ہفتہ : 06 مارچ 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]صنفی مساوات سے متعلق پیش رفت کو وبا کی وجہ سے خطرات ہیں، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ عالمی وبا نے صنفی امتیاز کے خاتمے سے متعلق پیش رفت کو خطرات سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وبا کے دنوں میں بچوں کی نگہداشت کی زیادہ ذمہ داری خواتین نے اٹھائی ہے اور اس کی وجہ سے ان کی ملازمتوں کو خطرات لاحق ہوئے ہیں۔ خواتین کے عالمی دن سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایسے تمام تر اقدامات کی ضرورت ہے، جن کے تحت صنفی مساوات کے حوالے سے پیش رفت پر وبا کے اثرات میں کمی لائے جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ ساز عہدوں پر خواتین کی کمی کی وجہ سے، صحت کے اس بحران کا سب سے زیادہ منفی اثر خواتین پر پڑا ہے۔

[pullquote]پولیستانی ہائے وے پر حادثہ، پانچ ہلاک درجنوں زخمی[/pullquote]

پولینڈ کی ایک ہائی وے پر ہفتے کو ہوئے ایک بس حادثے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک جب کہ کئی درجن زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ پولینڈ کے جنوب مشرقی علاقے میں ہائی وے پر پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بدقسمت بس یوکرائن سے آ رہی تھی اور اس میں 57 افراد سوار تھے، جو تمام کے تمام یوکرائن کے شہری تھے۔ پولینڈ کے حکام کے مطابق اس وقت 34 زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش کر رہے ہیں۔

[pullquote]پوپ فرانسِس کی عراق میں شیعہ مذہبی رہنما سے ملاقات[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسِس نے ہفتے کے روز عراقی شہر نجف میں گرینڈ آیت اللہ علی السیستانی سے ملاقات کی۔ پوپ فرانسِس نے کم زورں کے لیے آواز اٹھانے پر السیستانی کا شکریہ ادا کیا۔ اس ملاقات کا مقصد بقائے باہمی کے پیغام کا پرچار ہے۔ اس ملاقات میں عراقی مسلمانوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ عراقی مسیحیوں کے لیے زیادہ برداشت کا مظاہرہ کریں۔ یہ تاریخی ملاقات ویٹیکن اور آیت اللہ کے دفتر کی جانب سے کئی مہینوں پر مبنی کٹھن بات چیت کے بعد عمل میں آ رہی ہے۔ واضح رہے کہ السیستانی شیعہ برادری کے لیے نہایت قابل تکریم شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔

[pullquote]ہانگ کانگ کی عدالت نے جمہوریت پسندوں کی رہائی ملتوی کر دی[/pullquote]

ہانگ کانگ کی ایک عدالت نے مقید جمہوریت پسند کارکنان کی ضمانت پر رہائی کو کم از کم پانچ روز کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔ ہفتے کے روز ایک عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ججوں کو ان افراد کی ضمانت پر رہائی سے متعلق کسی فیصلے کے لیے مزید کم از کم پانچ روز درکار ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ جمہوریت پسندوں کا گروپ جس میں تین قانون ساز بھی شامل ہیں، اب تیرہ مارچ کو دوبارہ ہائی کورٹ میں ضمانت کے لیے پیش ہو گا۔ ہانگ کانگ میں 47 افراد کو نئے متنازعہ سکیورٹی قانون کے تحت مقدمے کا سامنا ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیش کے بانی کا دیوقامت پورٹریٹ[/pullquote]

بنگلہ دیش کے قیام کے پچاس سالہ جشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اسی مناسبت سے چاولوں کی مدد سے بانیء بنگلہ دیش شیخ مجیب الرحمان کی ایک دیوقامت تصویر بنائی گئی ہے، جسے دیکھنے اب تک سینکڑوں افراد آ چکے ہیں۔ یہ تصویر چار سو میٹر طویل ہے۔ گزشتہ برس وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے گولڈن جوبلی تقریبات کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ پچاس برس قبل پاکستان سے آزادی کی جدوجہد میں شیخ مجیب الرحمان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ آزادی کے بعد وہ پہلے ملکی سربراہ بنے تھے، تاہم سن 1975 میں فوجی بغاوت کے دوران انہیں قتل کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]موغادیشو میں بم دھماکا، کم از کم دس افراد ہلاک[/pullquote]

جمعے کی شب صومالی دارالحکومت موغادیشو میں دھماکا خیز مواد سے بھرے ایک رکشے کے پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ عسکریت پسند تنظیم الشباب نے یہ دھماکا خیز مواد سے لدا رکشہ ایک معروف ریستوان کے قریب تباہ کیا۔ مقامی پولیس کے مطابق اس واقعے میں دیگر تیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب طبی ذرائع ہلاکتوں کی تعداد کم از کم بیس بتا رہے ہیں۔ اس حملے کی ذمہ داری الشباب نے قبول کر لی ہے۔

[pullquote]گوئٹے مالا میں آتش فشاں پھر پھٹ پڑا[/pullquote]

گوئٹے مالا کا پاکایا آتش فشاں تین دونوں میں دوسری مرتبہ پھٹ پڑا ہے۔ گوئٹے مالا سٹی کے جنوب میں پچاس کلومیٹر کی دوری پر واقع یہ آتش فشاں پھٹنے کے نتیجے میں کئی دھماکے سنے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ کو بھی ایسے ہی دھماکے اور آتش فشاں سےدھوئیں کا اخراج ہوا تھا۔ مقامی ہنگامی حکام کے مطابق ڈھائی سو میٹر بلند اس آتش فشاں سے بلند ہوتا دھواں سطح سمندر سے ساڑھے پانچ ہزار میٹر کی بلندی تک جا رہا ہے، جب کہ اس سے خارج ہونے والا لاوا بھی ڈیڑھ ہزار میٹر کے علاقے میں پھیل چکا ہے۔

[pullquote]سری لنکا میں احتجاج کے بعد دو مسلمانوں کی تدفین کی اجازت[/pullquote]

سری لنکا میں کووِڈ انیس کی وجہ سے ہلاک ہونے والے دو مسلمانوں کو احتجاج کے بعد بلآخر دفن کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سری لنکا نے گزشتہ برس اپریل سے کورونا وائرس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کو جلانے کی سرکاری پالیسی اپنا رکھی تھی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس پالیسی پر داخلی اور بین الاقوامی سطح پر خاصی تنقید کی جا رہی تھی اور کولمبو حکومت پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ وہ مسلمانوں کو ان کے مذہبی شعار کے مطابق آخری رسومات کی اجازت دیے۔ بتایا گیا ہے کہ آج ایک پچپن سالہ مسلم مرد اور 66 سالہ مسلم خاتون کو اسلامی طریقہ ہائے کار کے تحت دفن کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]جرمن عدالت نے انتہائی دائیں بازو کی جماعت کی نگرانی روکنے کا حکم دے دیا[/pullquote]

جرمن شہر کولون کی ایک انتظامی عدالت نے داخلی سکیورٹی کے وفاقی ادارے کو حکم دیا ہے کہ فی الحال انتہائی دائیں بازو کی جماعت الٹرنیٹیو فار جرمنی یا اے ایف ڈی کی نگرانی کے منصوبے کو روک دے۔ عدالتی فیصلے میں داخلی نگرانی کے ادارے وفاقی دفتر برائے تحفظِ دستور بی ایف وی سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی سرگرمی سے قبل اے ایف ڈی کی جانب سے سامنے لائے گئے قانونی امور پر عدالتی فیصلے کا انتظار کرے۔ رواں ہفتے جرمن میڈیا پر کچھ رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ داخلی نگرانی کے ادارے نے اسلام مخالف اور تارکین وطن مخالف جماعت اے ایف ڈی کو ایک ’مبینہ کیس‘ کے طور دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]تیگرائی میں تشدد کے خاتمے میں اقوام متحدہ ناکام[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایتھوپیا کے علاقے تیگرائی میں جاری تشدد کے خاتمے سے متعلق ایک اعلامیے کی منظوری اب تک ممکن نہیں ہو پائی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بھارت روس اور چین کی جانب سے اس بابت بیان پر اعتراضات کے بعد یہ معاملہ ٹھہر گیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق آئرلینڈ کی جانب سے اس اعلامیے کا مسودہ تیار کیا گیا تھا، تاہم کونسل کے تین رکن ممالک کے اعتراضات کے بعد آئرلینڈ نے یہ بیان منظوری کے لیے نہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ تیگرائی میں حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیاں لڑائی کی وجہ سے لاکھوں عام افراد کو انسانی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے۔

[pullquote]سینیگال میں اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری کے بعد مظاہرے، چار افراد ہلاک[/pullquote]

سینیگال میں اپوزیشن رہنما عثمانے سونکو کی گرفتاری کے بعد جاری مظاہروں کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ امن قائم رکھنے کے لیے تمام اقدامات کرے گی۔ یہ مظاہرے ایک عدالت کی جانب سے سونکو کو گرفتار کرنے کے بعد شروع ہوئے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ مزید اشتعال انگیزی کی بجائے گفتگو کا راستہ اپنائیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے