاں مزید سخت بنا دی ہیں۔ یہ ایسے ممالک ہیں، جہاں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بگڑتی جا رہی ہے۔ ان ممالک میں پرتگال، اسپین، مصر اور امریکا بھی شامل ہیں۔ ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو جرمنی میں داخل ہونے کے لیے پہلے منفی کورونا ٹیسٹ دکھانا ہو گا۔ اسی طرح شک ہونے کی صورت میں دیگر یورپی ممالک اور سوئٹزرلینڈ سے آنے والے مسافروں کا سرحد پر چیک اپ کیا جائے گا۔

[pullquote]امدادی بحری جہاز اوشن وائکنگ نے 370 مہاجرین کو بچا لیا[/pullquote]

امدادی بحری جہاز اوشن وائکنگ نے بحیرہ روم میں 370 مہاجرین کو ڈوبنے سے بچا لیا ہے۔ اس جہاز کے عملے نے مالٹا اور اٹلی کی حکومت سے اپیل کی ہے کہ مہاجرین کو ان ممالک کے ساحلوں پر اتارنے کی اجازت دی جائے۔ جہاز کے عملے کے مطابق خراب ہوتے ہوئے موسم کے باعث ان پناہ گزینوں کو کسی ساحل پر اتارنا ضروری ہو چکا ہے۔ جن مہاجرین کو بچایا گیا ہے، ان میں تقریبا ایک سو ستر کم عمر بچے ہیں اور ان میں سے بھی تقریبا ایک سو تیس تنہا سفر کر رہے ہیں۔

[pullquote]شدید سمندری طوفان موزمبیق سے ٹکرا گیا[/pullquote]

ایلوئس نامی سمندری طوفان افریقہ کے جنوب مشرقی ساحلوں تک پہنچ گیا ہے۔ تیز بارش کے ساتھ ساتھ تقرییا ایک سو تیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے اس طوفان کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ افریقی ملک موزمبیق کے حکام کے مطابق طوفان کے باعث ساحلی شہر بائیرہ میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ صوبے سوفالا کے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے۔ قبل ازیں یہ طوفان جزیرہ ریاست مڈغاسکر سے ٹکرایا تھا۔ وہاں بھی ایک شخص ہلاک جبکہ کئی علاقوں میں سیلاب آ چکا ہے۔

[pullquote]سونے کی کان میں پھنسے گیارہ مزدوروں کو بچا لیا گیا، چین[/pullquote]

چین میں ایک سونے کی کان میں پھنسے مزدوروں میں سے گیارہ کو حادثے کے دو ہفتے بعد زندہ بچا لیا گیا ہے۔ دو ہفتے قبل چینی صوبے شانڈونگ میں واقع سونے کی ایک کان میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک دھماکا ہوا تھا اور بائیس کان کن چھ سو میٹر گہری سرنگ میں پھنس کر رہ گئے تھے۔ اس حادثے کے ایک ہفتے بعد امدادی کارکنوں کو یہ معلوم ہوا تھا کہ کئی متاثرہ افراد زیر زمین زندہ ہیں۔ ریسکیو اہلکار ان گیارہ کان کنوں سے رابطے میں تھے، جب کہ دیگر کے بارے میں اب تک کوئی معلومات نہیں ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے