اتوار : 21 مارچ 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں میں مزید ہلاکتیں[/pullquote]

میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف تازہ ترین احتجاجی مظاہروں میں ایک بار پھر متعدد افراد مارے گئے ہیں۔ سب سے بڑے شہر ینگوں میں چند مقامی افراد نے تصدیق کی کہ وہاں آج اتوار کو سکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ نیوز ویب سائٹ ’میانمار ناؤ‘ کے مطابق فوجی دستوں نے موگوک شہر میں دو سکیورٹی گارڈز کو ہلاک کر دیا۔ ملکی فوج کی طرف سے بڑھتے ہوئے تشدد کے باعث مظاہرین اپنے احتجاج کے طریقے بار بار بدل رہے ہیں۔ میانمار میں شہری حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ فروری کے آغاز پر ملکی فوج کی طرف سے بغاوت اور اقتدار پر قبضے کے بعد سے اب تک وہاں دو سو چالیس کے قریب مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ تقریباﹰ ڈھائی ہزار کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن کابل پہنچ گئے[/pullquote]

امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن آج اتوار کو افغانستان کے اپنے ایک دورے پر کابل پہنچ گئے۔ وہ امریکا کے پہلے افریقی نژاد وزیر دفاع ہیں اور بطور وزیر افغانستان کا یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔ اپنا موجودہ عہدہ سنبھالنے کے فوراﹰ بعد آسٹن نے کہا تھا کہ امریکا افغانستان سے اپنے فوجی انخلا میں کوئی جلد بازی بالکل نہیں کرے گا۔ لائڈ آسٹن کے مطابق امریکا اور افغان طالبان کے مابین امن معاہدے کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ فریقین اس معاہدے کی تمام شرائط کو تسلیم کریں۔ افغانستان سے امریکی فوجی انخلا اس وقت مرکزی اہمیت کا حامل موضوع ہے اور اسی لیے وزیر دفاع آسٹن کا یہ دورہ بھی بہت اہم ہے۔

[pullquote]شمال مشرقی شام میں ہسپتال پر گولہ باری، کم از کم پانچ شہری ہلاک[/pullquote]

باغیوں کے زیر کنٹرول شمال مغربی شام کے ایک شہر کے ہسپتال پر سرکاری دستوں کے زیر قبضہ علاقے سے توپ خانے سے گولہ باری کے نتیجے میں کم از کم پانچ شہری ہلاک اور طبی عملے کے متعدد ارکان زخمی ہو گئے۔ شامی اپوزیشن تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ایک گولہ مغربی حلب کے دیہی علاقے عطاریب کے ایک ہسپتال کے داخلی دروازے پر گرا۔ یہ ہسپتال زیر زمین قائم کیا گیا ہے۔ وائٹ ہیلمٹس نامی رضا کاروں کے مطابق اس گولہ باری کے نتیجے میں مرنے والوں میں ایک بچہ اور ایک خاتون بھی شامل ہیں جبکہ ہسپتال کے طبی عملے کے کئی ارکان زخمی ہو گئے۔

[pullquote]ابو سیاف گروپ کا ایک لیڈر ہلاک، انڈونیشی یرغمالی بازیاب کرا لیے گئے[/pullquote]

فلپائن کی فوج نے شدت پسند گروپ ابو سیاف کے ایک لیڈر کو ہلاک کر کے چار انڈونیشی یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔ پولیس نے آج ایک بیان میں کہا کہ پچھلے سال سے ابو سیاف گروپ کی طرف سے تاوان کے لیے یرغمال بنائے گئے چار انڈو نیشی شہریوں کو رہا کرا لیا گیا ہے اور اس کارروائی میں اس گروپ کا ایک لیڈر مارا گیا۔ فلپائنی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل وِنلُوآن کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب جنوبی صوبے تاوی تاوی کے لانگُویان نامی قصبے میں فوج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ابو سیاف گروپ کا شاہد جان نامی یہ لیڈر شدید زخمی ہو گیا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ یہ عسکریت پسند دہشت گرد گروپ ابو سیاف کی طرف سے اغوا کی کئی کارروائیوں کا سرغنہ مانا جاتا تھا۔ اس نے 2014ء میں داعش کی باقاعدہ تائید و حمایت کا اعلان بھی کیا تھا۔

[pullquote]تائیوان میں میانمار کمیونٹی کا اپنے وطن میں فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج[/pullquote]

تائیوان میں آج اتوار کے روز میانمار برادری کے سینکڑوں افراد نے تائی پے کے سینٹرل پارک میں اپنے وطن میں فوج کی طرف سے بغاوت اور اقتدار پر قبضے کے خلاف ریلی نکالی۔ مظاہرین میانمار کی فوج کا مذاق اڑاتے ہوئے اس پر تنقید کر رہے تھے۔ اپنے احتجاج کے دوران انہوں نے ہاتھوں میں سرخ اور سفید گلاب پکڑے ہوئے تھے اور وہ اپنے ملک میں فوجی کریک ڈاؤن کے دوران ہلاک ہونے والے سینکڑوں مظاہرین کی موت کا سوگ منا رہے تھے۔ تائیوان میں میانمار کے باشندوں کی آبادی تقریباﹰ 40 ہزار ہے، جن میں اکثریت چینی نسل کے شہریوں کی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں نئی کورونا انفیکشنز اور اموات کی یومیہ تعداد میں واضح اضافہ[/pullquote]

وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ادارے روبرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق گزشہ سات روز کے دوران جرمنی میں فی ایک لاکھ کی آبادی میں کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی تعداد ایک سو تین ریکارڈ کی گئی۔ صحت عامہ کے جرمن اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ روز کورونا کی نئی انفیکشنز کی تعداد 13 ہزار 7 سو 33 رہی جبکہ کووڈ انیس کے مزید 99 مریض انتقال کر گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹھیک ایک ہفتہ قبل نئی انفیکشنز کی یومیہ تعداد 10 ہزار 7 سو 90 رہی تھی اور 70 نئی ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔ یہ اعداد و شمار ہفتہ وار بنیادوں پر ملک میں اس وبا کی شدت میں واضح اضافے کا ثبوت ہیں۔

[pullquote]ہزاروں اسرائیلی باشندوں کا نیتن یاہو کے خلاف مظاہرہ[/pullquote]

اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات سے تین دن قبل 20 ہزار سے زائد شہریوں نے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے خلاف مظاہرہ کیا۔ یہ مظاہرین یروشلم میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے سامنے جمع ہوئے اور ان پر لگائے گئے بدعنوانی کے الزامات کے سبب استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ حکمران وزیر اعظم کی حیثیت سے نیتن یاہو کو رشوت، دھوکا دہی اور غبن کے مقدمات کا سامنا ہے۔ وہ ملک میں کورونا ویکسینیشن کی کامیاب مہم کی وجہ سے اپنے دوبارہ منتخب ہونے کی امید کر رہے ہیں۔ نیتن یاہو کے ناقدین نے ان پر لاک ڈاؤن کے دوران ناقص انتظامات کا الزام بھی لگایا۔ لاک ڈاؤن کے باعث ہزاروں اسرائیلی کارکن بے روزگار ہو چکے ہیں۔

[pullquote]ترک پارلیمان سے کرد نواز رکن کی گرفتاری[/pullquote]

ترک پولیس نے آج اتوار کو ایک کرد نواز رکن پارلیمان کو پارلیمنٹ کے اندر ان کی پارٹی کے ہیڈ کوارٹر سے گرفتار کر لیا۔ اس سیاستدان کا نام عمر فاروق گٰیرگَیری اولُو ہے اور وہ اپنی پارلیمانی رکنیت ختم کر دیے جانے کے خلاف بطور احتجاج چار روز سے پارلیمان کے اندر ہی رکے ہوئے تھے۔ ڈیمو کریٹک پارٹی ایچ ڈی پی کے مطابق انقرہ میں اتوار کو علی الصبح جب اس سیاسی رہنما کو پولیس نے حراست میں لیا، تو وہ شبینہ لباس اور ہوائی چپل پہنے ہوئے تھے۔ پولیس نے اس گرفتاری کے بعد ان کی پارٹی کے خلاف تازہ ترین الزامات کی تفصیلات پر مشتمل ویڈیو اور عدالتی دستاویزات بھی جاری کر دی ہیں۔ ترکی میں اس تیسری بڑی سیاسی جماعت کو کئی برسوں سے کریک ڈاؤن کا سامنا ہے۔

[pullquote]موسم خزاں تک لاک ڈاؤن کی سیاست کے خاتمے کی امید، اُوگُر شاہین[/pullquote]

جرمن شہر مائنز میں قائم دوا ساز ادارے بائیواین ٹیک کے ترک نژاد بانی اُوگُر شاہین نے اس سال موسم خزاں تک جرمنی میں مجبوراﹰ لاک ڈاؤن کی سیاست کے خاتمے کی امید ظاہر کی ہے۔ اخبار ’ویلٹ ام زونٹاگ‘ کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے شاہین نے کہا کہ متعدد یورپی ممالک اور امریکا میں شہریوں کو غالباﹰ موسم گرما کے اختتام تک لاک ڈاؤن کا سامنا رہے گا۔ شاہین نے تاہم کہا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث پیدا شدہ بحران پر قابو پانے میں کم از کم مزید ایک سال لگے گا اور کورونا وائرس مکمل طور پر ختم نہیں ہو گا۔ جرمنی میں کورونا ویکسین بنانے والی کمپنی کے بانی شاہین نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہو گا کہ آیا مستقبل میں ہر کسی کو ہر سال یا ہر پانچ سال بعد کورونا ویکسین لگوانا پڑے گی۔

[pullquote]کانگو میں آج صدارتی انتخابات ہو رہے ہیں[/pullquote]

افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں آج اتوار کے روز نئے ملکی صدر کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ اب تک 36 سال اقتدار میں رہنے والے موجودہ صدر ڈینس ساسُو اینگُواَیسو مزید ایک مرتبہ اس عہدے پر اپنے انتخاب کے خواہش مند ہیں۔ سن 2016 کے گزشتہ الیکشن کے بعد سے حزب اختلاف کی جماعتوں کو مرکزی سیاسی دھارے سے زبردستی دور کیا جا چکا ہے۔ صدر اینگُواَیسو کے دو سب سے بڑے حریف سیاستدانوں کو بیس بیس سال قید بامشقت کی سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ اینگُواَیسو پہلی بار 1979ء میں اقتدار میں آئے تھے۔ 1992ء میں وہ الیکشن ہارنے کے بعد اس عہدے سے محروم ہو گئے تھے تاہم ملک میں خانہ جنگی کے بعد 1997ء میں وہ دوبارہ صدر بن گئے تھے۔

[pullquote]السلواڈور کے صدر کی پارٹی کی پارلیمانی انتخابات میں واضح کامیابی[/pullquote]

وسطی امریکی ملک السلواڈور میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں قدامت پسند امیدوار نایِب بوکیلے کی پارٹی نے واضح اکثریت حاصل کر لی۔ ملکی الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ نتائج کے مطابق صدر کی سیاسی جماعت ’نیوواس آئیڈیاز‘ پارلیمان کی 84 میں سے 56 ایسی نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی جن پر پہلے کبھی اسے نمائندگی حاصل نہیں رہی تھی۔ اب یہ جماعت اپنی حلیف پارٹی ’گانا‘ کے ارکان کے ساتھ مل کر پارلیمان میں دو تہائی اکثریت حاصل کر لے گی اور بڑے سیاسی فیصلوں کے علاوہ ملکی سپریم کورٹ میں ججوں کی تقرری بھی کر سکے گی۔ بوکیلے کی سابقہ سیاسی جماعت ایف ایم ایل این کو موجودہ انتخابات میں بھاری نقصان ہوا اور اسے صرف چار نشستوں پر کامیابی ملی۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے